• Fri, 07 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شکست کیساتھ میری کوم کا اولمپک میں سفر ختم

Updated: July 30, 2021, 2:23 PM IST | Agency | Tokyo

ہندوستانی مکے باز کولمبیا کی باکسر سے ہار گئیں،آنکھوں میں آنسو اور چہرے پر مسکراہٹ کیساتھ ایم سی میری کوم نے الوداع کہا

After defeating Mary Kom, the Colombian boxer declared her a champion.Picture:PTI
میری کوم کو شکست دینے کے بعد کولمبیالی باکسر نے انہیں چمپئن کھلاڑی قرار دیا۔۔تصویر: پی ٹی آئی

؍۶؍بار کی عالمی چمپئن ایم سی میری کوم (۵۱؍کلوگرام) کا دوسرا اولمپک میڈل جیتنے کا خواب جمعرات کو یہاں ٹوکیو اولمپک کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد چکنا چور ہو گیا۔پری کروارٹر فائنل میں ریو اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی انگرٹ لورین ویلنسیا نے میری کوم کو ۲۔۳؍سے ہرا دیا۔ممکن ہے کہ یہ میری کوم کا آخری اولمپک کھیل ہو کیونکہ بین الاقوامی باکسنگ فیڈرشین کے ضابطے کے مطابق ۴۰؍ سال سے زائد عمر کے مکے باز اولمپک کھیلوں میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں اور منی پور کی مکے باز میری کوم اس وقت ۳۸؍سال کی ہیں جبکہ آئندہ اولمپک کھیل ۲۰۲۴ء میں پیرس میں منعقد ہوگا۔یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپک میں میری کوم ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ کے ساتھ پرچم برار تھیں۔ یہ بھی میری کوم کی بدقسمتی کہی جائے کہ وہ ابتدائی ۲؍راؤنڈ جیتنے کے باوجود ہار گئیں۔ ہندوستان کی عظیم مکے باز کے ساتھ ان کے آخری اولمپک میں ایسا ہی ہوا۔مقابلے کے بعد میری کوم نے کہا کہ پہلے دور میں ہم دونوں ایک دوسرے کی حکمت عملی کو پرکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔اس کے بعد میں نے ۲؍راؤنڈ جیت لئے۔ واضح رہے کہ پہلے راؤنڈ میں ہندوستانی مکے بازایک چار سے پچھڑ گئی تھیں جس میں ۵؍میں سے ۴؍جج نے ویلنسیا کے حق میں ۹۔۱۰؍ سے فیصلہ دیا۔اگلے ۲؍راؤنڈ میں ججوں نے میری کوم کے حق میں فیصلہ دیا لیکن کُل اسکور ویلنسیا کے حق میں رہا۔ جب ریفری نے مقابلے کے آخر میں ویلنسیا کا ہاتھ اٹھاکر انہیں فاتح قرار دیا تو میری کوم کی آنکھوں میں آنسو اور چہرے پر مسکراہٹ تھی۔جس طرح سے ویلنسیا پہلی گھنٹی بجنے کے بعد بھاگی تھیں اس سے لگا تھا کہ مقابلہ زبردست ہونے والا ہے اور ہوا بھی ایسا۔شروع سے ہی دونوں مکے بازایک دوسرے پر مکے لگا رہی تھیں لیکن ویلنسیا میری کوم سے گزشتہ مقابلوں میں شکست کے بعد اس مقابلے میں کافی پُر اعتماد نظر آرہی تھیں۔کولمبیائی مکے باز کی یہ میری کوم کے خلاف پہلی کامیابی تھی۔میری کوم کی خاتون مکے بازی میں کتنی اہمیت ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب مقابلہ ختم ہوا اور میچ ریفری نے ویلنسیا کو فاتح قرار دیا تو ویلنسیا نے میری کوم کا ہاتھ اٹھاکر انہیں اپنی جانب سے خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK