ندوستان کی اسٹار مکے باز نکہت زرین نے جمعرات کو ورلڈ ویمینز باکسنگ چمپئن شپ میں آذربائیجان کی اناخانم اسماعیلوا کو آر ایس سی (ریفری اسٹاپیج) کے ذریعے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔
ہندوستان کی اسٹار مکے باز نکہت زرین نے جمعرات کو ورلڈ ویمینز باکسنگ چمپئن شپ میں آذربائیجان کی اناخانم اسماعیلوا کو آر ایس سی (ریفری اسٹاپیج) کے ذریعے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ نکہت، جو ٹورنامنٹ کے آغاز میں خطاب کے مضبوط دعویدار تھیں، نے گھریلو مداحوں کو مایوس نہیں کیا۔ ۲۰۲۲ء کے دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی نکہت کو ۵۰؍کلوگرام کے زمرے میں اپنی حریف کو زیر کرنے میں کچھ وقت لگا لیکن ایک بار جب وہ آذربائیجان کی باکسر کے کھیل کو سمجھ گئیں تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
دفاعی چمپئن ہونے کے باوجود، غیر سیڈڈ نکہت زرین نے یہاں جارحانہ انداز میں اپنی حریف پر مکے برسائے۔ ہندوستانی باکسر کا ایسا غلبہ تھا کہ ریفری نے خانم کو ۳؍ کی گنتی پر وقت دیا اور پھر دوسرے راؤنڈ میں ہی فائٹ روک دی۔ چمپئن شپ میں غیر سیڈ ہونے پر نکہت نے کہا ’’یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ قرعہ اندازی پر منحصر ہے اور کوئی بھی سیڈ حاصل کر سکتا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن میرا ڈرا اچھا ہے اور مقابلہ آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مجھے سخت حریفوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘ واضح رہے کہ نکہت کا اگلا مقابلہ ٹاپ سیڈ اور ۲۰۲۲ءکی افریقی چمپئن رومیسا بولام سے ہوگا۔ ان کے تعلق سے نکہت نے کہا ’’ `میں اس باکسر کو جانتی ہوں لیکن ان کے خلاف کبھی نہیں کھیلی۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ہندوستان کیلئے پہلا مقابلہ لڑا اور کامیاب ہوئی ۔ امید کرتی ہوں کہ میں چمپئن شپ کا اختتام اچھی طرح کروں گی۔ ایک دیگر مقابلے میں، ساکشی (۵۲؍کلوگرام) نے پہلے راؤنڈ میں کولمبیا کی مارٹنیز ماریا جوس کو پانچ صفر سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔