عامر خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایس آر کے اور سلمان خان سے ایک فلم میں کام کرنے کے متعلق بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں بہترین اسکرپٹ ملے گی ہم ایک فلم میں اسکرین شیئر کرنے کے حوالے سے سوچیں گے۔
EPAPER
Updated: December 07, 2024, 7:19 PM IST | Mumbai
عامر خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایس آر کے اور سلمان خان سے ایک فلم میں کام کرنے کے متعلق بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ہمیں بہترین اسکرپٹ ملے گی ہم ایک فلم میں اسکرین شیئر کرنے کے حوالے سے سوچیں گے۔
حال ہی میں عامر خان ریڈ سی فلم فیسٹیول میںنظر آئے تھے جہاں ان سے یہ سوال بھی کیا گیا تھا کہ کیا یہ ممکن ہےکہ وہ شارخ خان اورسلمان خان کے ساتھ ایک ہی فلم میں نظر آئیں۔ عامر خان نے تصدیق کی ہے کہ ’’انہوں نے ایس آر کے اور سلمان خان کے ساتھ ایک ہی فلم میں اداکاری کرنے کے تعلق سے بات چیت کی ہے۔عامر خان نے کہا کہ ’’۶؍ ماہ قبل، شاہ رخ خان اور عامر خان اور میں نےاس بارے میں بات کی تھی۔ میرےذہن میں ہی یہ خیال آیا تھا۔میں نے شاہ رخ خان اور سلمان خان سے یہ کہا تھا کہ یہ بہت ہی خراب ہوگا کہ ہم تینوں نے ساتھ میں ایک بھی فلم نہیں کی ۔ مجھے لگتا ہے کہ ایس آر کے اورسلمان خان اس بات پرراضی ہوجائیں گے اور ہاں،ہم ایک ساتھ فلم میں کام کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ایسا جلد ہی ہوجائے۔ صرف ایک بہترین کہانی ملنا چاہئے۔ ہم ایک بہترین اسکرپٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ جیسے ہی ہمیں ایک بہترین اسکرپٹ مل جائے گی ہم اس پر کام کریں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اسپوٹیفائی گلوبل ٹاپ آرٹسٹ ۲۴ء: خطاب پر مسلسل دوسرے سال ٹیلر سوئفٹ کا قبضہ
یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ جب عامر خان نے ایس آر کے اور سلمان خان کے ساتھ فلم میں اداکاری کرنے کے تعلق سے بات چیت کی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے دی گریٹ انڈین کپل شو میں بھی اس بات پرروشنی ڈالی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں نے حال ہی میں شاہ رخ خان اور سلمان خان سے بات چیت کی ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ اتنے برسوں سے ہم فلم انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں۔ ہمیں ایک فلم ساتھ میں کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ مداحوں کیلئے اچھا نہیں ہوگا کہ ہم اپنے فلمی کریئر میں ایک فلم بھی ساتھ میں نہ کریں۔ کم از کم ہمیں ایک فلم کیلئے اسکرین شیئر کرنی چاہئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل حامی معروف انگریز شاعر مائیکل روزن بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے شاہ رخ خان اور سلمان خان تک یہ بات پہنچا دی ہے۔ دونوں نے بہترین کہانی ملنے پر زوردیا ہے۔ میں نے دو دن قبل سلمان خان سے اس وقت ملاقات کی تھی جب وہ میرے گھر آئے تھے اور مجھے نئی جینس تحفے میں دی تھی۔ جب بھی ’’بینگ ہیومن‘‘کا نیا کلیکشن آتا ہے تووہ مجھے تحفے میں دیتے ہیں۔ ہم جلد ہی ایک ساتھ ایک فلم میں کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ بہترین ہدایتکاری اچھی اسکرپٹ کے ساتھ ہم سے رابطہ کریں۔ ہم اس بات پر غور کریں گے۔‘‘
عامر خان نے سلمان خان کے ساتھ فلم ’’انداز اپنا اپنا‘‘ میں کام کیا تھا۔تاہم، ایس آر کے اور سلمان خان نے متعدد فلموں میں اسکرین شیئر کی ہے جن میں ’’ٹائیگر۳‘‘، ’’ہم تمہارے ہیں صنم‘‘، ’’ٹیوب لائٹ‘‘، ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘، اور ’’پٹھان‘‘ شامل ہیں۔