• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوسف پٹھان کاکرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان

Updated: February 27, 2021, 2:18 PM IST | Agency | New Delhi

ٹیم انڈیا کے کھلاڑی نے ٹویٹر پر سبکدوشی کا اعلان کیا اور کہا : اب اپنی اننگز کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے اور میں سبھی افراد کا شکرادا کرتا ہوں جنہو ںنے میرا تعاون کیا

Yusuf Pathan - Pic : INN
یوسف پٹھان ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے آل راؤنڈر یوسف پٹھان نے جمعہ کوکرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ  کا اعلان کردیا۔ یوسف پٹھان نے ٹویٹر پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔انہوںنے کہاکہ اب اپنی اننگز کو فل اسٹاپ لگانے کا وقت آگیا ہے۔ 
 ۳۸؍سالہ آل راؤنڈر نے کرکٹ کے تمام فارمیٹ  سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ٹویٹ کیا’’میں سبھی طرح سے حمایت کرنے اور محبت دینے کے لئے اپنے کنبے، دوستوں ،  مداحوں ، ٹیم ، کوچوں اور ملک کا پورے دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب  مستقبل میں بھی میری حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ مجھے آج بھی وہ دن یادہے جب میں نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی جرسی پہنی تھی اور میدان پر اترا تھا۔اس وقت میں نے جرسی نہیں پہنی تھی بلکہ سبھی افراد کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی تھی۔ ٹیم انڈیا کیلئے دو ورلڈ کپ جیتنا میرے کریئر کا بہترین اور یادگار لمحہ تھا۔  
 یوسف نے اپنے کرکٹ کریئر میں ۵۷؍ ون ڈے اور۲۲؍ ٹی ۲۰؍انٹرنیشنل  میچ کھیلے۔ انہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کل۸۱۰؍ رن  اور ٹی ۲۰؍ میں۲۳۶؍ رن بنائے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے کریئر کا سب سے اہم وقت۲۰۱۰ء میں تھا جب انہوں نے بنگلور میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ۱۲۳؍ رن بنائے تھے۔ اس میچ میں ہندوستان۳۱۶؍ رن کے  ہدف کا تعاقب کرنے اترا تھا۔  یوسف پٹھان نے آف اسپن گیندبازی بھی کی تھی اور بین الاقوامی کرکٹ میں ۴۶؍ وکٹ  بھی لئے۔
 یوسف ۲۰۰۷ءمیں ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ اور۲۰۱۱ء  میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے ۔ یوسف۱۲؍ سال تک انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا بھی حصہ رہے۔ وہ آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور کولکاتانائٹ رائڈرس کے لئے کھیلے۔ انہوں نے آئی پی ایل میں مجموعی طور پر۳۲۰۴؍ رن  بنائے اور۴۲؍ وکٹ  لئے۔
 یوسف نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے کریئر   کی شروعات ۰۲۔۲۰۰۱ءمیں کی تھی ۔ وہ۰۲۔۲۰۰۱ء کے گھریلو سیزن میں سوراشٹر کے خلاف  بڑودہ کے لئے کھیلے تھے۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مجموعی طور پر ۴۸۰۰؍ رن بنائے اور۲۰۱؍ وکٹ  لئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK