انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کولڈ پلے اور دلجیت دوسانجھ (دل لومیناتی ٹور) کے کنسرٹس کے ٹکٹوں کی مبینہ غیر قانونی فروخت کے سلسلے میں دہلی، ممبئی، جے پور، چندی گڑھ اور بنگلور میں ۱۳ سے زیادہ مقامات پر تلاشی لی۔
EPAPER
Updated: October 26, 2024, 7:16 PM IST | New Delhi
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کولڈ پلے اور دلجیت دوسانجھ (دل لومیناتی ٹور) کے کنسرٹس کے ٹکٹوں کی مبینہ غیر قانونی فروخت کے سلسلے میں دہلی، ممبئی، جے پور، چندی گڑھ اور بنگلور میں ۱۳ سے زیادہ مقامات پر تلاشی لی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کولڈ پلے اور دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹس کے ٹکٹوں کی مبینہ غیر قانونی فروخت کے سلسلے میں جمعہ کو دہلی، ممبئی، جے پور، چندی گڑھ اور بنگلور میں مختلف مقامات پر تلاشی لی۔
ای ڈی کے ترجمان کے مطابق، ایجنسی نے اس معاملہ میں پی ایم ایل ایکٹ ۲۰۰۲ء کے تحت تحقیقات شروع کی اور ۱۳ سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے۔ ان مقامات سے کئی موبائل فون، لیپ ٹاپ، سم کارڈ وغیرہ ضبط کئے گئے جو مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کئے گئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کارروائی کا مقصد ٹکٹوں کی غیر قانونی فروخت اور ان کے پیچھے مالیاتی نیٹ ورکس کی چھان بین کرنا تھا۔واضح رہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں متعدد مشتبہ افراد کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جو مبینہ طور پر کنسرٹ پروگرام کا استحصال کررہے ہیں۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ان افراد نے کنسرٹ ٹکٹوں کی زیادہ مانگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی ٹکٹ فروخت کئے اور ان کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کیا۔
ای ڈی کے ذریعے تلاشی اور تحقیقات میں متعدد افراد سامنے آئے ہیں جو انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی ٹکٹوں سمیت اس طرح کے ٹکٹ فراہم کرنے کیلئے مشہور ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سونم کپور فرانسیسی فیشن برانڈ ڈائر کی نئی برانڈ ایمبیسیڈر بن گئیں
دوسانجھ کے دلّومیناٹی کنسرٹ اور کولڈ پلے کے میوزک آف دی اسپیئرز ورلڈ ٹور کا حوالہ دیتے ہوئے ای ڈی ترجمان نے کہا کہ دونوں ایونٹس نے شائقین میں بے حد جوش و خروش پیدا کیا۔ ٹکٹنگ کے اہم شراکت دار BookMyShow اور Zomato Live نے اطلاع دی کہ ٹکٹ ان کے پلیٹ فارمز پر چند منٹوں میں فروخت ہو گئے۔ اس کے بعد بہت زیادہ قیمتوں پر ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ ہونے لگی۔ تیزی سے فروخت ہونے کے بعد، ٹکٹوں کی جعلی فروخت کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دیئے جانے کی متعدد شکایتیں سامنے آئیں۔