ایٹلی نے کپل شرما سے کہا کہ وہ لوگوں کو ان کی شکل سے نہیں بلکہ ان کے دلوں سے پرکھیں۔
EPAPER
Updated: December 16, 2024, 10:06 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ایٹلی نے کپل شرما سے کہا کہ وہ لوگوں کو ان کی شکل سے نہیں بلکہ ان کے دلوں سے پرکھیں۔
فلمساز ایٹلی کمار نے کپل شرما کے ذریعہ نسل پرستانہ مذاق کرنے پر انہیں خوبصورت جواب دیا ہے۔ ایٹلی، اپنی آنے والی فلم "بے بی جان" کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے مشہور کامیڈین کپل شرما کے شو `دی گریٹ انڈین کپل شو` کے حالیہ ایپی سوڈ میں شرکت کی۔ تاہم، ایپی سوڈ کے دوران، کامیڈین نے نسل پرستانہ مذاق کیا جس پر ہدایت کار کو برا محسوس ہوا۔ کپل شرما نے ایٹلی کی شکل کے بارے میں ایک مذاق کیا اور فلمساز کو یہ پسند نہیں آیا۔ ایٹلی نے شرما سے کہا کہ انہیں لوگوں کو ان کی شکل کی بنیاد پر نہیں بلکہ ان کے دلوں کی بنیاد پر پرکھنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھئے: مس یونیورس ہرناز سندھوکی ’’باغی ۴‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں شاندار انٹری
نیوز ۱۸ کی رپورٹ کے مطابق، ایپی سوڈ میں گفتگو کے دوران کپل شرما نے پوچھا کہ "جب آپ پہلی بار کسی اسٹار سے ملتے ہیں، تو کیا وہ پوچھتے ہیں کہ ایٹلی کہاں ہے؟" ایٹلی نے اس سوال سے خوش نہیں نظر آئے لیکن انہوں نے شاندار جواب دیتے ہوئے کہا کہ "میں ایک طرح سے آپ کا سوال سمجھ گیا ہوں۔ میں اس کا جواب دینے کی کوشش کروں گا۔ میں اصل میں اے آر مروگدوس صاحب کا بہت شکرگزار ہوں کیونکہ انہوں نے میری پہلی فلم کو پروڈیوس کیا۔ انہوں نے فلم کی اسکرپٹ مانگی، لیکن انہوں نے یہ نہیں دیکھا کہ میں اس کے قابل ہوں یا نہیں۔ انہیں میرا بیانیہ پسند آیا۔ دنیا کو سمجھنا چاہئے کہ ہمیں کسی کی ظاہری شکل کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔ ہمیں دلوں کی بنیاد پر پرکھنا چاہئے۔"
بعد میں ایپی سوڈ کے دوران، کپل شرما نے ارچنا پورن سنگھ کے بارے میں مذاق کرتے ہوئے کہا کہ "ان کا نام ارچنا پورن سنگھ ہے کیونکہ وہ ڈاکو موہن سنگھ کی بہت بڑی مداح ہیں۔ اس کے گروہ میں ایک آدمی تھا جس سے متاثر ہو کر ان کا نام رکھا گیا تھا۔" تاہم، ایٹلی نے کامیڈین کو روک دیا اور کہا کہ اداکارہ ان کے لئے `نجات دہندہ` کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اٹلی نے مزید کہا کہ "ان کا مذاق نہ بنائیے، وہ میرے لئے شو کی واحد نجات دہندہ ہے۔ جب بھی وہ ہنستی ہے، میں ہنسنے لگتا ہوں کیونکہ میں کچھ نہیں جانتا، میں ان کے اشارے کا انتظار کرتا ہوں۔" ارچنا نے بھی ایٹلی کی باتوں پر رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ " صحیح کہا ایٹلی، اب تم اور میں ایک ٹیم ہیں۔"
یہ بھی پڑھئے: امتیاز علی نے مجھے یقین دلایا کہ میں اداکارہ بن سکتی ہوں: شریا چودھری
دی گریٹ انڈین کپل شو کے اس ایپی سوڈ میں ایٹلی کے ساتھ فلم `بے بی جان` کی اسٹار کاسٹ ورون دھون، کیرتی سریش اور وامیکا گبی بھی شامل تھے۔ اس فلم کو مراد کھیتانی، پریا ایٹلی اور جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا ہے۔ ۲۵ دسمبر ۲۰۲۴ء کو سینما گھروں کی زینت بننے والی اس فلم میں سلمان خان بھی ایک خاص رول میں نظر آئیں گے۔