Updated: April 07, 2025, 8:15 PM IST
| Mumbai
مشہور ٹی وی سیریل ’’سی آئی ڈی‘‘ میں اے سی پی پردیومن کی موت کے بعد اداکار پرتھ سمتھان نئے اے سی پی کا کردارادا کریں گے۔ یاد رہے کہ وہ مشہور اداکار شیواجی ستم کی جگہ لیں گے۔ پرتھ سمتھان نے کہا کہ ’’میں سی آئی ڈی کا حصہ بننے پر فخر محسوس کر رہاہوں۔‘‘
پرتھ سماتھن جو نئے اے سی پی کا کردار ادا کریں گے۔ تصویر: آئی این این
مشہور ٹی وی سیریل ’’سی آئی ڈی‘‘ میں پارتھ سمتھان نئے اے سی پی کا کردار ادا کریں گے۔ یاد رہے کہ پارتھ سماتھن سی آئی ڈی میں مشہور اداکار شیواجی ستم کی جگہ لیں گے جو دہائیوں سے اے سی پی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’’سی آئی ڈی‘‘ کے حالیہ ایپی سوڈ میں باربوسا (تگمانشو دھولیا ) نے اے سی پی پردیومن کو قتل کردیا ہے جس کے بعد نئے اے سی پی آیوشمان کو متعارف کرایا گیا ہے۔

’’ سی آئی ڈی ‘‘ میں اے سی پی کا کردار ادا کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے: پارتھ
پارتھ سمتھان ویب سیریز اور ٹی وی سیریلوں میں اپنے مشہور کرداروں کیلئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے قبول کیا کہ سی آئی ڈی میں اے سی پی کا کردار ادا کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اتنے بڑے سیریل میں اے سی پی کی جگہ لینا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ میں اے سی پی پردیومن کی جگہ نہیں لے رہاہوں بلکہ یہ میرے لئےایک نیا کردار اور نئی کہانی ہے۔ ہم سی آئی ڈی کی لیگسی کو آگے لے کر جارہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’کنگ‘‘ میں دپیکا پڈوکون سہانا خان کی ماں کا کردار ادا کریں گی
انہوں نے ’’سی آئی ڈی‘‘ کو ایک منفرد شو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے اپنے اہل خانہ کواس کردار کے بارے میں بتایا توانہوں نے بھی یقین نہیں کیا تھا۔ پارتھ نے کہا کہ ’’پہلے پہل انہیں لگا کہ میں مذاق کر رہا ہوں لیکن جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ میں سچ کہہ رہاہوں تو انہیں مجھ پر فخرمحسوس ہوا۔ ابتدائی طور پر مجھے یہ کردار ادا کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس ہورہی تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے کبھی یہ سوچا نہیں تھا کہ میں اس طرح کے کسی شو کا حصہ بنوں گا۔ مجھے اس لیجنڈری فرینچائز کا حصہ بننے پر فخر ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پرینکا چوپڑہ کی اداکاری سے مزین ’’سیٹاڈیل ۲‘‘ ۲۰۲۶ء میں ریلیزہوگی
پارتھ سمتھان کون ہیں؟
پارتھ لگاٹھے ۱۱؍ مارچ ۱۹۹۱ء کو پیدا ہوئے تھے۔ انہیں ایم ٹی وی کے ’’کیسی یہ یاریاں‘‘ کے ذریعے شہرت حاصل ہوئی تھی جو ۲۰۱۴ء میں نشر کیا گیا تھا۔ اس شو کے ذریعے وہ نوجوان نسل میں مشہور ہوگئے تھے۔ اس شو میں نیتی ٹیلر نے بھی اداکاری کی تھی۔ پارتھ سمتھان نے ’’ساودھان انڈیا‘‘،’’پیار تو نے کیا کیا؟‘‘ اور ’’یہ ہے عاشقی‘‘کے ذریعے اداکاری کے میدان میں اپنا لوہا منوایا۔