سابق تیز گیندباز کوآئی پی ایل کی ٹیم نے اہم عہدہ دیا۔ گوتم گمبھیر کے جانے کے بعد یہ جگہ خالی تھی
EPAPER
Updated: August 28, 2024, 10:09 PM IST | Kolkata
سابق تیز گیندباز کوآئی پی ایل کی ٹیم نے اہم عہدہ دیا۔ گوتم گمبھیر کے جانے کے بعد یہ جگہ خالی تھی
ہندوستانی ٹیم کے سابق تیز گیند باز ظہیر خان نے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) میں بطور مینٹور شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ اعلان گروپ چیئرمین اور ایل ایس جی فرنچائزی کے مالک ڈاکٹر سنجیو گوینکا نے بدھ کو کولکاتا میں آر پی ایس جی گروپ کے ہیڈکوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ظہیر خان کا کہنا تھا کہ وہ ایل ایس جی ٹیم کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ بولنگ کوچنگ کا خلا بھی پر کریں گے۔
ڈاکٹر گوینکا نے کہا کہ ظہیر خان کے ساتھ ساتھ ایل ایس جی کے کھلاڑی آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں زبردست مقابلہ کریں گے۔ ٹیم کے بیک روم اسٹاف میں ان کا شامل ہونا ایک نئی رفتار لائے گا کیونکہ وہ ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط کوچنگ ٹیم کے ساتھ جڑے ہیں۔ اس ٹیم میں لانس کلوزنر، ایڈم ووجز اور جونٹی رہوڈس شامل ہیں۔
ظہیر نے کہا کہ آئی پی ایل میں لکھنؤ سپر جائنٹس کا سفر محض ۳؍ سال کا ہے جس میں دو بار ٹیم نے پلے آف میں جگہ بنائی اور حریفوں کو سخت چیلنج دیا۔ اب ٹیم کو آگے لے جانے کے حوالے سے کوششیں کی جائیں گی۔ ظہیر نے کہا کہ انہیں لکھنؤ آئے کافی عرصہ ہو گیا ہے۔ اب ان کا لکھنؤ سے خاص تعلق ہے، اس لیے وہ جلد ہی لکھنؤ آئیں گے۔ آر پی ایس جی گروپ کے وائس چیئرمین شاسوت گوینکا نے ظہیر خان کو لکھنؤ سپر جائنٹس میں شامل ہونے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی آمد سے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے اگلے سیزن کی تیاریوں میں بہت مدد ملے گی۔