• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ویمنس ایشین چمپئن ٹرافی: ہندوستانی ٹیم نے اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا

Updated: November 13, 2024, 11:25 AM IST | Rajgir

جنوبی کوریا کے خلاف سنگیتا کماری اور دیپکا کا شاندار کھیل ، اہم مواقع پر گول کرکے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا، سنگیتا نے ایک جبکہ دیپکا نے ۲؍گول داغے۔

A scene from the India vs South Korea match. Photo: PTI.
ہندوستان اور جنوبی کوریا کے میچ کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے بہار ویمنس ایشین چمپئن ٹرافی راجگیر میں جنوبی کوریا کو۲-۳؍سے شکست دے کر اپنا دوسرا میچ بھی جیت لیا۔ راجگیر اسپورٹس کمپلیکس ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ اس دلچسپ مقابلے میں سنگیتا کماری اور دیپکا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم مواقع پر گول کئے جس سے ہندوستان کی جیت یقینی ہوگئی۔ سنگیتا کماری نے تیسرےمنٹ میں پہلا جبکہ دیپکا نے ۲۰؍ ویں اور۵۷؍ ویں منٹ میں گول کئے۔ کوریا کی جانب سے لی یوری(۳۴) اور کپتان چیون یونبی(۳۸) نے گول کیا۔ ہندوستان نے میچ کے آغاز میں ہی رفتار دکھائی جب نیہا نے مڈ فیلڈ میں گیند چھین کر نونیت کور کو دے دی۔ نونیت نے سنگیتا کماری کو گیند پاس کی جنہوں نے کوریا کے گول کیپر کم یونجی کو چکمہ دے کر ریورس شاٹ سے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ ہندوستان نے ’ہائی پریس‘ حکمت عملی کا استعمال کیا جس کی وجہ سے کوریا کے لیے گول کرنا مشکل ہوگیا جب کہ کوریا کی ڈیفنس لائن ہندوستانی فارورڈ کھلاڑیوں کیلئے مشکل بنی رہی۔ دوسرے کوارٹر میں کوریا نے جارحانہ کھیل کھیلا لیکن ہندوستان کا دفاع بھی عمدہ رہا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر اسکور۰-۲؍رہا۔ کوریا نے تیسرے کوارٹر میں واپسی کی اور لی یوری نے۳۴؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے اسکور۱-۲؍کر دیا۔ اس کے بعد کپتان چیون ایونبی نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں کئی مواقع پیدا کیے لیکن وہ برتری حاصل نہ کر سکا۔ آخری کوارٹر میں دیپکاکو پنالٹی اسٹروک پر گول کرنے کا موقع ملا۔ یہ موقع انہوں نے نہ گنوا کر۲-۳؍کی برتری حاصل کرلی۔ کوریا نے آخر تک میچ برابر کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستانی ٹیم نے اپنی ایک گول کی برتری برقرار رکھ کر میچ جیت لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK