ہندوستانی ٹیم کے اوپنر بلے باز یشسوی جیسوال نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنا کر ریکارڈس کے ساتھ ملک کے چند بہترین کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2024, 11:25 AM IST | Perth
ہندوستانی ٹیم کے اوپنر بلے باز یشسوی جیسوال نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنا کر ریکارڈس کے ساتھ ملک کے چند بہترین کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔
یشسوی جیسوال کی آسٹریلیا کی سرزمین پر یہ پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی سنچری ہے۔ انہوں نے اپنی یہ سنچری۲۰۵؍ گیندوں پر چھکا لگا کرمکمل کی۔ انہوں نے اپنی اس سنچری اننگز میں ۳؍ چھکے اور ۸؍ چوکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے سنیل گاوسکر(۱۹۷۷ء)، سچن تینڈولکر(۱۹۹۲ء) اور وراٹ کوہلی(۲۰۱۸ء)، کے ایل راہل (۱۵۔ ۲۰۱۴ء) کے بعد اگلی نسل کے بلے باز بن گئے ہیں۔ آخری بار کے ایل راہل نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ۱۵۔ ۲۰۱۴ء کی سیریز کے دوران۱۱۰؍ رن بنائے تھے۔ یشسوی جیسوال پہلے۱۵؍ ٹیسٹ میں ۱۵۰۰؍ رن بنانے والے پہلے ایشیائی بلے باز بن گئے ہیں۔ وہ چتیشور پجارا کے بعد۱۵۰۰؍ ٹیسٹ رن بنانے والے دوسرے سب سے تیز ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ۲۸؍ اننگز میں انجام دیا۔ یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل نے۲۰۱؍ رن کی شراکت قائم کرکے ایک نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان (جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا) ممالک میں ہندوستان کیلئے تیسری سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
ایک کرکٹ تجزیہ کار کے مطابق ’’پرتھ میں سنچری بنانا کوئی معمولی کارنامہ نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس نے تاریخی طور پر نسل کے عظیم کھلاڑیوں کی آمد کو نشان زد کیا ہے۔ ‘‘ ۲۰۲۴ء میں جیسوال کی کارکردگی ان کی پختگی اور رن کی بھوک کی عکاسی کرتی ہے، جو انہیں ہندوستان کی بیٹنگ لائن اپ میں ایک اہم کھلاڑی بناتی ہے۔ جیسے جیسے وہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی شبیہ چھوڑتے جارہے ہیں، بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ ایک شاندار کریئر کا آغاز ہے۔