• Mon, 20 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’تعلیم کی راہ میں حائل دشواریوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا چاہئے‘‘

Updated: January 18, 2025, 6:34 PM IST | Saadat khan | Mumbai

بھیونڈی کے جی ایم مومن کالج کی اسماء شیخ نے فزکس میں یونیورسٹی سطح پر ٹاپ کیا، وہ فزکس میں پی ایچ ڈی کرنے کی خواہشمند ہیں۔

Asma was conferred the honor by the Governor of Maharashtra and Chancellor of the University CP Radhakrishnan. Photo: INN
مہاراشٹر کے گورنراور یونیورسٹی کےچانسلر سی پی رادھا کرشنن کے ہاتھوں سے اسماء کو اعزاز تفویض کیا گیا تھا۔ تصویر: آئی این این

کے ایم ای سوسائٹی کے جی ایم مومن ویمنس کالج کی طالبہ اسماء محمد کمال شیخ نے ٹی وائی بی ایس سی (فزکس ) میں یونیورسٹی سطح کے ڈگری امتحان (اپریل ۲۰۲۴ء) میں نمایاں نمبرات سے اوّل پوزیشن حاصل کی ہے۔ مہاراشٹر کے گورنراور یونیورسٹی کےچانسلر سی پی رادھا کرشنن کے ہاتھوںانہیں گزشتہ دنوں یونیورسٹی کےفورٹ کیمپس میں منعقدہ سالانہ کنوکیشن میں سنداور ڈاکٹر رفیق زکریاگولڈ میڈل تفویض کیاگیا۔ پڑھئے وہ اپنی اس کامیابی کے بارے میں کیا کہتی ہیں؟
آپ نے کتنے مارکس کے ساتھ یونیورسٹی میں ٹاپ کیا؟
 میں نے فزکس میں ٹی وائی بی ایس سی کےامتحان میں ۹۴ء۱۲؍ ( ۹ء۵۱؍ سی جی پی آئی) فیصد مارکس حاصل کر کے یونیورسٹی میں ٹاپ کیا۔
آپ نے مستقبل کی کیا منصوبہ بندی کی ہے؟
میں فزکس میں پی ایچ ڈی کرنے کی خواہشمندہوں۔مجھے فزکس سے بہت لگاؤ ہے اسی لئے اسی شعبے میں کریئر بنانے کا ارادہ ہے۔ میں ماہر طبیعیات بننا چاہتی ہوں۔ 

یہ بھی پڑھئے: بیشتر افراد جِم جانے کیلئے یکم جنوری یا پیر کا انتظار کرتے ہیں، کیوں؟

آپ کو یہ ترغیب کس طرح ملی؟ 
 ایس ایس سی اور ایچ ایس سی میں بالترتیب ۷۳؍اور ۸۳؍ فیصد مارکس حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی سطح پر فزکس میںٹاپ کرنا میراخواب تھا جس کیلئے پرنسپل ڈاکٹر تبسم شیخ اور شعبہ فزکس کی سربراہ ڈاکٹر ترنم عطار کی بے حد ممنون ہوں، ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی سےایسی یادگار کامیابی ملی ہے ۔ان کی سرپرستی کےبغیر اس کامیابی کو حاصل کرنا مشکل تھا۔ 
آپ کو کیا مشکلات پیش آئیں؟
لاک ڈائون سے قبل مَیں اوسط درجے کی طالبہ تھی لیکن کوروناکی وباءکے دوران گھر میں رہ کر زیادہ پڑھائی کرنے کاموقع ملا جس کی وجہ سے پڑھائی کو اولیت دینے، اس پر ذہن مرکوز کرنے اور کسی ایک مضمون میں ٹاپ کرنےکاجذبہ پیدا ہوا۔ 
اسی خیال کے تحت مَیں نے فزکس پر کافی محنت کی اور روزانہ تقریباً ۷۔۸؍ گھنٹے گھر میں بلاناغہ پڑھائی کی۔ میری دلچسپی دیکھ کر ڈاکٹر ترنم عطار نے بھی میرا بھرپور ساتھ دیا اور خاطرخواہ رہنمائی کی جس کی وجہ سے مجھے یہ اعزاز ملا۔ 
آپ کی مصروفیات کیا ہیں؟
فی الحال میں ایم ایس سی فزکس کےپہلے سال کی پڑھائی کررہی ہوں ۔ اس کے بعدمجھے پی ایچ ڈی کرنا ہے ۔میں فی الحال ایم ایس سی پارٹ ۱؍سیم ۱؍ کا امتحان دے رہی ہوں۔ اس کا سینٹر جی ایم مومن ویمنس کالج میں لگاہے۔ 
امتحانات کی تیاری کس طرح کی ہے؟
میں سیلف اسٹڈی کر رہی ہوں۔ اس امتحان کیلئے گزشتہ ۳؍ مہینوں سے میری تیاری جاری ہے۔ ۲۰؍ جنوری کو میرا آخری پیپر ہے۔ اس کےبعد پریکٹیکل امتحان کی تیاری کروں گی جو جلد ہی منعقد ہوگا، اللہ کی ذات سے بڑی اُمیدیں ہیں۔ 
آپ کے مشاغل کیا ہیں؟  
پڑھائی کے علاوہ مجھے بچوں کوپڑھانے کا شوق ہے ۔ میں نے ایک دو نجی کلاسوں میں بچوںکو پڑھانےکی کوشش بھی کی لیکن متعدد دشواریوںمثلاً وقت کی تنگی کی وجہ سے کلاس جوائن نہیں کرسکی۔ حالانکہ گھر پر بچوں کو ٹیوشن دینےکا سلسلہ گزشتہ ۲؍ سال سے جاری ہے۔ فی الحال ۷؍ بچوںکو شام کےوقت ٹیوشن دیتی ہوں۔ 
اس دور میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالئے؟
صرف تعلیم نہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا اہم ہے۔ بالخصوص لڑکیوں کیلئے تعلیم کا حصول نہایت ضروری ہے۔ لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ مشکل سے مشکل  حالات میں بھی پڑھائی کریں۔ 
طلبہ کو کیا پیغام دیں گی؟
اعلیٰ تعلیم کی حصولیابی ہماری زندگی کا مقصد ہوناچاہئے۔ تعلیم کی راہ میں حائل دشواریوں اور مشکلات سے گھبرانے کے بجائے ان کا ڈٹ کرمقابلہ کریں۔ اپنے مقصد کا تعین کریں اور اس کو پانے کیلئے جی جان سے محنت کریں۔مستقل مزاجی اور حوصلہ مندی سے منزل کی طرف بڑھتے رہیں۔ میرا تجربہ ہے کہ ان باتو ںپر عمل کیا  جائے تو ہر معرکہ سر کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK