پاکستان نے پہلی اننگز میں ۳۶۶؍رن بنائے۔ انگلینڈ کے ۶؍وکٹ پر ۲۳۹؍رن۔ ساجد نے ۴؍وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: October 17, 2024, 12:39 PM IST | Multan
پاکستان نے پہلی اننگز میں ۳۶۶؍رن بنائے۔ انگلینڈ کے ۶؍وکٹ پر ۲۳۹؍رن۔ ساجد نے ۴؍وکٹ لئے۔
ساجد خان (۴؍ وکٹ) کی مہلک گیند بازی کے بل بوتے پر پاکستان نے بدھ کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کے ۶؍ وکٹ ۲۳۹؍ رن پر لے کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ پاکستان کے ۳۶۶؍رن کے جواب میں انگلینڈ نے اوپنر بین ڈکٹ (۱۱۴؍رن)کی شاندار سنچری کی مدد سے ۶؍ وکٹ پر۲۳۹؍ رن بنائے۔ انگلینڈ اب بھی پاکستان سے۱۲۷؍ رن پیچھے ہے۔ انگلینڈ کے اوپنرس نے پہلے وکٹ کے لئے ۷۳؍ رن کی شراکت کرکے اچھی شروعات کی۔ نعمان علی نے۱۳؍ویں اوور میں جیک کراؤلی کو رضوان کے ہاتھوں کیچ کروا کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ کراؤلی نے۲۷؍ رن بنائے۔ ساجد خان نے نئے بلے باز اولی پوپ کو بولڈ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ اس وقت انگلینڈ کا اسکور۱۲۵؍ رن تھا۔ بلے باز اولی پوپ نے ۲۹؍ رن بنائے۔
اس کے بعد بین ڈکٹ اور جو روٹ نے تیسرے وکٹ کیلئے تحمل سے بیٹنگ کی اور ٹیم کے اسکور کو۲۱۱؍رن تک پہنچادیا جہاں ساجد نے روٹ(۳۴؍رن)کو بولڈ کرکے ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔ اسکور بورڈ پر ابھی مزید۱۳؍ رن کا اضافہ ہوا تھا جب ساجد نے ڈکٹ(۱۱۴؍رن) کو سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اسی اوور کی آخری گیند پر ساجد نے پہلے ٹیسٹ میں ملتان کے نئے سلطان بننے والے ہیری بروک (۹؍رن) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پانچواں جھٹکا دیا۔
نعمان علی نے اگلے ہی اوور میں کپتان بین اسٹوکس کو شفیق کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کو مشکل میں ڈال دیا۔ اسٹوکس نے ایک رن اسکور کیا۔ دن کے کھیل کے اختتام پر جیمی اسمتھ۱۲؍ اور بریڈن کارس ۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے ۴؍ اور نعمان علی نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل پاکستان نے منگل کو ۵؍ وکٹ پر۲۵۹؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ پاکستان کی پوری ٹیم منگل کے اسکور میں ۱۰۷؍رن کا اضافہ کرکے۳۶۶؍رن پر سمٹ گئی۔ بدھ کو دن کا پہلا وکٹ محمد رضوان (۴۱؍رن) کی صورت میں گرا۔ انہیں برائیڈن کارس نے آؤٹ کیا۔ آغا سلمان۳۱، ساجد خان ۲، عامر جمال ۳۷، نعمان علی ۳۲؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سےٹیسٹ میں قدم رکھنے والے کامران غلام نے سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے۲۲۴؍ گیندوں پر۱۱۸؍ رن کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ صائم ایوب نے۷۷؍ رن بنائے۔ لنچ کے بعد انگلینڈ کے گیند بازوں نے پاکستان کی ٹیم کو ۳۶۶؍رن کے اسکور پر ڈھیر کر دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ بریڈن کارس نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ میتھیو پوٹس نے ۲؍وکٹ لئے۔