• Sun, 17 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عالمی چمپئن ٹیم انڈیا کا ٹی ۲۰؍ سیریزپر قبضہ

Updated: November 17, 2024, 1:29 PM IST | Agency | Johnsburg

ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی ۲۰؍ میچ میں ۱۳۵؍رن سے مات دی۔ سیریز پر ۱۔۳؍ سے قابض۔ تلک ورما کی شاندارسنچری۔

Indian team defeated South Africa in T20 series. Photo: PTI
ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ٹی ۲۰؍ سیریز میں مات دی۔ تصویر :پی ٹی آئی

سنجو سیمسن (ناٹ آؤٹ۱۰۹؍رن) اور تلک ورما (ناٹ آؤٹ ۱۲۰؍ رن) کی  شاندارسنچری اننگز کے بعد عرشدیپ سنگھ (۳؍وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت  ہندوستان نے  چوتھے ٹی۲۰؍ میچ میں جنوبی افریقہ کو ۱۳۵؍ رن  سے شکست دی۔۲۸۴؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں  جنوبی افریقہ کی ٹیم۱۴۸؍  رن   بناکر آل آؤٹ ہوگئی ۔  ٹیم کا آغاز خراب رہا  اور اس نے ۳؍اوورس میں۱۰؍ رن  کے اندر۴؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ ریزا ہینڈرکس اور ہینرک  کلاسین کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ ریان رکلٹن نے  ایک اور ایڈن مارکرم نے۸؍ رن بنائے۔ ٹیم نے پاور پلے کے۶؍ اوورس میں۳۰؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے عرشدیپ سنگھ نے۳؍ وکٹ  لئے۔
  ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بے حد دباؤ میں نظرآئی اور  پہلے ہی اوور میں ایک وکٹ گنوا بیٹھی۔ ریزا ہینڈرکس کھاتہ کھولے بغیر عرشدیپ سنگھ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ اس اوور میں صرف ایک  رن بنا۔جنوبی افریقہ نے دوسرے اوور میں دوسرا وکٹ بھی جلد گنوا دیا۔ ہاردک پانڈیا نے اوور کی پانچویں گیند پر ریان رکلٹن کو کیچ آؤٹ کروا دیا۔ رکلٹن نے ایک  رن بنایا۔ عرشدیپ سنگھ نے تیسرے اوور میں لگاتار۲؍ وکٹ لئے۔ انہوں نے پانچویں گیند پر ایڈن مارکرم کو کیچ آؤٹ کروایا اور پھر چھٹی گیند پر ہینرک کلاسین ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ مارکرم نے۸؍ رن بنائے، کلاسین کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
 جنوبی افریقہ نے۹؍ویں اوور میں۵۰؍ رن مکمل کئے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے رمندیپ سنگھ کے خلاف چوکا لگا کر ٹیم کی ففٹی مکمل کی۔ اسٹبس کے ساتھ ڈیوڈ ملر بھی کریز پر موجود تھے لیکن  ملر ۱۲؍ویں اوور میں۳۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے ورون چکرورتی کے خلاف اوور میں۲؍چھکے لگائے۔ ورون نے اس کے بعد انہیں آخری گیند پر کیچ آؤٹ کروایا۔ ملر نے۲۷؍ گیندوں پر۲؍ چوکے اور۳؍چھکے لگائے۔ملر  اور اسٹبس  نے۵۰؍ رن کی شراکت کی ۔ٹرسٹن اسٹبس۱۳؍ویں اوور کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ روی بشنوئی نے انہیں پویلین بھیجا۔ اسٹبس نے۲۹؍ گیندوں پر ۴۳؍ رن بنائے۔ ان کی اننگز میں۳؍چوکے اور۲؍چھکے شامل تھے۔ ورون چکرورتی نے۱۴؍ویں اوور میں اپنا دوسرا وکٹ لیا۔ انہوں نے روی بشنوئی کے ہاتھوں اینڈیل سیمو لین کو کیچ کروا لیا۔ سیمولین نے۲؍ رن بنائے۔ اس سے قبل چکرورتی نے ڈیوڈ ملر کو بھی پویلین بھیجا تھا۔ انہوں نے۴؍ ٹی ۲۰؍ میں۱۲؍ وکٹ لئے۔
 اکشر پٹیل اننگز کے۱۶؍ویں اوور میں پہلی بار بولنگ کرنے آئے۔ انہوں نے تیسری گیند پر جیرالڈ کوٹزی کو کیچ آؤٹ کروایا۔ کوٹزی  نے۸؍ گیندوں پر  ایک  چوکا اور ایک  چھکا لگا کر۱۲؍ رن بنائے۔جمعہ کی دیر رات  ہندوستانی ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے سنجو سیمسن اور ابھیشیک شرما کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کیا اور پہلے  وکٹ کیلئے ۷۸؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں لوتھو سیپامالا نے ابھیشیک شرما کو وکٹ کیپر کلاسین  کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ ابھیشیک شرما نے۱۸؍ گیندوں پر۳۴؍ رن  کی اننگز کھیلی جس میں ۲؍ چوکے اور ۴؍ چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے  آئے تلک ورما نے سنجو سیمسن کے ساتھ۲۱۰؍ رن کی ناٹ آؤٹ  شراکت قائم کی اور میدان پر چھکے اور چوکے لگائے۔سنجو سیمسن نے۵۶؍ گیندوں پر ۹؍ چھکے اور ۶؍ چوکے مار کر ناٹ آؤٹ۱۰۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ وہیں تلک ورما نے۴۷؍ گیندوں پر۱۰؍ چھکے اور۹؍ چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ۱۲۰؍ رن کی ریکارڈ اننگز کھیلی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK