• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آپ ہی ہیں اپنے سب سے بڑے حریف!

Updated: October 04, 2024, 9:59 PM IST | Mumbai

دوسروں کی تعریف کرنے میں حرج نہیں، کوئی اگر اچھا کام کرے تو آپ اس کی حوصلہ افزائی کرسکتےہیں لیکن اپنا موازنہ اس سے بالکل نہ کریں۔ یہ بات ہمیشہ یاد رکھئے کہ آپ کا مقابلہ اپنے آپ سے ہے، اصل موازنہ یہ ہے کہ آپ کل کیا تھے، اور آج کیا ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

چند دنوں میں آپ کے ششماہی امتحانات کا آغاز ہوجائے گا۔ یقیناً آپ امتحان کیلئے تیار ہونگے۔ اس دوران طلبہ میں ایک خاص رجحان پایا جاتا ہے، اور وہ ہے موازنے کا، یعنی اپنا موازنہ دوسروں سے کرنا۔ یاد رکھئے کہ صحتمند مقابلہ آرائی اچھی بات ہے مگر موازنہ اور مقابلہ کی دوڑ میں اچھے برے کی تمیز بھول جانا درست نہیں۔ بعض معاملات میں یہ بھی ہوا ہے کہ موازنہ کی عادت نے نوجوانوں میں منفی رجحانات کو ہوا دی ہے۔ آپ کی ذاتی ترقی اس وقت ہوگی جب آپ خود پر توجہ دیں گے۔ آئینے کے سامنے کھڑے ہوجایئے اور اپنے آپ سے سوال پوچھئے: کیا آپ کا موجودہ ورژن، گزشتہ ورژن سے بہتر ہے؟

یہ بھی پڑھئے: اپنے گزشتہ ورژن سے بہتر بننے کیلئے اپنایئے یہ چھ عادتیں

گزشتہ ورژن، یعنی آپ کا وہ ورژن جو آج سے ایک مہینہ، ایک سال، ۲؍ سال، یا ۳؍  سال پہلے تھا۔ جیسے جیسے آپ کی عمر بڑھتی ہے، آپ کی کلاس اور نصاب تبدیل ہوتا ہے، اور آپ حالات کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالتے جاتے ہیں اور تبدیلی کے عمل سے گزرتے رہتے ہیں۔ یہ فطری تبدیلی ہے مگر جب آپ اپنا موازنہ اپنے گزشتہ ورژن سے کریں گے تو آپ کو احساس ہوگا کہ آپ پہلے سے زیادہ ہوشیار، سمجھدار اور ذہین ہوگئے ہیں۔ جب آپ کو شش کرینگے آپ کا موجودہ ورژن، گزشتہ ورژن سے اچھا ہو اور مستقبل والا ورژن، ماضی اور حال دونوں سے بہتر ہو تو یہ ہوگا صحیح اور صحتمند موازنہ۔ اس طرح اپنے آپ سے موازنہ اور اپنے آپ کو بہتر بنانے کی جانب یہ پہلا قدم ہے۔ اگر آپ کو پہلے یونٹ ٹیسٹ میں کم نمبر ملے تھے تو ششماہی امتحان کیلئے زیادہ محنت کیجئے۔ اتنی محنت کیجئے کہ آپ کو یقین ہوجائے کہ ششماہی امتحان میں یونٹ ٹیسٹ سے بہتر نمبر ملیں گے۔ پھر نوماہی امتحان میں اتنی محنت کیجئے کہ یقین ہوجائے کہ اس میں ششماہی امتحان سے اچھے نمبر ملیں گے۔ یہ ہے اپنا موازنہ اپنے آپ سے کرنے کا نتیجہ۔ یہ ہے اپنے آپ سے مقابلہ کرنے کا نتیجہ۔ اس طرح آپ ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے بہتر ہوتے جائیں گے۔ جب انسان اپنے آپ کو بہتر بنانے کی ٹھان لیتا ہے تو کوئی بھی اسے مات نہیں دے سکتا۔

سونے سے پہلے کی مشق
ہمیشہ یاد رکھئے کہ آپ کی اصل تکمیل آپ کی اپنی ذات ہے۔ آپ کا اصل مقابلہ اس شخص سے ہے جو آپ کل تھے۔ ہر روز اپنے آپ کو بہتر بنانے کی کوشش کیجئے۔ سونے سے پہلے اپنے آپ سے ایک آسان سوال پوچھئے کہ کیا میں نے کل کے مقابلے میں آج کچھ بہتر کیا ہے؟ پھر اندازہ لگایئے کہ آج آپ نے کیا غلط کیا یا کون سا کام کرنا بھول گئے، یا کون سا کام کرنا چاہتے تھے اور وہ نہیں ہوسکا، پھر منصوبہ بنایئے کہ اگلے دن آپ اپنے آپ کو آج سے بہتر کیسے بنائینگے۔ 
جادوئی فقرے
آپ کا اصل مقابلہ اپنے آپ سے ہے، اور اپنے آپ سے مقابلہ کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ آپ اہداف طے کیجئے اور ان تک پہنچنے کا ’’ایکشن پلان‘‘ بنایئے۔ اگر ہدف بڑا اور مشکل ہے تو اس کی جانب چھوٹے چھوٹے قدم بڑھایئے۔ منفی ذہنیت ختم کر دیجئے۔ ہمہ وقت آپ کے ذہن میں یہی رہے کہ ’’مَیں کرسکتا ہوں‘‘، ’’مَیں مضبوط ہوں‘‘، ’’مَیں یہ کام آسانی سے کرلوں گا بس تھوڑی توجہ کی ضرورت ہے۔‘‘ 
موازنہ، مقابلہ
یاد رکھئے کہ اپنے آپ کو مات دینا، اپنے آپ کو بہتر بنانا، اپنے آپ سے موازنہ کرنا اور اپنے آپ سے مقابلہ کرنا، کسی دوسرے شخص سے موازنہ اور مقابلہ کرنے سے بہتر ہے۔ دوسروں سے مقابلہ آپ کو بہتر نہیں بناتا، اسلئے آپ کو چاہئے کہ اپنی ترقی پر توجہ مرکوز کریں اور ہر دن کچھ نیا اور بہتر کرنے کی کوشش کیجئے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی توجہ اس بات پر رہے کہ آپ کون ہیں اور کیا بنیں گے۔ اگر آپ کل کی نسبت آج قدرے بہتر ہیں، تو آپ حقیقی فتح کی طرف گامزن ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK