انہوںنے برطانوی فوج میں بھی ملازمت کی تھی،علاوہ ازیں انہو ں نے ہندوستانی کھانوں اور دیگر چیزوں کو یورپ میں متعارف کرایا تھا۔
EPAPER
Updated: January 18, 2025, 6:06 PM IST | Mumbai
انہوںنے برطانوی فوج میں بھی ملازمت کی تھی،علاوہ ازیں انہو ں نے ہندوستانی کھانوں اور دیگر چیزوں کو یورپ میں متعارف کرایا تھا۔
شیخ دین محمد(Dean Mahomed)ایک برطانوی عہد کے ہندوستانی سیاح، فوجی افسر، سرجن، بزنس مین اور مغربی دنیا میں آنے والے ابتدائی غیر یورپی تارکین وطن میں سے ایک تھے۔ غیر معیاری نقل حرفی کی وجہ سے ان کا نام مختلف طریقوں سے لکھا جاتا ہے۔ بعض جگہ ان کا نام ’’Dean Mahomet‘‘ بھی لکھا ہوا ہے۔ دین محمد نے ہندوستانی کھانوں اور دیگر چیزوں کو یورپ میں متعارف کرایا۔ دین محمدنے انگریز افواج کے ساتھ جو سفر کئے اس کا سفرنامہ ۱۷۹۴ء میں شائع کیا۔ یہ پہلی کتاب ہے جو کسی ہندوستانی نے انگریزی زبان میں چھپوائی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: بیشتر افراد جِم جانے کیلئے یکم جنوری یا پیر کا انتظار کرتے ہیں، کیوں؟
دین محمد مئی۱۷۵۹ء میں پٹنہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اس زمانے میں پٹنہ بنگال کا حصہ تھا اب یہ بہار کا حصہ ہے۔دین محمد کے آبا و اجداد ترکی سے تعلق رکھتے تھے اور۱۷؍ویں صدی میں ایران کے راستے ہندوستان آئے تھے تاکہ مغل دربار میں اچھی نوکری کر سکیں۔ دین محمد کے زمانے میں مغلوں کی حکومت زوال پذیر ہو چکی تھی۔ ان کے سفر نامے میں شاہ عالم دوّم، الٰہ آباد اور دہلی کا بڑی تفصیل سے ذکر ہے۔ دین محمد کے باپ اور بھائی ایسٹ انڈیا کمپنی میں ملازم تھے۔ دین محمد کی عمر صرف گیارہ سال تھی جب ان کے والد کا انتقال ہو گیا تھا۔وہ انگریزوں سے متاثر تھے اور فوجی زندگی گزارنے کے خواہش مند تھے۔ اس لئے اپنی ماں کی مخالفت کے باوجود انگریزی فوج میں بطور خدمت گار شامل ہو گئے۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کے کیپٹن ایو ن بیکر نے دین محمد کو اپنے پاس رکھ لیا۔
بارہ سال تک بیکر اور دین محمد کا کام برطانوی فوج کیلئے روزمرہ کا ضروری سامان فراہم کرنا تھا۔ ہندوستان میں۱۵؍ سال گزارنے کے بعد بیکر نے بنگال آرمی کی نوکری چھوڑنے کا ارادہ کر لیا اور ۱۷؍ نومبر۱۷۸۳ء کو استعفیٰ دے دیا۔ ۱۷۸۴ء میں جب بیکر کمپنی کی ملازمت سے فارغ ہوئے تو دین محمد بھی نوکری چھوڑ کر۲۵؍ سال کی عمر میں بیکر کے ساتھ آئر لینڈ چلے گئے۔
آئرلینڈ میں انہوں نے ایک مقامی اسکول میں اپنی انگریزی زبان کو بہتر بنانے کیلئے تعلیم حاصل کی۔۱۵؍ جنوری۱۷۹۴ء کو دین محمد نے’’ دی ٹریولز آف دین محمد‘‘(The Travels of Dean Mahomet) کے نام سے اپنا سفرنامہ شائع کیا۔ یہ کتاب خطوط کی شکل میں ہے ۔ یہ طریقہ اس دور میں سفرناموںاور بہت سے ناولوں کیلئے عام تھا۔اس میں کل۳۸؍ خطوط شامل ہیں۔ کتاب کے آغاز میں انہوں نے آئرلینڈ اور ہندوستان کا موازنہ کیا ہے۔اس کے بعد انہوں نے اپنی فوجی ملازمت کے ایام کو رقم کیا ہے۔اس کے ساتھ ہندوستانی ثقافت، تجارت، فوجی تنازعات، خوراک، جنگلی حیات وغیرہ کے متعلق بھی تفصیل سے لکھا ہے۔ کتاب کا اختتام ان کے برطانیہ کے سفر کی تفصیل کے ساتھ ہوتا ہے۔دین محمد نے اپنے سفر نامے میں ہندوستان اور ہندوستانی رسوم و رواج کا بصیرت انگیز اور ہمدردانہ ذکر کیا ہے۔ ۱۸۱۰ء میں لندن منتقل ہونے کے بعددین محمد نےانگلینڈ میں پہلا ہندوستانی ریسٹورنٹ کھولا تھاجہاں انہوں نے دیگر اشیاء کے ساتھ ہندوستانی پکوانوں کو بھی پیش کیا۔ مالی مشکلات کی وجہ سے اسے ۱۸۱۲ء میں بند کرنا پڑا۔دین محمد کا انتقال ۲۴؍ فروری۱۸۵۱ء کو ۹۱؍ سال کی عمر میں انگلینڈ میں ہوا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد ان پر کئی کتابیں لکھی گئیں۔ان مصنفوں میں ایک بڑا نام روزینہ وسرام کا تھا جنہوں نےان کی زندگی اور کام کو عوام کے سامنے اجاگر کیا۔