Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بیربل کی دانشمندی

Updated: March 08, 2025, 12:56 PM IST | Khan Muzaffar Ali | Mumbai

اکبر اور بیربل سے متعلق ایک واقعہ بہت مشہور ہے۔ ایک رات کو جب بادشاہ اور بیربل بھیس بدل کر شہر کا گشت کر رہے تھے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

اکبر اور بیربل سے متعلق ایک واقعہ بہت مشہور ہے۔ ایک رات کو جب بادشاہ اور بیربل بھیس بدل کر شہر کا گشت کر رہے تھے۔ دونوں کا گزر ایک حجام کی جھوپڑی کے پاس سے ہوا۔ حجام جھوپڑی کے باہر چار پائی پر بیٹھا حقہ پی رہا تھا۔ اکبر نے اس سے پوچھا، ’’بھائی یہ بتاؤ کہ آج کل اکبر بادشاہ کے راج میں لوگوں کا کیا حال ہے؟‘‘
 حجام نے فوراً جواب دیا، ’’کیا بات ہے ہمارے اکبر بادشاہ کی اس کے راج میں ہر طرف امن چین اور خوشحالی ہے۔ لوگ عیش کر رہے ہیں۔ ہر دن عید ہے ہر رات دیوالی ہے۔‘‘
 حجام کی باتیں سن کر وہ دونوں آگے بڑھ گئے۔ اکبر نے بیربل سے فخریہ لہجے میں کہا، ’’دیکھا تم نے ہماری سلطنت میں رعایا کتنی خوش ہے۔‘‘ بیربل نے عرض کیا، ’’بیشک جہاں پناہ آپ کا اقبال بلند ہے۔‘‘ چند روز بعد پھر ایک رات دونوں کا گزر اسی مقام سے ہوا۔ اکبر نے حجام سے پھر پوچھا، ’’کیسے ہو بھائی؟‘‘ حجام نے چھوٹتے ہی کہا، ’’اجی حال کیا پوچھتے ہو، ہر طرف تباہی بربادی ہے۔ اس اکبر بادشاہ کی حکومت میں ہر آدمی دکھی ہے۔ ستیاناس ہو، اس منحوس بادشاہ کا۔‘‘ اکبر حیران رہ گیا کہ یہی آدمی کچھ دن پہلے بادشاہ کی اتنی تعریف کر رہا تھا اور اب ایسا کیا ہوگیا؟ جہاں تک اس کی معلومات کا سوال تھا عوام کی بدحالی اور پریشانی کی اطلاع اسے نہیں تھی۔
 اکبر نے حجام سے پوچھا، ’’لوگوں کی تباہی اور بربادی کی وجہ کیا ہے؟‘‘ حجام کوئی وجہ بتائے بغیر حکومت کو برا بھلا کہتا رہا۔ اکبر اس کی بات سے پریشان ہوگیا۔ الگ جا کر بادشاہ نے بیربل سے پوچھا، ’’آخر اس شخص نے یہ سب کیوں کہا؟‘‘ بیربل نے جیب سے ایک تھیلی نکالی اور بادشاہ سے کہا۔ اس میں ۱۰؍ اشرفیاں ہیں دراصل میں نے ۲؍ دن پہلے اس کی جھوپڑی سے چوری کروا لی تھی۔ جب تک اس کی جھوپڑی میں مال تھا اسے بادشاہ، حکومت سب کچھ اچھا لگ رہا تھا۔ وہ اپنی طرح وہ سب کو خوش اور سکھی سمجھ رہا تھا۔ اب وہ اپنی دولت لٹ جانے سے غمگین ہے۔ ساری دنیا اسے تباہی اور بربادی میں مبتلا نظر آتی ہے۔ جہاں پناہ، اس واقعے سے آپ کو یہ گوش گزار کرنا چاہ رہا تھا کہ ایک فرد اپنی خوشحالی کے تناظر میں دوسروں کو خوش دیکھتا ہے لیکن بادشاہوں اور حکمرانوں کو رعایا کا دکھ درد سمجھنے کے لئے اپنی ذات سے باہر نکل کر دور تک دیکھنا اور صورتحال کو سمجھنا چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK