بالی ووڈ کی پہلی زومبی ایکشن فلم بنانے کیلئے رتیک روشن، رنویر سنگھ اور کارتک آرین میں خاموش جنگ چل رہی ہے۔ رتیک نے وِل اسمتھ کی ’’آئی ایم لیجنڈ‘‘ (۲۰۰۷ء) کے حقوق خریدے ہیں۔
EPAPER
Updated: March 12, 2025, 3:20 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ کی پہلی زومبی ایکشن فلم بنانے کیلئے رتیک روشن، رنویر سنگھ اور کارتک آرین میں خاموش جنگ چل رہی ہے۔ رتیک نے وِل اسمتھ کی ’’آئی ایم لیجنڈ‘‘ (۲۰۰۷ء) کے حقوق خریدے ہیں۔
حال ہی میں خبریں تھیں کہ ریتک روشن نے وِل اسمتھ کی ۲۰۰۷ء کی فلم ’’آئی ایم لیجنڈ‘‘ کے ہندی ریمیک کے حقوق خریدے ہیں۔ تاہم، اب ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رتیک ہی نہیں کارتک آرین اور رنویر سنگھ جیسے ستارے بھی بالی ووڈ کی پہلی زومبی ایکشن تھریلر میں کام کرنے کیلئے آپس میں ’’خاموش جنگ‘‘ میں مصروف ہیں۔ خیال رہے کہ رتیک پہلے ہی ’’کِل‘‘ کے ڈائریکٹر نکھل ناگیش بھٹ کے ساتھ ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ’’آئی ایم لیجنڈ‘‘ کے حقوق بھی ۱۲؍ کروڑ روپے میں خریدے ہیں۔ تاہم، اس بارے میں کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے کہ فلم پر کتنا کام ہوچکا ہے کیونکہ اس سال کے آخر تک رتیک ’’کرش ۴‘‘ کی شوٹنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اگر ’’کرش ۴‘‘ کی شوٹنگ شروع ہوجاتی ہے تو ان کی زومبی ایکشن فلم کچھ سال بعد ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:ہندی فلموں کا ناظرین سے تعلق ختم ہوگیا ہے: جاوید اختر
دوسری جانب رنویر سنگھ بھی ایک زومبی ایکشن فلم اپنی پروڈکشن کمپنی میں تیار کر رہے ہیں جسے وہ اس سال کے آخر میں لانچ کریں گے۔ دوسری جانب کارتک آرین نے ٹی سیریز کے سربراہ بھوشن کمار سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ ایک زبردست زومبی ایکشن فلم تیار کریں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں ستارے ایک ہی ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ذرائع نے پیپنگ مون کو بتایا کہ ’’یہ صرف ان سپر اسٹارز کے درمیان تخلیقی جنگ نہیں ہے بلکہ ان کی انتظامی ٹیموں کے درمیان بھی جنگ ہے، ہر کوئی اپنے اسٹار کلائنٹس کیلئے دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ ممکن ہے کہ مشترکہ نمائندہ ایجنسی نے اس مسابقتی دوڑ کو ہوا دی ہو۔ ایک بار جب زومبی فلم میں کام کرنے والے ایک سپر اسٹار کے بارے میں بات سامنے آئی، تو دوسروں نے اس کی پیروی کی، جس سے یہ غیر متوقع دشمنی شروع ہوگئی۔‘‘
ذرائع نے مزید کہا کہ ’’زومبی فلمیں بنانا مشکل ہے۔ اس کیلئے مصنفین، ہدایت کاروں اور اداکاروں کی ایک زبردست ٹیم کے ساتھ ایک ایسے پروڈیوسر کی بھی ضرورت ہے جو بڑے بجٹ کی فلم بناسکے اور مالی خطرات کو برداشت کرنے کیلئے تیار ہو۔ اس دوڑ میں کون جیتے گا؟ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔ ‘‘ واضح رہے کہ ہندی سنیما میں اب تک سب سے زیادہ مقبول زومبی فلم سیف علی خان اور کنال کیم کی فلم ’’گو گوا گون‘‘ ہے۔ راج اینڈ ڈی کے کی ہدایتکاری میں بنی یہ ایک زومبی کامیڈی فلم ہے۔