میزبان زمبابوے نے ٹی ۲۰؍ میچ ۱۳؍رن سے جیت لیا۔ سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی ۔۳؍وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: July 07, 2024, 12:06 PM IST | Agency | Harare
میزبان زمبابوے نے ٹی ۲۰؍ میچ ۱۳؍رن سے جیت لیا۔ سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی ۔۳؍وکٹ لئے۔
کپتان سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت زمبابوے نے سنیچر کو کھیلے جانےوالے پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں ہندوستان کو ۱۳؍ رن سے شکست دے کر تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
بلے بازوں کیلئے مشکل پچ پر۱۱۶؍ رن کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی بیٹنگ ناکام رہی۔ زمبابوے کی بولنگ کے سامنے ہندوستانی بلے باز ’تو چل میں آیا‘ کے سُر پر پویلین لوٹتے رہے اور پوری ٹیم ۱۹ء۵؍ اوور میں ۱۰۲؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان شبھمن گل نے۲۹؍ گیندوں پر۳۱؍ رن کی سب سے زیادہ بڑی اننگز کھیلی، جس میں ۵؍ چوکے تھے۔ ۱۱؍ویں اوور میں سکندر رضا نے گل کو بولڈ کر کے میچ کا رخ ہی بدل دیا تاہم اس کے بعد واشنگٹن سندر اور اویس خان نے ایک بار پھر کم بیک کیا اور میچ کا رخ ہندوستان کے حق میں کر دیا۔ اویس نے۱۲؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۱۶؍ رن بنائے۔ واشنگٹن سندر نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر ۲۷؍ رن بنائے۔ ہندوستان کے ۸؍ بلے باز دُہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ یہ زمبابوے کی ٹی۲۰؍ میچ میں ہندوستان کے خلاف تیسری جیت ہے۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور ٹینڈئی چتارا نے ۳۔ ۳؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔
اس سے قبل آج ہرارے اسپورٹس کلب میں ہندوستانی کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آنے والے زمبابوے کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں مکیش کمار نے انوسینٹکائیا (صفر) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ویزلی مادھویرے اور برائن بینیٹ نے دوسری وکٹ کیلئے۳۴؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں روی بشنوئی نے برائن بینیٹ (۲۲) کو بولڈ کرکے زمبابوے کو دوسرا جھٹکا دیا۔ بشنوئی نے ویزلی مادھویرے (۲۱) کو بھی بولڈ کر کے ۸؍ویں اوور میں پویلین بھیج دیا۔ کپتان سکندر رضا (۱۷) اور ڈیون مائر (۲۳) بھی آؤٹ ہوئے۔ کلائیو مڈانڈے نے۲۹؍ رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بولنگ کے سامنے زمبابوے کے ۵؍ بلے باز اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ روی بشنوئی (۴؍ وکٹ) اور واشنگٹن سندر (۲؍ وکٹ ) کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے ہندوستان نے زمبابوے کو مقررہ۱۱۵؍رن تک محدود کر دیا۔
میچ کے بعد زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہاکہ ٹیم کو مضبوط ٹیم کے خلاف فاتح بناکر بہت خوشی ہورہی ہے۔ میرے خیال میں ہمیں ایک کامیابی پر زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آج پہلا ٹی ۲۰؍ میچ تھا۔ ابھی سیریز ختم نہیں ہوئی ہے اور ہندوستانی ٹیم جوابی حملہ ضرور کرے گی۔ میرے خیال میں ہماری ٹیم کے گیندبازوں نے بہت اچھی بولنگ کی کیونکہ یہ پچ بلےبازی کے لحاظ سے اچھی تھی۔ میں نے کھلاڑیوں سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ نتیجہ کی پروا کئے بغیر اپنا فطری کرکٹ کھیلیں گے اور ٹیم کو فاتح بنائیں۔