ریڈی کے ۳؍ وکٹ اور شریانکا کے ۲؍ وکٹ کی بدولت ہندوستان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ۶؍وکٹ سے کامیابی حاصل کی
EPAPER
Updated: October 06, 2024, 9:41 PM IST | Dubai
ریڈی کے ۳؍ وکٹ اور شریانکا کے ۲؍ وکٹ کی بدولت ہندوستان نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ۶؍وکٹ سے کامیابی حاصل کی
اروندھتی ریڈی (۳؍ وکٹ) اور شریانکا پاٹل (۲؍ وکٹ) کی مہلک بولنگ کے بعد شیفالی ورما (۳۲؍رن) اور کپتان ہرمن پریت کور (ریٹائرڈ ہرٹ۲۹؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اتوار کو پاکستان کو ۷؍ گیندیں باقی رہ کر ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کو ۱۰۶؍رن کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی ہندوستانی خواتین ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے پانچویں اوور میں اسمرتی مندھانا (۷) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والی جمائمہ روڈریگیز نے شیفالی ورما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بھی بنائے۔۱۲؍ویں اوور میں عمائمہ سہیل نے شیفالی ورما کو ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ شیفالی نے۳۵؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے۳۲؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان ہرمن پریت کور نے جمائمہ کے ساتھ تیزی سے رن بنانے کی کوشش کی۔۱۶؍ویں اوور میں فاطمہ ثنا نے جمائمہ (۲۳؍رن) کو وکٹ کیپر منیبہ علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا اور اگلی ہی گیند پر رچا گھوش (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا گیا۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان میچ میں واپسی کر رہا ہے لیکن ہرمن پریت کور اور دپتی شرما نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دونوں بلے بازوں نے ہندوستان کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔۱۹؍ ویں اوور کی چوتھی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے ہرمن پریت گر کر زخمی ہو گئیں اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔ انہوں نے۲۴؍ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے ۲۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آئی سجیون سجنا نے چوکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔ ہندوستان نے۱۸ء۵؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ پر ۱۰۸؍رن بنانے کے بعد یہ میچ ۶؍ وکٹ سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ سعدیہ اقبال اور عمائمہ سہیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل اروندھتی ریڈی (۳؍ وکٹ) اور شریانکا پاٹل (۲؍وکٹ) کی مہلک گیند بازی کی وجہ سے ہندوستان نے خواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں اتوار کو پاکستان کو ۸؍ وکٹوں پر۱۰۵؍ رن پر روک دیا۔ ہندوستان کو میچ جیتنے کیلئے ۱۰۶؍ رن بنانے تھے۔