• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

زندگی میں ایک اہم شخص نے میری گلوکاری پر تنقید کی تھی: انجلینا جولی

Updated: August 31, 2024, 9:58 PM IST

انجلینا جولی کی نئی فلم ’’ماریہ‘‘ میں انہوں نے یونانی اوپیرا گلوکار ماریہ کالس کا کردار ادا کیا ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ مَیں ابتداء میں گاتی تھی مگر میری زندگی میں آنے والے ایک اہم شخص نے میری گلوکاری پر شدید تنقید کی تھی جس کے بعد میرا اعتماد بکھرگیا تھا۔

Angelina Jolie in a scene from the movie "Maria". Image: Netflix X
انجلینا جولی فلم ’’ماریہ‘‘ کے ایک منظر میں۔ تصویر: نیٹ فلکس ایکس

انجلینا جولی اپنی حالیہ فلم ’’ماریہ‘‘ کیلئے خوب داد و تحسین وصول کررہی ہیں۔ یہ فلم یونانی اوپیرا گلوکارہ ماریہ کالس کی زندگی پر مبنی ہے جس میں انجلینا نے ماریہ کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم کا پریمیر وینس فلم فیسٹیول میں ہوا جس کے بعد ناظرین نے ۸؍ منٹ کھڑے ہوکر انجلینا جولی اور فلم کے پورے عملے کیلئے خوب تالیاں بجائیں۔ ہالی ووڈ رپورٹر کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میںانجلینا جولی نے فلم کے اپنے تجربے اور گلوکاری کی اپنی جدوجہد کو بیان کیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ ماضی میں ایک ساتھی نے ان کی گلوکاری پر خوب تنقید کی تھی، جس کے بعد انہیں اپنی اس صلاحیت پر شبہ ہونے لگا تھا۔ تاہم، ’’ماریہ‘‘ کے ذریعے انہوں نے اپنے اس عدم تحفظ پر قابو پا یا اور اپنا اعتماد دوبارہ بحال کرلینے کے بعد گلوکاری پر خوب توجہ دی۔

یہ بھی پڑھئے: وینس فلم فیسٹیول: انجلینا جولی کا بیمار مداح سے ملنے کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل

انہوں نہ کہا کہ ’’میری زندگی میں ایک ایسا شخص بھی گزرا ہے جس نے میری گلوکاری پر تنقید کی تھی۔ یہ عجیب بات ہے کہ اس وقت مَیں نے اس کی تنقیدوں کو قبول کرلیا۔ مَیں نے اس شخص کی رائے کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال لیا تھا۔ اس لئے ’’ماریہ‘‘ کیلئے گلوکاری شروع کرنے کیلئے مجھے سخت محنت کرنی پڑی۔ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران مَیں بہت نروس تھی۔ دن رات گلوکاری کی مشق کرتی رہتی تھی تاکہ فلم کا عملہ میری وجہ سے مایوس نہ ہوجائے۔‘‘

 انجلینا مزید کہا کہ ’’گلوکاری کے سارے عمل سے گزرتے ہوئے میں گھبرائی ہوئی تھی۔ اوپیرا گانے والے اونچی آواز میں حلق سے آواز نکالتے ہیں۔ خدا جانے مَیں نے ایک اوپیرا سنگر کی نقل کرنے کیلئے حلق سے کس قسم کی آوازیں نکالیں۔ دن رات کی ریہرسل سے میرا اعتماد بحال ہوا۔ پہلا اوپیرا گاتے وقت مَیں بہت نروس تھی۔ اس وقت ہم یونان کے ایک تھیٹر یا چرچ میں تھے۔ مَیں تنہا تھی اس لئے سوچا کہ کوئی مجھے سن نہیں سکے گا لیکن پھر آہستہ آہستہ لوگ جمع ہونے لگے۔ ہدایتکار اور گلوکاروں نے اشارہ دیا کہ مَیں بالکل صحیح گا رہی ہوں، اس لئے مَیں رُکی نہیں اور گاتی چلی گئی۔ پہلے سامعین کم تھے، اس سے میرا اعتماد بڑھا۔ اور پھر فلم میں جہاں جہاں اوپیرا کے شاٹ ہوئے مَیں نے بلاجھجک گانا شروع کردیا، اور آخر میں ہم لا سکالا (میلان کا اوپیرا ہاؤس) میں تھے۔‘‘ انجلینا نے وضاحت کی کہ لا سکالا میں پرفارم کرنا ان کی زندگی کا ایک اہم لمحہ تھا۔ خیال رہے کہ یہ فلم سال کے آخر میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK