• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چڑیل بنی ملکہ

Updated: March 23, 2024, 3:03 PM IST | Shaista Naaz | Mumbai

عادل بادشاہ نے صندوق بند کرنے کے لئے جوں ہی ہاتھ بڑھایا تو انہیں دو جادوئی شیشے نظر آئے۔ دو شیشے دیکھ کر وہ چونک گئے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

پرانے زمانے کی بات ہے۔ بریلی نام کی ایک ریاست میں عادل نام کا بادشاہ حکومت کرتا تھا۔ وہ بہت رحم دل اور سخی تھا۔ وہ اپنی رعایا سے بہت محبت کرتا تھا۔ وہاں کی ملکہ صالحہ بہت ہی خوبصورت نیک اور خدا ترس خاتون تھی۔ وہاں کی رعایا اپنے بادشاہ اور ملکہ سے بہت خوش تھی۔ وہیں پاس میں ندی کنارے نرگس نام کی ایک چڑیل رہتی تھی اس کی بری نظر بریلی کے تخت پر تھی۔ وہ ملکہ کو مار کر خود وہاں کی ملکہ بننا چاہتی تھی۔
 ایک دن اس چڑیل کی نظر باغ میں سیر کر رہی ملکہ پر پڑی۔ اس نے فوراً اسے جادوئی شیشے میں قید کرکے اپنی کٹیا میں لے گئی۔ وہاں اس نے جادو سے ملکہ کا روپ لے لیا خود اور اس کی جگہ محل میں چلی گئی۔ جب وہ وہاں پہنچی تو بادشاہ نے کہا: ’’میں آپ کا ہی انتظار کر رہا تھا۔ اپ کی ایک خاص مہمان آئی ہے۔‘‘ یہ سن کر نرگس چڑیل نے بادشاہ سے کہا: ’’جناب عالی! آپ چلئے میں آتی ہوں۔‘‘ بادشاہ کے جاتے ہی چڑیل کمرے میں جا کر جادوئی شیشے کو ملکہ صالحہ کے صندوق میں رکھ کر اس مہمان سے ملاقات کرنے چلی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: جِنوں کا مکان

 بادشاہ عادل جب شاہی دربار سے واپس آئے تو انہوں نے دیکھا کہ ملکہ  وہاں نہیں تھی اور ان کا صندوق بھی کھلا ہوا تھا۔ انہوں نے صندوق بند کرنے کے لئے جوں ہی ہاتھ بڑھایا تو انہیں دو جادوئی شیشے نظر آئے۔ ایک تو وہ تھا جو ایک جادوگر نے ملکہ صالحہ کو تحفے میں دیا تھا اور دوسرا ویسا ہی شیشہ دیکھ کر بادشاہ عادل چونک گئے۔ جب انہوں نے دونوں شیشے کو اٹھا کر دیکھا تو ایک میں اپنی ملکہ کو دیکھ کر وہ سمجھ گئے کہ یہاں پر جو ان کے ساتھ  ہے وہ ملکہ نہیں نرگس چڑیل ہے۔ جس شیشے میں ملکہ تھی اس شیشے کو بادشاہ عادل نے توڑ دیا اور اس میں سے ملکہ صالحہ آزاد ہو گئی۔ اب بادشاہ عادل اس چڑیل کو تلاش کرتے ہوئے باغ میں پہنچے تو انہوں نے اس چڑیل کو لال گلاب کو کالا کرتے ہوئے دیکھا۔ وہ اس کے پاس گئے اور اس سے کہا: ’’ہم آپ کے لئے ایک تحفہ لائے ہیں میرے ساتھ چلئے۔‘‘ وہ اس کو اس کمرے میں لے گئے جہاں ملکہ قید تھی۔ بادشاہ نے چڑیل کو جادوئی شیشے میں قید کر دیا اور اس کو سات صندوقوں میں بند کرکے ایک بہت ہی گہرے جھیل میں پھینکوا دیا۔ اس کے بعد وہ چڑیل دوبارہ اس ریاست میں کبھی نہ نظر آئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK