Updated: January 23, 2025, 5:32 PM IST
| Mumbai
اکشے کمار نے پنک ویلا کے ساتھ ہونے والے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیاکہ’’انہیں بھول بھلیاں سیریز کی دوسری فلم سے نکال دیا گیا تھا اسی لئےانہوں نے فلم بھی نہیں دیکھی تھی۔‘‘ یاد رہے کہ بھول بھلیاں سیریز کی دوسری اور تیسری فلم میں اکشے کمار کا کردار کارتک آرین نے ادا کیا تھا۔
بھول بھلیاں سیریز کی دوسری فلم سے اکشے کمار کو نکال دیا گیا تھا۔ تصویر: آئی این این
اکشے کمار ۲۰۰۷ء کی فلم ’’بھول بھلیاں‘‘ میں نظر آئے تھے۔ مداحوں نے ان کی اداکاری کو کافی پسند کیا تھا۔ فلم کے دوسرے اور تیسرے حصے میں اکشے کمار نظر نہیں آئے تھے۔ فلم کے دونوں حصوں میں ان کی جگہ کارتک آرین نظر آئے تھے۔ متعدصارفین نے کارتک آرین کی اداکاری کو پسند کیا تھا جبکہ چند کا ماننا تھا کہ اس کردار میں اکشے کمار ہی فٹ بیٹھتے ہیں۔ بالآخر اکشے کمار نے یہ بتا دیا کہ وہ بھول بھلیاں سیریز کی دوسری فلم کا حصہ کیوں نہیں بنے تھے؟ انہوں نےپنک ویلاکے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو میں کہا کہ ’’میں نے بھول بھلیاں ۲؍اور بھول بھلیاں ۳؍ نہیں دیکھی کیونکہ میں اس فلم کا حصہ نہیں تھا۔ مجھے نکال دیا تھا ۔ بس اسی وجہ سے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’کالکی ۲۸۹۸؍ اے ڈی‘‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ جون ۲۰۲۵ءمیں شروع ہوسکتی ہے؟
بھول بھلیاں سیریز
یاد رہے کہ بھول بھلیاں ۱۹۹۳ءکی ملیالم فلم ’’منیچترا ہزہو‘‘ کا ری میک تھا۔ اکشے کمار نے اس فلم میں ماہر نفسیات ڈاکٹر آدتیہ شریواستو کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ودیا بالن نے ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا تھا جسے ’’ملٹیپل پرسنیلٹی ڈیسورڈر‘‘ (یہ ایک ایسی نفسیاتی بیماری ہے جس میں ایک ہی انسان کے دو یا اس سے زیادہ کردار ہوتے ہیں) ہے اور اس کا ماننا ہے کہ اس کے اندر ایک رقاصہ کی آتمہ ہے۔ یہ ایک کلاسیک فلم ہے جسے بہترین ہاررکامیڈی فلم کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ کارتک آرین بھول بھلیاں کی دوسری فلم سے سیریز کا حصہ بنے تھےجو ۲۰۲۲ءمیں ریلیزہوئی تھی۔ کارتک آرین کے علاوہ اس فلم میں کیارا ایڈوانی اور تبو نے بھی اداکاری کی تھی۔ مداحوں نے بھول بھلیاں کی دوسری اور تیسری فلم سے اکشے کمار کے کردار کا موازنہ کارتک آرین کے کردار سے کیا تھا۔کارتک آرین نے بالی ووڈ ہنگامہ سے ا س تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں ہمیشہ سے ہی اکشے کمار کا بڑا مداح رہا ہوں۔میں نے کبھی خود کو ان کی جگہ پر رکھ کر نہیں دیکھا۔میں انہیں بچپن سے دیکھ رہا ہوں اسی لئے مجھے یہ عجیب لگتا ہے کہ میرا موازنہ ان سے کیا جائے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم دونوں ایک ساتھ مل کر کامیڈی فلم میںکام کر سکتے ہیں کیونکہ ہم میں یہ طاقت ہے کہ ہم دونوں مل کر مداحوں کو کچھ اچھا دے سکیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں جنگ رُکتے ہی مغربی کنارہ پر اسرائیلی حملوں میں شدت
کارتک آرین کے ساتھ بھول بھلیاں ۳؍ میں مادھوری دکش،ودیا بالن اور ترپتی ڈمری بھی نظر آئے تھے۔فلم میں ودیا بالن کی واپسی کی خبر نے مداحوں کو پرجوش کر دیا تھا اور انہیں امید تھی کہ اکشے کمار فلم میں مہمان ادکار کے طور پر نظر آئیں گے۔ تاہم، ایسا کبھی نہیں ہوا۔اکشے کمار بھول بھلیاں ۲؍ اور ۳؍ میںنظرنہیں آئے تھے لیکن وہ جلد ہی ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ کی شوٹنگ کا انتظار کر رہا ہوں۔ مجھے نہیں معلوم، اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ہم امسال ہیرا پھیری کی شوٹنگ شروع کریں گے۔جب ہم نے ہیرا پھیری سیریز کی پہلی فلم بنائی تھی توہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ اس فلم کو اس قدر پسند کیاجائے گا۔ یہاں تک کہ جب میں نے فلم دیکھی، میں بھی یہ سمجھ نہیں سکا تھا۔ جی ہاں !یہ ایک مزاحیہ فلم تھی لیکن ہم میں سے کسی نے بھی یہ سوچا نہیں تھا کہ فلم میں بابو بھیا، راجو اور شیام کے کردار کو اس قدر پسند کیا جائے گااور وہ اتنے مشہور ہوں گے۔‘‘