• Tue, 28 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھرما پروڈکشن نے نکال دیا تھا، لگا کہ کریئر ختم: ابھیشیک بنرجی

Updated: August 19, 2024, 9:08 PM IST | Mumbai

سدھارتھ کانند کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ابھیشیک بنرجی نے انکشاف کیا ہے کہ بطور کاسٹنگ اسسٹنٹ اور ڈائریکٹر انہیں ’’اگنی پتھ‘‘ فلم میں صحیح کاسٹنگ نہ کرنے کی وجہ سے کرن جوہر کے دھرما پروڈکشن سے نکال دیا گیا تھا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ وہ کرن جوہر، اگنی پتھ کے ہدایتکار کرن ملہوترہ اور دھرما پروڈکشن پر الزام عائد نہیں کررہے ہیں۔ وہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے صرف اپنی زندگی کا ایک واقعہ شیئر کررہے ہیں۔

Abhishek Banerjee, in Veda (right) and Istri II. Image: X
ابھیشیک بنرجی، ویدا (دائیں) اور استری ۲؍ میں۔ تصویر: ایکس

ابھیشیک بنرجی کا شمار فلمی صنعت کے باصلاحیت اداکاروں میں ہونے لگا ہے۔ انہوں نے کم وقت میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ ’’پاتال لوک‘‘، ’’مرزا پور‘‘، ’’استری‘‘ اور ’’بھیڑیا‘‘ جیسی فلموں میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔ اس وقت ان کی ۲؍ فلمیں سنیما گھروں میں ہیں۔ دونوں ہی ۱۵؍ اگست کو ریلیز ہوئی ہیں، پہلی فلم ’’استری ۲‘‘ ہے جس نے محض ۴؍ دنوں میں ۲۰۰؍ کروڑ کا ہندسہ پار کرلیا ہے جبکہ دوسری ’’ویدا‘‘ ہے۔ تاہم، ویدا میں ان کے کردار کیلئے انہیں خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ وہ اپنے کریئر کے ایک کامیاب دور سے گزر رہے ہیں۔ 
بیشتر افراد اس بات سے واقف نہیں ہیں کہ ابھیشیک بنرجی نے فلم انڈسٹری میں بطور اداکار اپنے کریئر کا آغاز نہیں کیا تھا۔ سدھارتھ کانند کے ساتھ اپنے حالیہ انٹرویو میں، ابھیشیک نے ۱۰؍ سال پہلے کا ایک واقعہ شیئر کیا، اس وقت وہ کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے ساتھ بطور کاسٹنگ ڈائریکٹر کام کر رہے تھے۔ فلم’’اگنی پتھ‘‘ کی تیاری کے دوران، ابھیشیک کو ان کی پسند کے اداکاروں کی وجہ سے نکال دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگنی پتھ نے ہمیں نکال دیا تھا۔ اس وقت فلم کی کاسٹنگ ہم لوگ کررہے تھے، جوگی بھائی بعد میں آئے۔ ہمیں فلم سے اس لئے نکال دیا گیا کہ ہماری کاسٹنگ انہیں پسند نہیں آئی۔ کرن صاحب کو بھی نہیں پسند آئی۔ ہم لوگ کچھ زیادہ ہی انوراگ کشیپ والے اداکار لا رہے تھے جو انہیں پسند نہیں آئے۔ تو انہوںنے کہا کہ ہماری فلم سے نکل جاؤ۔ ہمیں لگا کریئر برباد، کریئر ختم۔ اب دھرما سے نکل گئے، اب ہمیں کون کام دے گا۔ لیکن شکر ہے ہم بچ گئے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’استری ۲‘‘ نے ۴؍ دن میں ۲۰۰؍ کروڑ کا ہندسہ پار کرلیا

تاہم، انہوں نے کہا کہ ان کا یہ انٹرویو میڈیا میں غلط طریقے سے پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کاسٹنگ کیلئے دھرما پروڈکشن نے ہماری کاسٹنگ ایجنسی (کاسٹنگ بے) کی خدمات لی تھیں۔ اس وقت انمول اور میری عمر کافی کم تھی، تقریباً ۲۰؍ سے ۲۳؍ سال، ہمارے پاس کسی بڑی کمرشیل فلم کیلئے کاسٹ کا بہت کم یا کوئی تجربہ نہیں تھا، جس کی وجہ سے شاید ہم نے اس پروجیکٹ کیلئے کرن ملہوترہ کی ضروریات اور وژن کو صحیح طریقے سے سمجھ نہیں سکے۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے دھرما پروڈکشن پر کسی غلط کام کا الزام نہیں لگایا ہے۔ درحقیقت میں دھرما پروڈکشن اور کرن جوہر کا کافی احترام کرتا ہوں۔ میں نے اپنی برطرفی کے سلسلے میں کرن جوہر کا نام نہیں لیا، پھر بھی کچھ رپورٹس میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں ہی نے ہمیں برطرف کیا تھا۔ یہ فیصلہ دراصل مسٹر ملہوترہ کی ٹیم نے کیا تھا، اور میں نے اپنی غلطیوں کو قبول کیا ہے۔ میں نے یہ کہانی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے شیئر کی ہے کہ اگر آپ ناکام ہو جاتے ہیں تو مایوس نہ ہوں۔ ایک دروازہ بند ہوتا ہے تو دوسرا کھلتا ہے۔ ہم نے دھرما پروڈکشن کے ساتھ کئی پروجیکٹس کئے ہیں جن میں ’’اوکے جانو‘‘، ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر۲‘‘، ’’کلنک‘‘، ’’ کِل‘‘ اور ’’گیارہ گیارہ‘‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔ مزید برآں، دھرما پروڈکشن ہی نے ’’عجیب داستاں‘‘ میں مجھے بطور اداکار کاسٹ کیا تھا۔ دھرما نے میرے اور میری کمپنی، کاسٹنگ بے کیلئے کبھی کوئی مشکل نہیں کھڑی کی۔ یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس کی ہم قدر کرتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امتیاز علی نے شاہ رخ خان اور رنبیر کپور کے درمیان فرق واضح کیا

ابھیشیک اس سے پہلے ’’نو ون کلڈ جیسیکا‘‘ میں بطور کاسٹنگ ایجنٹ بھی کام کر چکے ہیں۔ ’’استری ۲‘‘ میں شردھا کپور اور راجکمار راؤ کے ساتھ ابھیشیک بنرجی بھی اہم کردار میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK