گڈاکیش موتی کے بعد ایون لوئس کی طوفانی بلے بازی کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے ڈک ورتھ لیوس ضابطے کے تحت میچ جیتا۔
EPAPER
Updated: November 02, 2024, 1:01 PM IST
گڈاکیش موتی کے بعد ایون لوئس کی طوفانی بلے بازی کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے ڈک ورتھ لیوس ضابطے کے تحت میچ جیتا۔
بارش سے متاثرہ میچ میں گڈاکیش موتی (۴؍ وکٹ) کے بعد ایون لوئس (۹۴؍رن) کی طوفانی بلے بازی کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے ڈک ورتھ لیوس ضابطے کے تحت پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے سیریز میں ۰۔ ۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ گڈاکیش موتی کو ان کی عمدہ بولنگ پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
انگلینڈ کے۲۰۹؍رن کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی اوپننگ جوڑی برینڈن کنگ اور ایون وئس نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۱۱۸؍رن جوڑے۔ ۲۰؍ویں اوور میں لیام لیونگ اسٹون نے برینڈن کنگ (۳۰؍رن) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ عادل رشید نے۲۳؍ویں اوور میں سنچری کی جانب گامزن ایون لوئس کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو بڑا جھٹکا دیا۔ ایون نے۶۹؍ گیندوں پر ۸؍ چھکے اور ۵؍ چوکے لگا کر۹۴؍ رن بنائے۔ جب بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو کیسی کارٹی (ناٹ آؤٹ ۱۹؍رن) اور شائی ہوپ (ناٹ آؤٹ ۶؍رن) کریز پر موجود تھے۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور ۲۵ء۲؍ اوورس میں ۲؍ وکٹ پر۱۵۷؍ رن تھا۔ ڈک ورتھ لیوس ضابطے کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز کو ۵۵؍ گیندیں باقی رہ کر۸؍ وکٹ سے فاتح قرار دیا گیا۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام لیونگ اسٹون اور عادل رشید نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آنے والی انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں تھی اور ۹؍ویں اوور میں فل سالٹ (۱۸؍رن) کا وکٹ گنوا بیٹھا۔ اس کے بعد انگلینڈ کے وکٹ وقفے وقفے سے گرتے رہے۔ ول جیکس۱۹؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں بلے بازوں کو جیڈن سیلز نے آؤٹ کیا۔ جارڈن کاکس( ۱۷؍رن) تیسرے کھلاڑی کی شکل میں آؤٹ ہوئے۔ میتھیو فورڈ نے۱۹؍ویں اوور میں جیکب بیتھل (۲۷؍رن) کو آؤٹ کیا۔ کپتان لیام لیونگ اسٹون نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ ۴۸؍اننگز کھیلی۔ سیم کرن ۳۷؍رن، عادل رشید ۱۵؍ رن، ڈین مصلی ۸؍ اور جوفرا آرچر ۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے بولنگ اٹیک کے سامنے انگلینڈ کی پوری ٹیم۴۵ء۱؍ اوورس میں ۲۰۹؍رن پر ڈھیر ہو گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ میتھیو فورڈ، جیڈن سیلز اور الزاری جوزف نے ۲۔ ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔