ہندوستانی ٹیم نے۱۷؍سال بعد ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ جیتا، اس کے بعد ہندوستان نے پیرس اولمپکس میں ۶؍ تمغے جیتے، پیرس پیرا لمپکس میں ۲۹؍ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔
EPAPER
Updated: December 29, 2024, 10:42 AM IST | New Delhi
ہندوستانی ٹیم نے۱۷؍سال بعد ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ جیتا، اس کے بعد ہندوستان نے پیرس اولمپکس میں ۶؍ تمغے جیتے، پیرس پیرا لمپکس میں ۲۹؍ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔
۲۰۲۴ءختم ہونے میں چند دن باقی ہیں۔ کھیل کے میدان میں ہندوستان کیلئے یہ سال کھیلوں کے حوالے سے بہت اچھا رہا۔ ہندوستانی ٹیم نے۱۷؍سال بعد ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ جیتا۔ اس کے بعد ہندوستان نے پیرس اولمپکس میں ۶؍ تمغے جیتے۔ ہندوستانی ٹیم نے پیرس پیرا لمپکس۲۰۲۴ء میں بھی تاریخ رقم کی۔
ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں کا میابی
ٹی ۲۰؍ عالمی کپ میں ہندوستان نے۱۷؍ سال بعدٹرافی اپنے نام کی۔ بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنسنی خیز فائنل میچ میں ہندوستان نے صرف ۷؍ رن کے فرق سے جیت حاصل کی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۷؍ وکٹ پر۱۷۶؍رن بنائےجس میں وراٹ کوہلی کے ۷۶؍ رن کی اہم اننگ شامل تھی۔ جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا کی عمدہ گیندبازی کی بدولت ہندوستان جنوبی افریقہ کو۱۶۹؍رنوں پر روکنے میں کامیاب رہا۔ اس فتح کے ساتھ ہندوستان نے ۱۱؍ سال تک کوئی آئی سی سی ٹورنامنٹ نہ جیتنے کا جمود توڑ دیا۔ اس کے ساتھ وراٹ کوہلی اورروہت شرما نے ٹی ۲۰؍کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا جبکہ یہ ہندوستان کے ہیڈ کوچ کے طورپر راہل گاندھی کا بھی آخری ٹورنامنٹ رہا۔ ان کے بعد گوتم گمبھیرٹیم کے ہیڈ کوچ بنائے گئے۔
پیرس اولمپکس اور پیرا لمپکس
ہندوستان نے پیرس اولمپکس(۲۶؍ جولائی تا۱۱؍ ا گست ۲۰۲۴ء) میں ۶؍ تمغے جیتے جن میں ایک چاندی اور۵؍ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ نیرج چوپڑا نے جیولین تھرو میں ہندوستان کا چاندی کا تمغہ دلایا۔ ہاکی میں ہندوستان نے اسپین کو ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پیرس پیرالمپکس۲۰۲۴ء کا آغاز۲۸؍اگست سے ہوا۔ ۸؍ ستمبر تک جاری رہنے والے ان گیمز میں اب تک سب سے زیادہ۸۴؍کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اورہندوستانی ایتھلیٹس نے اب تک سب سے زیادہ ۲۹؍تمغے جیتے۔ ہندوستان نے پیرس پیرالمپکس۷؍ گولڈ میڈل، ۹؍سلور میڈل اور۱۳؍کانسےکے تمغے جیتے۔ اس سے قبل ٹوکیو پیرالمپکس۲۰۲۰ء میں ۵۴؍ایتھلیٹس نے ۱۹؍تمغے جیتے تھے۔ ہندوستان نے پیرا لمپکس میں اب تک کل۶۰؍تمغے جیتے ہیں۔ ان میں سونے کے ۱۶؍، چاندی کے ۲۱؍ اور کانسے کے ۲۳؍ تمغے شامل ہیں۔ پیرا ولمپکس گیمز کا آغاز۱۹۶۰ء میں ہوا اور ہندوستان نے پہلی بار۱۹۶۸ء میں ان کھیلوں میں حصہ لیا تھا۔ تاہم ہندوستان کو پہلا تمغہ ۱۹۷۲ء میں ملا۔ مرلی کانت پیٹکر۱۹۶۵ء ہند -پاک جنگ کے ہیرو ملک کے پہلے پیرا لمپکس تمغہ جیتنے والے ہیں۔ انہوں نے ۱۹۷۲ء کے ہیڈلبرگ گیمز میں مردوں کے ۵۰؍میٹر فری اسٹائل۳؍ایونٹ میں تیراکی میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ ہندوستان کو۱۹۸۴ء کے پیرالمپکس میں ۴؍ تمغے ملے تھے۔