Inquilab Logo Happiest Places to Work

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے۴؍سال بعد ٹیسٹ میچ جیتا

Updated: April 24, 2025, 12:29 PM IST | Agency | Sylhet

زمبابوے نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو ۳؍وکٹ سے شکست دی۔ زمبابوے کی ٹیم سیریز میں ۰۔۱؍ سے آگے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

بلیسنگ مزارابانی (۶؍ وکٹ) کے بعد برائن بینیٹ (۵۴)، بین کیورن (۴۴) اور ویسلے مادھویرے (ناٹ آؤٹ۱۹؍ رن) کی شاندار اننگز کی بدولت زمبابوے نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بدھ کو بنگلہ دیش پر ۳؍ وکٹ سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ زمبابوے نے ۴؍ سال بعد ٹیسٹ میچ جیتا ہے اور ۶؍ سال بعد بنگلہ دیش کو اس کے گھر پر شکست دے کر یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی زمبابوے نے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔  
 ۱۷۴؍رن کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی اوپننگ جوڑی برائن بینیٹ اور بین کیورین  نے پہلے وکٹ کی ریکارڈ شراکت(۹۵ ) کی۔ مہدی حسن  نے بین  (۴۴) کو آؤٹ کر کے شراکت توڑی۔ تیج الاسلام نے اس کے بعد نک ویلچ (۱۰) کو اسٹمپ کے پیچھے کیچ کروایا۔ شان ولیمز (۹) کو  مہدی حسن نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد  انہوں نے برائن بینیٹ (۵۴) کو آؤٹ کر کے میچ میں اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ تیج الاسلام نے بنگلہ دیش کو ۵؍ویں کامیابی دلائی جب انہوں نے کپتان کریگ ارون (۱۰) کو وکٹ کیپر ذاکر علی کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ نیاشا مایاوو (ایک) اور ویلنگٹن مساکدزا (۱۲) کو مہدی حسن  نے بولڈ کیا۔ لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ زمبابوے نے۵۰ء۱؍ اوور میں ۷؍ وکٹ  پر۱۷۴؍رن بنا کر ۳؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ویسلے مادھویرے (۱۹ ) اور رچرڈ اینگاروا (۴) ناٹ آؤٹ رہے۔  بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن   نے ۵؍ اور تیج الاسلام نے  ۲؍وکٹ لئے۔
 اس سے قبل  بلیسنگ مزارابانی (۶؍ وکٹ  ) کی جارح گیند بازی کی بدولت زمبابوے نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بدھ کو دوسری اننگز میں۲۵۵؍ رن  پر سمیٹ دیا۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر زمبابوے کو جیت کیلئے ۱۷۴؍ رن بنانے ہوں گے۔
 بنگلہ دیش نے منگل کے  کے اسکور ۴؍ وکٹ پر ۱۹۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔بلیسنگ مزارابانی نے صبح کے سیشن میں کپتان نجم الشانتو (۶۰؍رن) کو آؤٹ کر کے زمبابوے کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد مہدی حسن معراج (۱۱؍رن) بلے بازی کیلئے آئے اور وہ بھی مزارابانی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ بدھ کو بنگلہ دیش نے زمبابوے کی جارح بولنگ کے سامنے۶۱؍ رن  پر ۶؍ وکٹ گنوا دیئے۔ رچرڈ اینگاروا نے تیج الاسلام (ایک) کو آؤٹ کیا۔ حسن محمود (۱۲؍رن)، خالد احمد (صفر) کو ویلنگٹن مساکدزا نے آؤٹ کیا۔ اس دوران ذاکر علی ایک کنارے پر ڈٹ کر رن بناتے رہے اور انہوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ مزارابانی نے۸۰؍ ویں اوور کی دوسری گیند پر ذاکر علی (۵۸؍رن) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کی اننگز۲۵۵؍رن پر سمیٹ دی۔زمبابوے کو جیت کیلئے ۱۷۴؍ رن بنانے کی ضرورت ہے۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی نے ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ ویلنگٹن مساکدزا نے ۲؍ وکٹ  لئے۔ وکٹر نیاؤچی اور رچرڈ اینگاروا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں۱۹۱؍رن بنائے تھے۔ زمبابوے نے پہلی اننگز میں۲۷۳؍ رن بنا کر۸۲؍ رن کی برتری حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK