مون مون سین کے شوہر بھارت دیو کی عمر انتقال کے وقت ۸۳؍ سال تھی۔ وہ رائمہ سین اور رِیا سین کے والد تھے۔ ان کے انتقال پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بذریعہ ایکس اظہار تعزیت کیا۔
EPAPER
Updated: November 19, 2024, 5:45 PM IST | Kolkata
مون مون سین کے شوہر بھارت دیو کی عمر انتقال کے وقت ۸۳؍ سال تھی۔ وہ رائمہ سین اور رِیا سین کے والد تھے۔ ان کے انتقال پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بذریعہ ایکس اظہار تعزیت کیا۔
ہندوستانی سنیما کی معروف اداکارہ مون مون سین کے شوہر اور اداکارہ رائمہ اور رِیا سین کے والد بھارت دیو ورما کا آج (۱۹؍ نومبر ۲۰۲۴ء) کولکاتا میں ان کے مکان میں انتقال ہو گیا۔ اے این آئی کے مطابق بھارت دیو کی طبیعت کئی دنوں سے خراب تھی لیکن آج جب طبیعت زیادہ بگڑ گئی تو ایل خانہ نے ڈھکوریا علاقے کے ایک اسپتال سے ایمبولینس طلب کی۔ لیکن بدقسمتی سے، وہ ایمبولینس کے پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔ خیال رہے کہ بھارت دیو تریپورہ کے سابق شاہی خاندان سے تھے۔ ان کی ماں، ایلا دیوی، کوچ بہار کی ایک شہزادی اور جے پور کی مہارانی گائتری دیوی کی بڑی بہن تھیں۔ ان کی دادی، اندرا، وڈودرا کے مہاراجہ سرجی راؤ گائیکواڑ سوم کی اکلوتی بیٹی تھیں۔
Saddened by the demise of Bharat Dev Varma, the husband of filmstar Moon Moon Sen, and himself a great well-wisher of mine.
— Mamata Banerjee (@MamataOfficial) November 19, 2024
He was indeed very loving and affectionate to me and I shall always treasure his memories. He truly considered me as part of his family and his demise is…
۱۹۷۸ء میں بھارت دیو ورما نے بنگالی سنیما کی ممتاز شخصیت مون مون سین سے شادی کی تھی۔ مون مون، لیجنڈری بنگالی اداکارہ سچترا سین اور کولکاتا کے ایک امیر تاجر دیبا ناتھ سین کی بیٹی ہیں۔ ان کے خاندان کے تریپورہ کے شاہی خاندان سے گہرے تعلقات تھے، کیونکہ ان کے پردادا دینا ناتھ سین نے تریپورہ کے مہاراجہ کے دیوان (وزیر) کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: اللوارجن کی فلم ’’پشپا ۲‘‘ کا ٹریلر یوٹیوب پر نمبر ون پر ٹرینڈ کررہا ہے
بھارت دیو کے انتقال پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایکس پر اظہار تعزیت پیش کی کہ ’’بھارت دیو ورما کے انتقال پر غمزدہ ہوں، فلم اسٹار مون مون سین کے شوہر میرے خیر خواہ تھے۔ وہ ایک محبت کرنے والے شخص تھے۔ وہ میری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ وہ حقیقی معنوں میں مجھے اپنے خاندان کا حصہ سمجھتے تھے اور ان کا انتقال میرے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ آج صبح خبر ملنے کے بعد، میں نے ان کی بالی گنج کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی بیٹی رِیا موجود تھیں۔‘‘