• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کے ایم کریپا: ہندوستانی فوج کے پہلے چیف آف دی آرمی اسٹاف

Updated: December 04, 2024, 4:41 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

وہ فیلڈ مارشل بننے والے ملک کے دوسرے فوجی افسر بھی تھے،انہوں نے فوجیوں کی سہولت اور فلاح و بہبود کیلئے کئی اہم اقدامات کئے تھے۔

KM Kripa`s illustrious military career spanned nearly three decades. Photo: INN
کے ایم کریپا کا شاندار فوجی کریئر تقریباً تین دہائیوں پر محیط تھا۔ تصویر: آئی این این

کے ایم کریپا(K.M Cariappa)کا پورا نام کوڈانڈیرا مدپا کریپا تھا ۔ وہ ایک ہندوستانی فوجی افسر اور سفارت کارتھے ۔ کریپا ہندوستانی فوج کے پہلے چیف آف دی آرمی اسٹاف تھے۔ انہوں نے ۱۹۴۷ءکی ہند وپاک جنگ کے دوران مغربی محاذ پر ہندوستانی فوج کی قیادت کی تھی ۔۱۹۴۹ء میں انہیں ہندوستانی فوج کا چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کیا گیا تھا ۔ وہ سیم مانک شا(سیم بہادر) کے بعد فیلڈ مارشل بننے والے دوسرےفوجی افسر تھے۔
 کے ایم کریپا ۲۸؍جنوری۱۸۹۹ء کو شانی ورسنتھی، کورگ صوبہ (موجودہ کوڈاگو ضلع) کرناٹک میں کسانوں کے خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والدمحکمہ محصولات میں کام کرتے تھے۔ وہ اپنے رشتہ داروں میں ’چمما‘ کے نام سے جانے جاتے تھے۔سینٹرل ہائی اسکول، مدکیری میں ۱۹۱۷ءمیں تعلیم مکمل کرنے کے بعد، انہوں نے مزید تعلیم حاصل کرنے کیلئے پریذیڈنسی کالج، چنئی میں داخلہ لیا۔ کالج کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ ہندوستانیوں کو فوج میں بھرتی کیا جا رہا ہے۔ بھرتی کرنے کے بعد ان فوجیوں کو تربیت دی جائے گی۔چونکہ وہ ایک فوجی کے طور پر خدمت کرنا چاہتے تھے لہٰذا انہوں نے تربیت کیلئے درخواست دےدی۔۷۰؍ درخواست دہندگان میں سے کریپا ان۴۲؍ میں سے ایک تھے جنہیں آخر کار ڈیلی کیڈٹ کالج، اندور میں داخلہ دیا گیا۔ انہوں نے اپنی ٹریننگ کے تمام پہلوؤں میں اچھا اسکور کیا اور اپنی کلاس میں ساتویں نمبر پرآئے۔
 وہ کوئٹہ کے اسٹاف کالج میں شرکت کرنے والے پہلے ہندوستانی فوجی افسر تھے اور بٹالین کی کمان کرنے والے بھی پہلے ہندوستانی تھے ۔ کریپا ان پہلے دو ہندوستانیوں میں سے ایک تھے جنہیں امپیریل ڈیفنس کالج، کیمبرلے میں تربیت حاصل کرنے کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے مختلف یونٹس، کمانڈ ہیڈ کوارٹرز اور جنرل ہیڈ کوارٹرز، نئی دہلی میں مختلف اسٹاف کے عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ہندوستانی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے، کریپا نے ہندوستانی فوج کی مشرقی اور مغربی کمان کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

یہ بھی پڑھئے: وز بک (۱۲): دُنیا کے معروف سائنسداں اسٹیفن ہاکنگ

 ۱۹۲۵ءمیں کے ایم کریپا دنیا کے دورے پر گئے، یورپ کے ساتھ امریکہ ، جاپان اور چین کا دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف ممالک کے فوجیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد سے ملاقات کی۔ یہ دورہ ان کے کیلئے بہت مفید ثابت ہوا۔یکم مئی ۱۹۴۵ءکو کریپا کو بریگیڈیئر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ وہ مکمل طور پر اس عہدے کو حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی افسر بن گئے۔ کریپا کا شاندار فوجی کریئر تقریباً تین دہائیوں پر محیط تھا۔ ۱۹۵۳ءمیں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد، انہوں نے ۱۹۵۶ءتک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہندوستانی ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے مقصد کے ساتھ، کریپا نے۱۹۶۴ء میں انڈین سابق فوجیوں کی لیگ (IESL) کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ری سیٹلمنٹ کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ان کی طرف سے قوم کیلئے کی گئی قابل ستائش خدمات کے اعتراف میں حکومت ہند نے ۲۸؍اپریل ۱۹۸۶ءکو انہیں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں فیلڈ مارشل کا عہدہ تفویض کیا۔  کے ایم کریپا کی صحت۱۹۹۱ء سے خراب ہونے لگی۔ وہ گٹھیا اور دل کے مسائل میں مبتلا تھا ۔ بلآخر وہ۱۵؍ مئی۱۹۹۳ء کو ۹۴؍ سال کی عمر میں بنگلور کے کمانڈ اسپتال میں انتقال کر گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK