بنگلور کی ٹیم نے گزشتہ میچ میں ۲۰۰؍ سے زائد رن کا ہدف حاصل کیا تھا اور وہ دہلی کیپٹلس کے خلاف ایسا ہی مظاہرہ کرنا چاہے گی۔
EPAPER
Updated: February 17, 2025, 12:55 PM IST | Agency | Vadodara
بنگلور کی ٹیم نے گزشتہ میچ میں ۲۰۰؍ سے زائد رن کا ہدف حاصل کیا تھا اور وہ دہلی کیپٹلس کے خلاف ایسا ہی مظاہرہ کرنا چاہے گی۔
اپنے ابتدائی میچوں میں متضاد کامیابی حاصل کرنے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور دہلی کیپٹلس پیر کو بڑودہ میں ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہونے پر اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیں گے۔ دفاعی چمپئن آر سی بی نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں گجرات جائنٹس کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ دہلی کیپٹلس نے ممبئی انڈینس کے خلاف آخری گیند پر کامیابی حاصل کی۔
اچھی شروعات سے دونوں ٹیموں کے حوصلے بلند ہیں لیکن آر سی بی کی ٹیم خاص طور پر بلے بازی اور گیند بازی میں زیادہ متوازن نظر آتی ہے اور اس لئے وہ اس میچ کا آغاز جیت کے مضبوط دعویدار کے طور پر کرے گی۔ آر سی بی کی بیٹنگ یونٹ کی طاقت اس حقیقت سے ظاہر ہوتی ہے کہ اس نے۲۰۰؍ سے زیادہ رن کا ہدف بڑی آسانی کے ساتھ حاصل کر لیا۔
اسمرتی مندھانا کی قیادت والی ٹیم اس کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کرے گی۔ آر سی بی کو راگھوی بشٹ اور کانیکا آہوجا جیسے نوجوان کھلاڑیوں نے تقویت بخشی ہے جو مندھانا، ایلیس پیری، رچا گھوش اور ڈینی وہاٹ کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے گھل مل گئے ہیں۔ راگھوی اور کانیکا نے پہلے میچ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم آر سی بی کے گیند بازوں کو سخت گیند بازی کرنی ہوگی۔ بولنگ میں پیری کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ یہ اسٹار آسٹریلوی آل راؤنڈر انجری کے باعث ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں بولنگ نہیں کر سکیں گے۔
دہلی کیپٹلس کے پاس بہت مضبوط بیٹنگ لائن اپ ہے اور آر سی بی کے گیند بازوں کو ان پر قابو پانے کیلئے اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔ دہلی کی بیٹنگ یونٹ میں کپتان میگ لیننگ، اینابیل سدرلینڈ، شیفالی ورما، جمائمہ روڈریگیز، ایلس کیپسی اور سارہ برائس جیسے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی قسم کے حملے کو توڑ سکتے ہیں۔ تیز گیند باز شیکھا پانڈے کی قیادت میں دہلی کی بولنگ یونٹ نے آخری میچ میں ممبئی انڈینس کو۱۶۴؍ رن تک محدود کر کے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ اس رفتار کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ دہلی کی ٹیم کی اسٹار کھلاڑی نکی پرساد بھی بنگلور کے خلاف اچھی کارکردگی پیش کرنے کی پوری کوشش کریں گی۔
ڈبلیو پی ایل: متنازع رن آؤٹ پر تنازع، ایڈورڈس نے ممبئی کی شکست کے بعد امپائرنگ پر سوال اٹھائے
ممبئی انڈینس کی کوچ شارلٹ ایڈورڈس نے رن آؤٹ کے متنازع فیصلوں پر تنقید کی جنہوں نے ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں دہلی کیپٹلس کے ہاتھوں آخری گیند پر ۲؍ وکٹ سے اپنی ٹیم کی شکست دیکھی، نے کہا کہ ایسے فیصلوں کو سمجھنا واقعی مشکل ہے جو میچ کے حتمی نتائج کو متاثر کرتے ہیں۔ رن آؤٹ کے ۳؍ متنازع فیصلے ممبئی انڈینس کے خلاف گئے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہلی جیتنے میں کامیاب رہی۔
تھرڈ امپائر گایتری وینوگوپالن نے دہلی کی ۳؍ بلے بازوں رادھا یادو، اروندھتی ریڈی اور شیکھا پانڈے کو بیلز کی روشنیاں آن ہونے کے باوجود ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ تھرڈ امپائر کے ان فیصلوں نے بالآخر میچ کے نتیجے میں اہم کردار ادا کیا۔ ممبئی کی قریبی شکست کے بعد، انگلینڈ کے دو بار ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ایڈورڈس نے کہاکہ `آپ کو بہت پرسکون رہنا ہوگا۔ یہ واقعی مشکل ہو جاتا ہے جب زیادہ تر فیصلوں کے لئے تھرڈ امپائر کی مدد لی جاتی ہے۔ پھر میچ کا نتیجہ بڑی اسکرین پر نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ `یہ ہضم کرنا واقعی مشکل ہے لیکن میں اس گیم سے کافی عرصے سے وابستہ ہوں۔