Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

فائنل میں آج دہلی اور ممبئی میں مقابلہ آرائی

Updated: March 15, 2025, 12:29 PM IST | Agency | Mumbai

دہلی کیپٹلس پہلی بار ویمنز پریمیر لیگ جیتنے کیلئے پُرعزم ۔ مینگ لیننگ کی کپتانی میں ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچی تھی۔ ممبئی فائنل کیلئے تیار۔

Delhi captain Meg Lanning and Mumbai captain Harmanpreet Kaur. Photo: INN
دہلی کی کپتان میگ لیننگ اور ممبئی کی کپتان ہرمن پریت کور۔ تصویر: آئی این این

ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) ۲۰۲۵ء کے فائنل میچ میں سنیچر کو دہلی کیپٹلس اور ممبئی انڈینس کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوگا، جہاں دہلی کیپٹلس پہلی بار خطاب جیتنے کی کوشش کرے گی، وہیں سابق چمپئن ممبئی انڈینس اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
  دہلی کیپٹلس ڈبلیو پی ایل نے اس سیزن میں اپنا تسلط برقرار رکھا اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہ کر سیدھے فائنل میں جگہ بنالی۔ میگ لیننگ کی قیادت والی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سیزن میں ممبئی انڈینس کے خلاف دونوں میچ جیت کر انہیں نفسیاتی دباؤ میں رکھا۔
  ہرمن پریت کور کی قیادت والی ممبئی انڈینس گروپ مرحلے میں دوسرے نمبر پر رہی اور ایلیمینیٹر میں گجرات جائنٹس پر ۴۷؍رن کی شاندار جیت کے بعد فائنل میں داخل ہوئی۔ وہ دہلی کے خلاف اپنی پچھلی شکست کا حساب  برابر کرنے سے لے کر اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ نیٹ سیور برنٹ ممبئی کیلئے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی رہی ہیں، جنہوں نے۱۵۶؍ کے دھماکہ خیز اسٹرائیک ریٹ سے ۹؍ اننگز میں ۴۹۳؍ رن بنائے، جس میں ۵؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ہیلی میتھیوز نے۱۲۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۳۰۴؍ رن بنائے ہیں جبکہ کپتان ہرمن پریت نے۱۵۶ء۲۹؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۲۳۶؍ رن بنا کر اہم فنشر کا کردار ادا کیا ہے۔ ممبئی کی بولنگ کی بات کریں تو ہیلی میتھیوز نے ٹورنامنٹ میں۸ء۱۸؍ کے اکنامی ریٹ سے۱۶؍ وکٹ حاصل کئے ہیں  جبکہ امیلیا کیر نے بھی۸ء۰۰؍ کے اکنامی ریٹ سے۱۵؍ وکٹ لے کر اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیٹ سیور برنٹ نے۸ء۱۷؍ کی اکنامی ریٹ سے ۸؍ وکٹ لے کر بلے اور گیند دونوں کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
  دہلی کی اوپننگ بلے باز شیفالی ورما نے ۸؍ اننگز میں۱۵۸؍ کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے ۳۰۰؍ رن بنائے ہیں۔ میگ لیننگ نے۱۱۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۲۶۳؍ رن بنائے ہیں۔ جیس جانسن نے لوئر آرڈر میں۱۵۵ء۶۸؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۳۷؍ رن بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گیند بازی میں جانسن اور شیکھا پانڈے۱۱۔۱۱؍وکٹ کے ساتھ دہلی کی سب سے زیادہ وکٹ لینے والی کھلاڑی رہی ہیں، جب کہ اینابیل سدرلینڈ اور ماریجن کپ نے مشترکہ ۱۴؍ وکٹ لے کر اہم معاون کردار ادا کئے ہیں۔
  خیال کیا جاتا ہے کہ بریبورن اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کیلئے خاص طور پر پہلی اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ تاہم، توقع کی جاتی ہے کہ میچ کے آگے بڑھنے کے ساتھ پچ سے سلو گیند بازوں کو مدد ملے گی۔ اس سیزن میں اس مقام پر کھیلے گئے تینوں میچ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی ہے ، اس لئے یہاں ٹاس اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ ان تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK