Inquilab Logo

میرا انٹرویو (۹) انصاری عبیدالرحمٰن سراج احمد کی۳۶؍ سے زائد تحریریں تعلیمی انقلاب میں شائع ہوئی ہیں

Updated: June 09, 2023, 4:01 PM IST | Aliya Sayyed | Mumbai

انصاری عبید الرحمٰن سراج احمد، مالیگاؤں جونیئر کالج میں گیارہویں (آرٹس) کے طالب علم ہیں ۔

ubaidur Rahman`s favorite cricketer is Muhammad Siraj. Image: inquilab
عبیدالرحمٰن کے پسندیدہ کرکٹر محمد سراج ہیں   ۔ تصویر: انقلاب

انصاری عبید الرحمٰن سراج احمد، مالیگاؤں جونیئر کالج میں گیارہویں (آرٹس) کے طالب علم ہیں ۔
تعلیمی انقلاب نے تعلیمی سفر میں کتنی معاونت کی؟
 اس اخبار سے سیلف اسٹڈی کی عادت پروان چڑھی ہے۔ امتحانات میں خود اعتمادی سے پرچے حل کرتا ہوں جس کی وجہ سے نتائج ہر سال بہتر ہورہے ہیں۔ اس اخبار نے مجھے ہم جماعت طلبہ میں ممتاز بنایا ہے۔ اسپورٹس کے تعلق سے کافی رہنمائی حاصل ہوئی ہے ۔ 
آپ کی تعلیمی زندگی کا کوئی یادگار واقعہ ؟
 ابتداء میں میرے دوست تعلیمی انقلاب کا مطالعہ نہیں کرتے تھے۔انہیں اس اخبار سے قریب کرنے کیلئے میں نے ’’یہ جگہ آپ کی تحریر کیلئے خالی ہے‘‘ میں انہیں لکھنے کا مشورہ دیا۔ میں نے تعلیمی انقلاب میں شائع شدہ اپنی تحریریں انہیں دکھائی اور انہیں اس کالم میں لکھنے کی ترغیب دی۔ علاوہ ازیں، مَیں انہیں تعلیمی کے کچھ شمارے مطالعے کیلئے دیا کرتا تھا۔ پہلے پہل انہوں نے دلچسپی نہیں لی۔ بعد ازیں، تعلیمی انقلاب میں ان کی دلچسپی میں اس قدر اضافہ ہوا کہ وہ اسے خرید کر پڑھنے لگے۔
تعلیمی کی مدد سے انگریزی کس طرح بہتر ہوئی ہے ؟
 انگریزی گرامر میں کافی بہتری آئی ہے۔ مختلف مصنفین کے تعارف کے ذریعے ان کی تصانیف کا مطالعہ کیا۔ اس کی مدد سےتحریر اورمطالعہ میں مثبت تبدیلیاں  پیدا ہورہی ہیں۔ 
 تعلیمی انقلاب نے آپ میں کون سی خوبیاں پیداکیں؟
 خود اعتمادی پیدا کی۔اسمارٹ اور ممتاز طالب علم بننے کی اہمیت بتائی۔ مختلف شعبوں کی معلومات حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ صلاحیتوں کی شناخت کر کے، ان پر مشق کرنےا ور عملی زندگی کیلئے تیار رہنے کے فوائد بتائے۔
 اپنی کمزوریوں کو کس طر ح ختم کرتے ہیں ؟
  اپنی کمزوریوں کو اپنی طاقت میں تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہوںجس کیلئے سوشل میڈیا اور کتابوں کا سہارا لیتا ہوں۔کامیابی نہیں ملتی تو اہل خانہ، اساتذہ اور دوستوں سے مد د حاصل کرتا ہوں۔ 
آپ کی پسندیدہ کہانی جو دیگر طلبہ کو بھی پڑھنی چاہئے؟
 تعلیمی انقلاب میں شائع شدہ فرینک اسٹاک ٹن کی کہانی’لڑکی یا شیر‘ میری پسندیدہ ہے جو دیگر طلبہ کو پڑھنی چاہئے۔ 
کون سی صلاحیتیں آپ کو بہترین طالب علم بناتی ہیں ؟
 دوستوں کے مطابق مَیں مددگار، ہمدرداور خوش اخلاق ہوں۔ ہر کام کو منصوبہ بندی اور منظم طریقے سے انجام دیتا ہوں۔ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے ترغیبی لیکچرز سنتا ہوں۔خود اعتماد اور ’’گڈ لسنر‘‘ ہوں۔ علاوہ ازیں، میں ہر کام کیلئے خودکو چیلنج کرتا ہوں اور’’ چینج میکر‘‘ بننے کی کوشش کرتا ہوں۔ 
آپ کا ہدف کیا ہے؟
 میں کرکٹر بننے کا خواہشمند ہوں۔ اچھا کرکٹ بننے کیلئے مَیں نے مقامی اکیڈمی میں داخلہ بھی لیا ہے اور سوشل میڈیا پر کرکٹرس کے ویڈیوز بھی دیکھتاہوں۔
آپ کا پڑھائی کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
 پڑھائی کے دوران وقفہ لیتا ہوں تو تعلیمی انقلاب کا مطالعہ کرتاہوں۔ میں سیلف نوٹس بنانے کو ترجیح دیتا ہوں اور ذہنی یکسوئی کے ساتھ پڑھائی کرتا ہوں۔
کریئر ایک طالب علم کی زندگی کا اہم حصہ کیوں ہے؟
 اسکول یا کالج ہی میںکریئر کا فیصلہ کرنے سے اپنے ہدف اور مقصد پر توجہ مرکوز رہتی ہے۔ تعلیم حاصل کرنے کے دوران پریشانیوں کا سامنا کم کرنا پڑتا ہے، اور آپ بھیڑکا حصہ نہیں بنتے۔ جس شعبے میں جاناہے اس کی معلومات ہونا بہت ضروری ہے۔ علاوہ ازیں، اپنے شوق کو اپنا کریئربنانے میں زیادہ فائدہ ہے ۔ 
مسابقت کے دور میں ایک طالب علم
 کو کون سی دو باتوں پر خاص توجہ دینی چاہئے؟
 کرنٹ افیئرز (حالات حاضرہ) پر نظر رکھیں اور اپنے جنرل نالج کو بہتر کرنے کی کوشش کریں۔
خالی اوقات میں کیا کرتے ہیں ؟
 کتابوں اور مختلف اخبارات کا مطالعہ کرتا ہوں ، ان پر غور و فکر کرتا ہوںاور نئے الفاظ و معنی تلاش کرتا ہوں۔ کرکٹ کھیلتا ہوں اور اہل خانہ کےساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتا ہوں۔
اپنے تعلیمی ساتھیوں کو کیا پیغام دیں گے ؟
 تعلیمی انقلاب سے جڑے رہیں۔ زندگی میں محنت کو اپنا شعار بنائیںاور ٹیکنالوجی کے دور میں خود کو اسمارٹ بنانے کی کوشش کریں۔ اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریںتبھی اچھے طالب علم بن سکیں گے۔ سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے بچیں، تعلیمی ویڈیوز اور اچھی فلمیں دیکھیں۔ ان سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK