• Thu, 05 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امتحان کی تاریخ کو فنش لائن سمجھا جائے تب ہی مطلوبہ کامیابی یقینی ہوگی

Updated: December 04, 2024, 4:40 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

سب سے پہلے فنش لائن کا تصور کیجئے اور پھر ایک کھلاڑی کے نقطۂ نظر سے اس کی اہمیت کو سمجھئے۔ جس دن آپ نے خود کو ذہنی طور پر ایک کھلاڑی کے سانچے میں ڈھال لیا، امتحان سے گزرنا آسان ہوجائیگا۔

First visualize the finish line and then understand its importance from an athlete`s point of view. The day you mentally mold yourself into the mold of an athlete, it will be easier to pass the test. Photo: INN
سب سے پہلے فنش لائن کا تصور کیجئے اور پھر ایک کھلاڑی کے نقطۂ نظر سے اس کی اہمیت کو سمجھئے۔ جس دن آپ نے خود کو ذہنی طور پر ایک کھلاڑی کے سانچے میں ڈھال لیا، امتحان سے گزرنا آسان ہوجائیگا۔ تصویر: آئی این این

کیا آپ ایسی دوڑ (Race) کا حصہ بنیں گے جس کا اختتام یا ’فنش لائن‘ (Finish Line) نہ ہو؟ یقیناً، نہیں! ہر شخص کسی بھی کام کو انجام دینے سے پہلے ’’فنش لائن‘‘ طے کرتا ہے، مثال کے طور پر ، ایک کمہار اپنی فنش لائن طے کرتا ہے کہ آج  اسے ۳۰؍ برتن بنانے ہیں، ایک ٹیچر فنش لائن مقرر کرتا ہے کہ آج نصاب کا اتنا حصہ مکمل کرنا، اور ایک دکاندار کی فنش لائن ہوتی ہے کہ آج اتنے روپے کا کاروبار ضرور کرنا ہے، وغیرہ۔ اسی طرح ایک طالب علم کی بھی فنش لائن ہوتی ہے، اور وہ ہے بورڈ امتحان یا سالانہ امتحان۔ 
 اگر کسی کی زندگی میں فنش لائن نہ ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ کسی دوڑ کا حصہ ہی نہیں ہے۔ اس کا کوئی ہدف نہیں ہے اور بغیر ہدف کے انسان کسی خاص نقطہ تک نہیں پہنچ سکتا۔  ایک فنش لائن اہم ہے کیونکہ یہ کسی دوڑ یا ہدف کے اختتام کی نمائندگی کرتی ہے۔ فنش لائن ایک شخص کی کوشش کی انتہا کو ظاہر کرتی ہے اور کامیابی کا ایک ٹھوس نشان فراہم کرتی ہے۔ اس طرح لوگوں کو اپنے مطلوبہ نتائج تک پہنچنے کیلئے ثابت قدم رہنے اور چیلنجوں کو آگے بڑھانے کی ترغیب دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بعض آبی پرندے ایک ٹانگ پر کھڑے نظرآتے ہیں، کیوں؟

بنیادی طور پر، یہ اس مقام کی نشاندہی کرتا ہے جہاں آپ اپنی کامیابی کا جشن منا سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ آپ نے ایک کام مکمل کر لیا ہے۔
فنش لائن کی اہمیت
ہر شخص کی زندگی میں فنش لائن اہمیت کی حامل ہے مگر ایک کھلاڑی اور طلبہ کی زندگی میں اس کی اہمیت کئی گنا زیادہ ہونی چاہئے۔ چاہے کھلاڑی ہو، یا، طالب علم، دونوں ہی فنش لائن تک پہنچنے اور اسے عبور کرنے کا ہدف طے کرتا ہے، جو اسے پار کرلیتا ہے، وہ ایک کام مکمل کرلیتا ہے۔ جانئے کہ فنش لائن اہم کیوں ہے؟
(۱) محرک اور توجہ
 فنش لائن کو دیکھنا، لوگوں کو ایک واضح ہدف دیتا ہے جس کی طرف جدوجہد کرنے کیلئے، رکاوٹوں کے باوجود آگے بڑھنے کے ان کے عزم کو تقویت بخشتا ہے۔
(۲) کامیابی کا احساس
 فنش لائن کو عبور کرنا ایک مقصد کو مکمل کرنے پر اطمینان اور فخر کا ایک مضبوط احساس فراہم کرتا ہے۔
(۳) مقصد کی منصوبہ بندی
 فنش لائن کا تصور واضح اہداف طے کرنے اور ان کی طرف منظم طریقے سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ یہ منصوبہ بندی میں اہم ہے۔
(۴) ذہنی مضبوطی
 فنش لائن کے راستے میں آنے والے چیلنجوں پر قابو پانا آپ کو ذہنی طور پر مضبوط بناسکتا ہے۔ 
(۵) جشن اور شناخت
 فنش لائن تک پہنچنا کسی کی کامیابیوں کا جشن منانے اور کی گئی کوششوں کو تسلیم کرنے کا ایک لمحہ ہے۔
ریسنگ اور فنش لائن
فنش لائن کی اہمیت سے وہ کھلاڑی اچھی طرح واقف ہوتے ہیں جو دوڑ یا اس جیسے مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں، مثلاً ریسنگ، سائیکل ریس، میراتھن، کار ریس، اور بائیک ریس؛ اسکولوں میں ان کے علاوہ ہوتی ہیں، مینڈک ریس، میراتھن، بوری ریس، اور لیموں ریس، وغیرہ۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والے یا ایسے مقابلے دیکھنے والے اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اس میں سب سے اہم ہوتی ہے ’’فنش لائن۔‘‘ ان مقابلوں میں جو شخص پہلے فنش لائن تک پہنچتا ہے اور اسے پار کرلیتا ہے، اسے اول انعام کا حقدار قرار دیا جاتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اسے سبھی یاد رکھتے ہیں۔
طلبہ کی زندگی میں فنش لائن 
طلبہ کی زندگی میں مختلف قسم کی فنش لائن ہوتی ہیں لیکن سب سے اہم اور آخری ہے بورڈ امتحانات یا سالانہ امتحانات۔ آپ یہاں تک پہنچ گئے، اور اسے پار کرلیا تو آپ نے تعلیمی سال کا اہم ترین مرحلہ عبور کرلیا۔ اس کے بعد نتائج، پھر چھٹیاں اور پھر نئے تعلیمی سال کا آغاز۔ جس طرح ایک کھلاڑی کی زندگی کا اہم ترین مقصد ہوتا ہے فنش لائن اول مقام پر پار کرنا، اسی طرح ایک طالب علم کیلئے بھی ضروری ہے کہ وہ فنش لائن اس طرح پار کرے کہ اسے نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل ہو۔ متعدد کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی کا اولین مقصد ہے کہ وہ مقابلے میں اول آئیں، اسی لئے وہ دن رات محنت کرتے ہیں، بار بار مشق کرتے ہیں، اور دن میں کئی کئی گھنٹے مختلف قسم کی کسرت کرتے ہیں تاکہ جب مقابلہ کا وقت آئے تو وہ پوری تیار اور فٹ رہیں اور فنش لائن کو سب سے پہلے پار کرلیں۔
 فنش لائن پر نظر
 کیا آپ نے کبھی کسی میراتھن میں حصہ لیا ہے؟ یا لوگوں کو میراتھن دوڑتے دیکھا ہے؟ اگر نہیں تو انہیں دیکھئے، اور یہ سمجھنے کی کوشش کیجئے کہ جب لوگ کئی کلومیٹر کی میراتھن کی فنش لائن دیکھتے ہیں تو اپنے چلنے یا دوڑنے کی رفتار دھیمی کرنے کے بجائے تیز کرتے ہیں۔ چاہے وہ کتنے ہی تھک گئے ہوں لیکن وہ فنش لائن دیکھتے ہی تیزی سے دوڑتے ہیں اور اسے عبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسے اسپورٹس کی زبان میں کہا جاتا ہے، ’’دی لاسٹ پُش‘‘ (The Last Push)، یعنی اپنی پوری طاقت لگادینا۔
امتحان میں باقی ہیں چند دن
 گزشتہ ہفتے تعلیمی انقلاب میں بتایا گیا تھا کہ اب بورڈ امتحان یا سالانہ امتحان میں صرف ۱۰۰؍ دن ہی باقی رہ گئے ہیں۔ امتحان کی تاریخوں کا بھی اعلان ہوچکا ہے، اس لئے اب طلبہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ’’دی لاسٹ پُش‘‘ کی جانب بڑھیں، یعنی وقت بالکل ضائع نہ کریں اور پوری توجہ پڑھائی پر مرکوز کردیں۔  خیال رہے کہ جب انسان اپنے مقصد کے جتنا قریب پہنچنے لگتا ہے، وہ اپنی کامیابی کے احساس کیلئے اتنی ہی زیادہ کوشش کرنے لگتا ہے۔ جو کچھ اس کی دسترس میں ہوتا، وہ ان کی مدد سے مقصد کے حصول کیلئے جی جان سے محنت کرنے لگتا ہے۔ فنش لائن ہمیں اپنا بہترین پرفارمنس دینے پر مجبور کرتی ہے۔ معروف ٹینس کھلاڑی آندرے اگاسی نے اپنی کتاب میں لکھا ہے: ’’کریئر کے اختتام پر فنش لائن میچ کے اختتام پر فنش لائن سے مختلف نہیں ہے۔ مقصد فنش لائن تک پہنچنا ہے کیونکہ یہ مقناطیسی قوت فراہم کرتا ہے۔ جب آپ فنش لائن کے قریب ہوتے ہیں، تو آپ محسوس کر سکتے ہیں کہ وہ قوت آپ کو کھینچ رہی ہے، اور آپ اس قوت کو، فنش لائن کو عبور کرنے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: امرود کا باقاعدہ استعمال بینائی کو بہتربناتا ہے

فنش لائن آپ کو ذہنی اور جسمانی دباؤ قائم کرنے کیلئے نہیں بنائی گئی ہے بلکہ یہ آپ کو متحرک رکھنے کیلئے بنائی گئی ہے تاکہ آپ اسے پار کرنے میں اپنی پوری طاقت لگا دیں۔ گزشتہ شمارے میں آپ کو پڑھائی کرنے کے چند ’’رُولز‘‘ بتائے گئے ہیں آپ ان کی مدد سے پڑھائی کرنے کے عمل کو آسان بناسکتے ہیں۔ اب وقت کم ہے۔ اور ہمیں امید ہے کہ آپ نے امتحانات کی اچھی خاصی تیاری کرلی ہوگی، لیکن جو طلبہ ابھی پڑھائی کے متعلق سنجیدہ نہیں ہوئے ہیں، ان کیلئے اہم ہے کہ وہ سنجیدہ ہوجائیں اور پوری یکسوئی کے ساتھ امتحان کی تیاریوں میں لگ جائیں ۔ یاد رکھئے کہ کامیاب ہونا اہم ہے مگر نمایاں کامیابی حاصل کرنا اہم ترین ہے۔ آج کے مسابقتی دور میں یہ ضروری ہوگیا ہے کہ آپ نمایاں کامیابی حاصل کریں۔ 
طالب علم کو ایک بات ذہن نشین رکھنی چاہئے:
اپنی فنش لائن کو عبور کیجئے۔ چاہے یہ فنش لائن ریس کے اختتام پر ہو یا دن کے اختتام پر۔ یہ وہ چیز ہے جو نہ صرف آپ کو مطمئن محسوس کرواتی ہے بلکہ ایک کام اچھی طرح ختم کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہے۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK