Inquilab Logo

ہندوستان سب سے بڑی جمہوریت اور رنگا رنگ تہذیب ہے

Updated: January 21, 2023, 2:16 PM IST | Uzma Muhammad Farooq | Mumbai

؍ ۲۶جنوری کا دن ہمارے ملک ہندوستان کی تاریخ میں نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی دن ہمارے ملک کا آئین نافذ ہوا اس سے قبل ہمارا ملک ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء میں انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہم اپنی سانسیں تیرے نام کرتے ہیں
اے وطن ہم تیری عظمت کو سلام کرتے ہیں
؍ ۲۶جنوری کا دن ہمارے ملک ہندوستان کی تاریخ میں نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی دن ہمارے ملک کا آئین نافذ ہوا اس سے قبل ہمارا ملک ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء میں انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا۔ اگرچہ ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ہندوستان آزاد ہوگیا لیکن ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ء کو آزاد جمہوری ملک بن گیا۔
 بے شک اسی دن کے لئے ہی گاندھی جی، مولانا آزاد، جواہر لعل نہرو، خان عبدالغفار خان، نیتا جی سبھاس چندر بوس، اشفاق اللہ خاں جیسے عظیم رہنماؤں کی قیادت میں ہزاروں لاکھوں ہندوستانی عوام نے بلا امتیاز مذہب و ذات آزادی کے پرچم کو بلند کیا اور اتحاد و اتفاق کے ذریعے انگریزوں سے مقابلہ کیا اور انہیں ہندوستان چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔
 آج کا دن ہمیں انہیں بزرگوں اور عظیم رہنماؤں کی قربانیوں اور ان کے مقاصد کی یاد دلاتا ہے۔ ہمارے بزرگوں نے آزادی اور جمہوریت کا جو خواب دیکھا تھا وہ شرمندہ تعبیر تو ہوا تاہم، ہمارے سامنے آزادی، اخوت اور مساوات کا عظیم تصور تشنۂ عمل ہے۔ اس ملک کے تمام باشندوں کو مل جل کر رہنا ہوگا اور بھائی چارگی کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہمارا ملک آج گو نا گوں مسائل سے دو چار ہے۔ یہ ہمارے لئے لمحۂ فکریہ ہے۔
 بلاشبہ ہم نے شدید مزاحمتوں کے باوجود اپنے گنگا جمنی، وفاقی اور جمہوری کردار کا زبردست تحفظ کیا ہے۔ ٹیکنالوجی، صنعت و حرفت، نقل و حمل، اطلاعاتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہمارے ملک نے اہم کردار ادا کیا ہے لیکن ہمارے سامنے عدم مساوات، بے روزگاری، پسماندگی اور ناخواندگی وغیرہ کا عفریت کھڑا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم اس دور کے تقاضوں کو بھی دیکھیں اور ملک کی ترقی اور کامرانی کے صحیح راستوں کا تعین کریں۔
 ہمارا ملک صوفی، سنتوں اور درویشوں کا ملک ہے جنہوں نے ہمیشہ امن و آشتی، صلح اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی اپنی سطح پر اور اپنی اپنی بساط کے مطابق ان اُصولوں کو اپنا لیں جو ہمارے بزرگوں نے ہمیں عطا کئے ہیں۔
 ہندوستان دُنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور رنگا رنگ تہذیب ہے۔ یہ ملک ہر مذہب، ہر طبقے، ہر خطے اور ہر کلچر کا ایک ایسا سر چشمہ ہے جہاں سے انسانیت کے سوتے پھوٹتے ہیں اور صدیوں سے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کو سیراب کر رہے ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ انسانیت، امن و آشتی، آپسی بھائی چارے اور پیار و محبت کے اس پیغام کو گھر گھر عام کریں جو ہمارے بزرگوں سے ہمیں وراثت میں ملا ہے اور جس کے ہم امین اور وارث ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK