Inquilab Logo

چنئی سپرکنگز کیلئے ہمیشہ حاضر رہوں گا : ایم ایس دھونی

Updated: May 25, 2023, 11:49 AM IST | Chennai

آئی پی ایل کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کے کپتان نے کہا: میں نے ابھی تک مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ میرے پاس اس کیلئے ۸؍ سے ۹؍ مہینے ہیں

photo;INN
تصویر :آئی این این

 چنئی سپرکنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھلے ہی آئی پی ایل میں اپنے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ نہ کیا ہو لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ فرنچائزی کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔
 دھونی نے منگل کو پہلے کوالیفائر میں گجرات کے خلاف۱۵؍ رن کی جیت کے بعد کہا’’میں نے ابھی تک (آئی پی ایل میں اپنے مستقبل کا) فیصلہ نہیں کیا ہے۔ میرے پاس فیصلہ کرنے کیلئے ۸؍ سے ۹؍ مہینے ہیں۔چھوٹی نیلامی دسمبر کے آس پاس ہوگی۔ میرے پاس فیصلہ کرنے کیلئے کافی وقت ہے۔‘‘انہوںنے کہا’’میں چنئی کیلئے ہمیشہ دستیاب رہوں گا۔ اب میں میدان میں بیٹھا  ملوں گا، یہ ابھی نہیں معلوم ہے۔ سچ پوچھیں تو یہ بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ میں گزشتہ ۴؍ مہینے سے گھر سے دور ہوں۔میں ۳۱؍جنوری کو گھر سے نکلا،۲؍ یا۳؍مارچ سے پریکٹس شروع کر دی۔ یہ مشکل ہو  جاتاہے لیکن میرے پاس سوچنے کا وقت ہے۔
 چنئی نے گجرات کو شکست دے کر۱۰؍ویں بار آئی پی ایل فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ آئی پی ایل میں دھونی کا آخری سال بھی مانا جارہا ہے کیونکہ وہ گھٹنے کی چوٹ کے ساتھ پورا سیزن کھیل چکے ہیں اور چنئی میں آخری لیگ میچ کے بعد گھٹنے میں  پٹی باندھے  ہوئے نظر آئے تھے۔جب دھونی سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اتنی بار فائنل کھیلنے کے بعد اس کے عادی ہو گئے ہیں، تو انہوں نے کہا’’آئی پی ایل ایسا کہنے کیلئے بہت بڑا ہے۔ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ایک وقت میں ۸؍ ٹاپ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں  اور اب  (۱۰؍ ٹیموں کے بعد) یہ مزید مشکل ہو گیا ہے میں یہ نہیں کہوں گا کہ یہ صرف فائنل  ہی ہے۔ 
 دھونی  نے کہاکہ یہ دو ماہ سے زیادہ کی محنت ہے جو ہمیں یہاں تک لے کر آئی ہے۔ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سب نے سخت محنت کی ہے۔ مڈل آرڈر کو شاید اتنے مواقع نہ ملے ہوں، لیکن سبھی کو ضرور کرنے کا موقع ملا اور انہوں نے  ٹیم کیلئے تعاون دیا بھی ہے۔ دھونی نے کہا’’آپ وکٹ دیکھتے ہیں، آپ حالات دیکھتے ہیں اور اس کے مطابق میدان بدلتے رہتے ہیں۔ میں کبھی کبھی آپ کو ایک کپتان کے طور پر بہت پریشان کر سکتا ہوں کیونکہ میں ایک یا ۲؍ فٹ ادھر ادھر فیلڈنگ کرتا رہتا ہوں۔ تصور کریں کہ آپ فیلڈنگ کر رہے ہیں اور ہر سیکنڈ یا تیسری گیند میں آپ کو بتاتا ہوں، دو فٹ دائیں طرف بڑھو، ۳؍ فٹ دائیں طرف بڑھو۔ آپ تھوڑا ناراض ہو سکتے ہیں۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ مجھے خود پر یقین ہے۔ میں وکٹ دیکھتا ہوں اور زیادہ تر میرا منصوبہ کام کرتا  ہے۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی نے گجرات کے سامنے۱۷۳؍ رن کا ہدف دیا۔ یہ اسکور گجرات کیلئے بہت بڑا ثابت ہوا اور وہ۱۵۷؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK