• Sun, 16 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشہور سیاستداں کرپوری ٹھاکر بہار کے ۱۱؍ ویں وزیر اعلیٰ تھے

Updated: February 15, 2025, 6:11 PM IST | Mumabi

۲۰۲۴ء میں انہیں بعد از مرگ بھارت رتن سے نوازا گیا تھا،وہ ’جن نائیک‘ یعنی عوامی ہیرو کے طور پر مشہور تھے، تحریک آزادی میں بھی حصہ لیاتھا۔

Karpuri Thakur`s entire life was devoted to austerity and social justice. Photo: INN
کرپوری ٹھاکر کی پوری زندگی سادگی اور سماجی انصاف کیلئے وقف تھی۔ تصویر: آئی این این

کرپوری ٹھاکر( Karpoori Thakur) ایک ہندوستانی سیاستداں تھے جنہوںنے بہار کے ۱۱؍ ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر دو مرتبہ خدمات انجام دیں، پہلے دسمبر۱۹۷۰ء سے جون۱۹۷۱ء تک اور پھر جون ۱۹۷۷ء سے اپریل۱۹۷۹ء تک۔ وہ ’’جن نائیک‘‘ کے نام سے بھی مشہور تھے۔کرپوری ٹھاکر سماجی انصاف کے مسیحا تھے ۔ بہت کم وقت میں انہوں نے سماجی اور سیاسی تبدیلی کی ایک نئی تاریخ لکھی ۔ انہوں نے صدیوں پرانے جمود کو توڑ دیا اور ایک بڑی آبادی کیلئے بے پناہ امکانات کے دروازے کھول دیئے ۔ انہوں نے اپنی زندگی ان افراد کیلئے وقف کی جو معاشرتی طور پر پسماندہ تھے اور جنہیں سب نے نظرانداز کر دیا تھا۔۲۶؍ جنوری ۲۰۲۴ءکو انہیں حکومت ہند کی طرف سے بعد از مرگ ہندوستان کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچے ایک سے دکھائی دیتے ہیں،کیوں؟

کرپوری ٹھاکر کی پیدائش ۲۴؍ جنوری ۱۹۲۴ء کو بہار کے سمستی پور ضلع کے گاؤں پٹونجھیا (اب کرپوری گرام) میں گوکل ٹھاکر اور رامدلاری دیوی کے ہاں ہوئی تھی۔ان کا تعلق نائی برادری سے تھا۔ وہ مہاتما گاندھی اور ستیانارائن سنہا سے متاثر تھے۔زمانہ طالب علمی میں انہوں نے آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن میں شمولیت اختیار کی۔ ایک طالب علم کارکن کے طور پر انہوں نے بھارت چھوڑو تحریک میں شامل ہونے کیلئے گریجویشن کے دوران اپنا کالج چھوڑ دیا۔ ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں حصہ لینے کی وجہ سے انہوں نے۲۶؍ ماہ جیل میں بھی گزارے۔ہندوستان کی آزادی کے بعد کرپوری ٹھاکر نے اپنے گاؤں کے اسکول میں بطور استاد کام کیا۔ وہ۱۹۵۲ء میں سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار کے طور پر تاج پور حلقہ سے بہار ودھان سبھا کے رکن بنے۔ انہیں ۱۹۶۰ء میں مرکزی حکومت کے ملازمین کی عام ہڑتال کے دوران پی اینڈ ٹی ملازمین کی قیادت کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔۱۹۷۰ءمیں بہار کے پہلے غیر کانگریسی سوشلسٹ وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے ٹھاکر نے بہار کے وزیر اور نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کے دور حکومت میں بہار کے پسماندہ علاقوں میں ان کے نام سے بہت سے اسکول اور کالج قائم ہوئے۔
 ۱۹۷۷ءکے بہار قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حکمران جماعت انڈین نیشنل کانگریس کو جنتا پارٹی کے ہاتھوں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد ٹھاکر بہار جنتا پارٹی کے صدر ستیندر نارائن سنہا کے خلاف قانون ساز پارٹی کے انتخابات میں، جو پہلے کانگریسی تھے، کے خلاف جیت کر دوسری بار بہار کے وزیر اعلیٰ بنے۔ 
  وہ ایک ایسے قومی لیڈرتھے جو ذات پات ، مذہب اور طبقے سے بالاتر ہو کر مساوات اور ترقی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتے تھے ۔ بھارت رتن کرپوری ٹھاکر نے سماجی انصاف کو آگے بڑھا کر ملک پر ایک الگ چھاپ چھوڑی۔انہوں نے کبھی کوئی دولت جمع نہیں کی اور اپنی پوری زندگی عوام کیلئے وقف کر دی ۔وہ حال اور مستقبل دونوں کے بارے میں سوچتے تھے ۔وہ ملک کے پہلے وزیر اعلیٰ تھے جنہوں نے تعلیم پر توجہ مرکوز کی۔ ریاست میں میٹرک تک کی تعلیم کو مفت بنانے والے وہ پہلے وزیر اعلیٰ تھے۔ بہت سے چیلنجوں پر قابو پاتے ہوئے انہوں نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں اور زندگی بھر معاشرے کی بہتری کیلئے کام کرتے رہے۔جن نائیک کرپوری ٹھاکر کا انتقال ۱۷؍ فروری ۱۹۸۸ء کو پٹنہ ، بہار میں ہوا تھا۔n
(وکی پیڈیا اور دی ہندو)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK