• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

"تال" کیلئے اے آر رحمان کو نہایت کم فیس ادا کی گئی تھی: سبھاش گھئی کا انکشاف

Updated: October 03, 2024, 2:22 PM IST | Mumbai

سبھاش گھئی نے انکشاف کیا کہ رحمان کو نہایت کم فیس ادا کی گئی تھی۔ اس کے جواب میں اے آر رحمان ہنس پڑے اور کہا کہ اس بات کو اب رہنے دیجئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

۱۹۹۹ء میں ریلیز ہوئی فلم "تال" کو ۲۵ سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر فلم کی خصوصی اسکریننگ میں فلم سے جڑی شخصیات، ہدایت کار سبھاش گھئی، اداکار انیل کپور، میوزک کمپوزر اے آر رحمان، پروڈیوسرز رمیش اور کمار تورانی، گلوکار اُدِت نارائن و دیگر افراد نے شرکت کی۔ ریڈیو نشہ کے ذریعے منعقدہ ایک تقریب میں سبھاش گھئی نے فلم کی موسیقی کے متعلق گفتگو کی جسے اے آر رحمان نے تیار کیا تھا۔ اس موقع پر سبھاش گھئی نے انکشاف کیا کہ رحمان کو نہایت کم فیس ادا کی گئی تھی۔ اس کے جواب میں اے آر رحمان ہنس پڑے اور کہا کہ اس بات کو اب رہنے دیجئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’لاپتہ لیڈیز‘‘ کی آسکر میں انٹری

گھئی نے مزید کہا کہ پیسہ سب کچھ نہیں ہوتا۔ آج ہم تال کے ۲۵ سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ پیسہ اسے کبھی نہیں خرید سکتا. تقریب میں انیل کپور نے تال کے کلائمکس کی شوٹنگ کے بارے میں یاد دلایا اور انکشاف کیا کہ سبھاش گھئی اکثر آخری لمحات میں ڈائیلاگ فراہم کرتے تھے۔ انہوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کلائمیکس کی شوٹنگ سے ایک دن قبل میں نے سبھاش گھئی سے کہا کہ میں کل نہیں آؤں گا کیونکہ آپ یہ منظر مجھے نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے جواب دیا کہ ٹھیک ہے۔ لیکن میں فکر مند تھا کہ کہیں میرا سین اکشے کھنہ کو نہ دے دیا جائے۔ اس لئے میں نے شوٹنگ پر جانے کا فیصلہ کیا اور دوپہر ۱۲ بجے وہاں پہنچا۔ وہاں گھئی پُرسکون نظر آئے کیونکہ وہ مجھے اچھی طرح جانتے تھے کہ میں ضرور آؤں گا۔ ہم نے اس منظر کی شوٹنگ صرف ۲ سے ۳ گھنٹوں میں مکمل کرلی۔
یاد رہے کہ ۱۹۹۹ء میں ریلیز ہوئی فلم "تال" ایک میوزیکل ڈراما ہے جس کی ہدایت کاری سبھاش گھئی نے کی ہے۔ اس فلم میں انیل کپور، ایشوریہ رائے اور اکشے کھنہ جیسی شاندار اسٹار کاسٹ شامل ہے۔ اے آر رحمان  نے فلم کی دلکش موسیقی ترتیب دی ہے۔ فلم کی کہانی ایک نوجوان عورت اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے دو مردوں کے درمیان محبت کے مثلث کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں رقص اور موسیقی کے ذریعے ثقافتوں اور جذبات کے تصادم کو دکھایا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ تال IMAX میں ریلیز ہونے والی پہلی ہندی فلم تھی جس نے اس کی بصری کشش میں اضافہ کیا۔ اپنے یادگار گانوں اور متاثر کن کہانی کے ساتھ، یہ فلم ہندوستانی سنیما میں ایک محبوب کلاسک کا درجہ رکھتی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK