Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی ہائی کورٹ نے اے آر رحمان کو کاپی رائٹ خلاف ورزی کیس میں ۲؍ کروڑ روپے جمع کرانے کی ہدایت دی

Updated: April 26, 2025, 7:32 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ہندوستانی کلاسیکی گلوکار فیاض واصف الدین ڈاگر نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اے آر رحمان کا گانا"ویرا راجا ویرا" ان کے والد ناصر فیاض الدین ڈاگر اور چچا ظہیر الدین ڈاگر کے کمپوز کردہ گانے "شیو استوتی" سے نقل کیا گیا ہے۔

A.R. Rahman. Photo: INN
اے آر رحمان۔ تصویر: آئی این این

دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو معروف موسیقار اے آر رحمان اور پروڈکشن کمپنی مدراس ٹاکیز کو فلم "پونیئن سیلوَن ۲؍" کے گانے "ویرا راجا ویرا" سے متعلق کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں ۲؍ کروڑ روپے رجسٹری میں جمع کرانے اور ۲؍ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت دی۔ 

واضح رہے کہ ۲۰۲۳ء میں، پدم شری ایوارڈ یافتہ ہندوستانی کلاسیکی گلوکار فیاض واصف الدین ڈاگر نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ "ویرا راجا ویرا" ان کے والد ناصر فیاض الدین ڈاگر اور چچا ظہیر الدین ڈاگر کے کمپوز کردہ گانے "شیو استوتی" سے نقل کیا گیا ہے جو اجتماعی طور پر جونیئر ڈاگر برادران کے نام سے مشہور تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ویرا راجا ویرا" میں تال، دھن اور موسیقیاتی ڈھانچہ "شیو استوتی" سے مماثل ہے حالانکہ اس کے بول مختلف ہیں۔ انہوں نے اپنی عرضی میں رحمان اور مدراس ٹاکیز سمیت مدعا علیہان کے خلاف گانے کے استعمال پر مستقل پابندی، ہرجانہ اور اخلاقی حقوق کی تصدیق کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: نتن گڈکری کا گاڑی کے ہارن ہندوستانی موسیقی کے آلات کی آوازسےبدلنےکا منصوبہ

دوسری طرف، رحمان نے الزام لگایا کہ "شیو استوتی" ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دھرپد صنف میں ایک روایتی کمپوزیشن ہے اور عوامی استعمال کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ "ویرا راجا ویرا" ایک اصلی کام ہے جسے مغربی موسیقی کے اصولوں کے ساتھ ۲۲۷ الگ الگ تہوں کا استعمال کرتے ہوئے کمپوز کیا گیا ہے۔

جمعہ کو سماعت کے دوران، جسٹس پرتھبا ایم سنگھ نے کہا کہ "ویرا راجا ویرا" محض "شیو استوتی" سے متاثر یا اس کی بنیاد پر نہیں تھا بلکہ چند تبدیلیوں کے ساتھ اس سے مماثل ہے۔ اس تناظر میں، عدالت نے رحمان اور مدراس ٹاکیز کو ۲؍ کروڑ روپے جمع کرانے کا حکم دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK