Inquilab Logo

تھرماس میں اشیا ءدیر تک گرم یاٹھنڈی رہتی ہیں،کیوں؟

Updated: September 10, 2022, 11:54 AM IST | Mumbai

تھرماس کے فلاسک کی اندرونی ساخت کچھ ایسی بنائی جاتی ہے کہ اس میں بیرونی حرارت کا دخل نہیں ہوتا۔

 In a thermos flask, 2 glass bottles are placed and joined together. .Picture:INN
تھرماس فلاسک میں ۲؍ کانچ کی بوتلیں ایک دوسرے میں بٹھا کر جوڑ دی جاتی ہیں۔ ۔ تصویر:آئی این این

تھرماس کا استعمال اس وقت کیا جاتا ہے جب کسی چیز کو دیر تک گرم یا ٹھنڈا رکھنا ہوتا ہے۔یہ دوران سفر بھی کارآمد خیال کیا جاتا ہے۔مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ تھرماس میں اشیا دیر تک گرم اور ٹھنڈی کیوں رہتی ہے؟
 تھرماس کے اندرونی حصے 
 تھرماس کا اندرونی حصہ بنیادی طور پر ۴؍ چیزوں سےبنایا جاتا ہے: (ا) اسٹاپر یا ڈھکن(۲) چاندی کی اندرونی دیوار کا بیرونی حصہ،چاندی کا بیرونی دیوار کا اندرونی حصہ(۳) کانچ(۴) تھرماس کا سب سے نچلا حصہ جو ربر سے بنا ہوتا ہے۔
تھرماس کے مختلف حصوں کے کام
 تھرماس کا سب سے اوپری حصہ جسے اسٹاپر یا ڈھکن کہا جاتا ہے یہ حرارت کی ترسیل اور منتقلی کو روکتا ہے۔ چاندی کی اندرونی دیوار کے بیرونی حصہ اور بیرونی دیوار کے اندرونی حصہ کے درمیان ہوا نکال کر خلا پیدا کردیا جاتا ہےجس سے حرارت باہر ترسیل اور منتقل نہیں ہوتی۔ جس جگہ گرم یا ٹھنڈی اشیا رکھی جاتی ہے وہ حصہ کانچ کا بنا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے حرارت کا ایصال بہت کم ہوتا ہے۔  تھرماس کا نچلا حصہ جس پر وہ ٹکا ہوتا ہے ،ربر کا بنایا جاتا ہے ۔ چونکہ ربر حرارت کی غیر موصل ہے اس لئے حرارت باہر منتقل نہیں ہوپاتی۔
اشیا ٹھنڈی اور گرم کب ہوتی ہیں؟
  کوئی بھی چیز جب گرم کی جاتی ہے تو اسے ایسی جگہ پر رکھا جاتا ہے جہاں ہوا کا گزر نہ ہو اور اندر کی حرارت باہر نہ چلی جائے اس کی وجہ سے اس پر ڈھکن لگا دیا جاتا ہے جس سے بھاپ باہر منتقل نہیں ہوتی۔ اسی طرح ٹھنڈی اشیا کو دیر تک ٹھنڈا رکھنا ہوتویہ کوشش کی جاتی ہے کہ اسے ایسی جگہ پر رکھا جائے جہاں بیرونی ہوا اس پر اثر انداز نہ ہو ۔اگر ایسا ہوتا ہے تو اشیا کی حرارت باہر کی ہوا سے ملتی ہے اور ٹھنڈی اشیا کا درجہ حرارت بھی دھیرے دھیرے بڑھتا جاتا ہے۔
تھرماس کیسے کام کرتا ہے  
 تھرماس فلاسک میں ۲؍ کانچ کی بوتلیں ایک دوسرے میں بٹھا کر جوڑ دی جاتی ہیں۔ دونوں دیواروں کے درمیان کچھ جگہ ہوتی ہے جہاں سے ہوا نکال کر خلا پیدا کردیا جاتا ہے۔ اس سے حرارت کا عمل دخل کم ہوجاتا ہے ۔ ان دو دیواروں میں سے اندرونی دیوار کی بیرونی سطح اور بیرونی دیوار کی اندرونی سطح پر پارے کا طمع چڑھا دیا جاتا ہے ۔یہ پوری بوتل ایک ٹن کے ڈبے میں کاگ پر ٹکی ہوتی ہےجو حرارت کا غیرموصل ہوتا ہے ۔اس بوتل میں گرم چیز رکھنے پر اس کی حرارت آسانی سے باہر نہیں جاسکتی۔ بوتل کانچ کی ہوتی ہے اور کانچ حرارت کی غیر موصل ہے اس لئے حرارت کا ایصال بہت کم ہوتا ہے۔ تھرماس فلاسک میں آمنے سامنے کی سطحیں چمکیلی ہونے سے اشعاع حرارت بہت کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے تھرماس میں موجود اشیا دیر تک ٹھنڈی یا گرم رہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK