• Tue, 11 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ولیمسن کا سیکڑہ، نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ پر شاندار فتح

Updated: February 11, 2025, 12:33 PM IST | Lahore

سہ ملکی یکروزہ سیریز میں نیوزی لینڈ کی ۶؍وکٹ سے فتح۔ ڈیون کونوے نے بھی ۹۷؍رن کا تعاون دیا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

کین ولیمسن (ناٹ آؤٹ ۱۳۳؍رن) کی سنچری اور ڈیون کونوے (۹۷؍ رن) کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پیر کو سہ رخی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو ۸؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۶؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ 
جنوبی افریقہ کے۳۰۴؍ رن کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے۱۰؍ویں اوور میں ول ینگ (۱۹؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کین ولیمسن نے ڈیون کونوے کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کیلئے ۱۸۷؍ رن کی شراکت قائم کی۔ سنچری کی طرف بڑھ رہے ڈیون کونوے (۹۷؍رن) کو جونیئر ڈل نے آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا دیا۔ اس کے بعد ڈیرل مشیل (۱۰؍رن) اور ٹام لاتھم (صفر) کی صورت میں نیوزی لینڈ نے ۲؍ وکٹ گنوائیں۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے گلین فلپس کین ولیمسن کے ساتھ مل کر ذمہ داری سنبھالی اور ٹیم کوجیت کی طرف لے گئے۔ نیوزی لینڈ نے۴۸ء۴؍ اوورس میں ۳۰۸؍رن بنائے اور یہ میچ ۶؍ وکٹ سے جیت لیا۔ کین ولیمسن نے۱۱۳؍ گیندوں پر ۱۳؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۱۳۳؍رن بنائے۔ گلین فلپس نے۳۲؍ گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگاکر ناٹ آؤٹ ۲۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایس متھوسامی نے ۲؍ وکٹ لئے۔ جونیئر ڈل اور ایتھن بوش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل میتھیو بریٹزکے (۱۵۰؍رن) کی سنچری اور ویان مولڈر (۶۴؍رن)کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے پیر کو سہ رخی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے ۳۰۵؍ رن کا ہدف دیا ہے۔ 
پیر کونیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی ۸؍ویں اوور میں کپتان ٹیمبا باؤما (۲۰؍رن) کو وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد جیسن اسمتھ بیٹنگ کے لیے آئے اور میتھیو بریٹزکے کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے ۹۳؍ رن کی شراکت ہوئی۔ یہ شراکت ۲۵؍ویں اوور میں ٹوٹی جب جیسن اسمتھ ۴۱؍رن آؤٹ ہو گئے۔ کائل ویرین ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ۴۶؍ ویں اوور میں میٹ ہینری نے میتھیو بریٹزکے کو بریسویل کے ہاتھوں کیچ کروا کر نیوزی لینڈ کو چوتھی کامیابی دلائی۔ میتھیوز بریٹزکے نے ۱۴۸؍ گیندوں پر ۱۱؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے ۱۵۰؍ رن بنائے۔ ویان مولڈر نے۶۰؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۶۴؍ رن بنائے۔ سینورن متھوسمی ۲؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ ۵۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر ۳۰۴؍رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری اور ولیم اور ورک نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK