• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دعا لیپا ممبئی کنسرٹ: انو ملک نے کہا کہ وہ گلوکارہ کے شکرگزار ہیں

Updated: December 03, 2024, 8:23 PM IST

شاہ رخ خان کی فلم ’’بادشاہ‘‘ کے نغمہ ’’وہ لڑکی جو‘‘ کے موسیقار نے کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ دعا لیپا نے ان کے نغمہ پر پرفارم کیا اور اسے مزید مقبول بنادیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دن اس نغمہ کے گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ اور ان کے بیٹے جے نے نغمہ کا کریڈٹ نہ دینے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

Dua Lipa. Photo: INN
دعا لیپا۔ تصویر: آئی این این

ممبئی میں دعا لیپا کی جانب سے کنسرٹ میں ’’لیویٹیٹنگx وہ لڑکی جو‘‘ کے میش اَپ گانے کے بعد ’’بادشاہ‘‘ فلم کا یہ (وہ لڑکی جو سب سے الگ ہے) نغمہ تنازع کا شکار ہوگیا ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم ’’بادشاہ‘‘ کا یہ گانا جب کنسرٹ میں بجایا گیا تو وہاں موجود شائقین حیرت زدہ رہ گئے۔سوشل میڈیا پر اس کا کلپ وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے بالی ووڈ سپر اسٹار کے ’’اسٹار پاور‘‘ کی خوب تعریف کی۔ تاہم، ابھیجیت بھٹاچاریہ کے بیٹے جے بھٹاچاریہ کو یہ تعریفیں پسند نہیں آئیں اور انہوں نے گزشتہ دن اپنے سوشل میڈیا پوسٹ پر ایک طویل نوٹ لکھ کر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا کریڈٹ ان کے والد ابھیجیت کو دیا جانا چاہئے تھا جو اس نغمہ کے گلوکار ہیں۔ پیر کو نیوز ۱۸؍ شوشا کو دیئے گئے انٹرویو میں ابھیجیت نے کہا تھا کہ اس کا کریڈٹ انو ملک کو دیا جانا چاہئے تھا جو اس کے موسیقار ہیں اور اس گانے کا شمار ان کے بہترین نغموں میں ہوتا ہے۔

عامر خان، ایمیلی بلنٹ کو ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اعزاز سے نوازا جائے گا

آج نیوز ۱۸؍ شوشا سے خصوصی بات چیت میں انو ملک نے کہا کہ وہ اس پورے منظر نامے کو مثبت طریقے سے انجوائے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’دعا لیپا ایک باصلاحیت اور مشہور گلوکارہ ہیں۔ یہ ایک اعزاز ہے۔ لیکن مجھے یہ بھی لگتا ہے، کریڈٹ اہم ہے اور لوگوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس نغمہ کے گلوکار اور موسیقار کون ہیں۔ لیکن یہ ایک اچھا احساس ہے کہ انہوں نے اس نغمہ کو عالمی شہرت دی ہے۔ مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ بطور موسیقار، پوری دنیا میں میرا احترام کیا جا رہا ہے اور میری دھنیں ایک معروف گلوکارہ کے دل و دماغ پر چھائی ہوئی ہیں!‘‘ 
کلپ کے وائرل ہونے کے بعد انہیں موصول ہونے والے پیغامات کی تعداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انو ملک کہتے ہیں کہ ’’میں نے دعا لیپا کا پرفارمنس دیکھا۔ میری بیٹی سمیت پوری دنیا نے مجھے یہ کلپ بھیجا کہ `تم ہر جگہ ہو۔ دعا لیپا آپ کے گانے پر ڈانس کر رہی ہیں۔ مجھے اسی بات کی خوشی ہے۔ ‘‘ تاہم، وہ اب بھی یہی چاہتے ہیں کہ لوگ اس پرفارمنس کو نہ صرف دعا لیپا اور شاہ رخ کے تناظر میں دیکھیں بلکہ ابھیجیت بھٹاچاریہ اور ان کا بھی نام لیں۔ 
اس دوران انو ملک نے یہ بھی کہا کہ ’’میں شکر گزار ہوں کہ میرا کمپوز کردہ گانا اتنا وائرل ہورہا ہے۔ لیکن یہ بھی کہوں گا کہ اس نغمے میں شاہ رخ خان کی موجودگی نے اسے مزید مقبول بناکر عالمی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ اس گانے کو پہلے سے زیادہ مقبول بنانے اور ہمارے عظیم ملک ہندوستان کے موسیقاروں کی بے پناہ صلاحیتوں کو پہچاننے کیلئے مَیں دعا لیپا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ میوزک ڈائریکٹر نے یہ بھی کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ دعا لیپا کو کمپنی سے گانے کے حقوق کیسے ملے۔

دعا لیپا کنسرٹ تنازع
۳۰؍ نومبر کو ممبئی میں البانوی نژاد برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے اپنے نغمہ ’’لیویٹیٹنگ‘‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’’بادشاہ‘‘ کے نغمے ’’وہ لڑکی جو سب سے الگ ہے‘‘ کے میش اَپ پر پرفارم کرکے ہندوستانی شائقین میں حیرت میں ڈال دیا۔ اس کنسرٹ کے کلپ اب بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد کہہ رہی ہیں کہ دعا لیپا بھی شاہ رخ خان کے اسٹار پاور کو سمجھتی ہیں اسی لئے انہوں نے ممبئی میں کنگ خان کے نغمے پر پرفارم کیا۔ دریں اثناء، نغمہ کے گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ اور موسیقار انوملک چاہتے ہیں کہ انہیں اس کا کریڈٹ دیا جانا چاہئے۔

 

ٹائمز آف انڈیا سے اپنی حالیہ بات چیت میں دعا لیپا نے کہا کہ جب انہوں نے ’’لیویٹیٹنگ‘‘ اور ’’وہ لڑکی جو‘‘ کا میش اَپ سنا تو حیران رہ گئی تھیں۔ دعا لیپا، بالی ووڈ کنگ خان شاہ رخ کی مداح ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں جب دعا لیپا ہندوستان کے دورے پر تھیں تو انہیں شاہ رخ خان سے ملاقات کا موقع ملا تھا جس کی تصاویر گلوکارہ اور اداکار نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کی تھیں۔ علاوہ ازیں، ممبئی میں ان کے کنسرٹ سے پہلے سوشل میڈیا صارفین مطالبہ کررہے تھے کہ وہ متذکرہ میش اَپ پر پرفارم کریں۔ تاہم، انہوں نے اس تعلق سے کوئی مثبت اشارہ نہیں دیا تھا البتہ کنسرٹ کے دوران انہوں نے اس میش اَپ کو استعمال کرکے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔ اور وہ خوشی خوشی اپنے گھروں کو لوٹے۔
کنسرٹ کے بعد وائرل ویڈیوز پر دعا لیپا نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے یہ کرنا ہی تھا۔‘‘ چونکہ وہ ہندوستان میں تھیں اور خود شاہ رخ کی مداح ہیں، لہٰذا انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھا کر اپنے اور شاہ رخ کے مداحوں کو حیران کردیا۔ 

دعا لیپا کون ہیں؟
البانوی نژاد برطانوی گلوکارہ دعا لیپا کا تعلق ایک مسلم گھرانے سے ہیں۔ ان کے والدین (والدہ: انیسہ، والد: دُکاجن لیپا) ’’کوسوو‘‘ سے ہیں۔ ۲۹؍ سالہ دعا لیپا نے موسیقی کے دو اہم اعزازات ’’برِٹ ایوارڈز‘‘ ۷؍ مرتبہ اور ’’گریمی ایوارڈز‘‘ ۳؍ مرتبہ اپنے نام کئے ہیں۔ ٹائم میگزین نے امسال کی دنیا کی ۱۰۰؍ بااثر شخصیات کی فہرست میں دعا لیپا کو شامل کیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ دعا لیپا فلسطین اور غزہ کیلئے آواز بلند کرنے کیلئے بھی جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ اکثر و بیشتر ان کے بارے میں سوشل میڈیا صارفین کے درمیان یہ موضوع بحث رہتا ہے کہ دنیا میں شاید ہی کوئی اُن (دعا لیپا) سے نفرت یا انہیں ناپسند کرتا ہو۔ دعا لیپا کا شمار ’’زیرو ہیٹرس‘‘ سلیبریٹیز میں ہوتا ہے۔

دعا لیپا کے ممبئی کنسرٹ کے بارے میں
۳۰؍ نومبر کو ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ، باندرہ، ممبئی میں ہوئے عالمی شہرت یافتہ پوپ اسٹار دعا لیپا کے کنسرٹ کا نام ’’فیڈنگ انڈیا میوزک فیسٹیول‘‘ تھا۔ یہ کنسرٹ دعا لیپا اور زومیٹو کے این جی او ’’فیڈنگ انڈیا‘‘ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا جس کا مقصد ملک بھر میں پسماندہ علاقوں میں خوراک کی منصفانہ تقسیم کو فروغ دینے کیلئے رقم جمع کرنا اور بھوک کے بحران کے متعلق بیداری پیدا کرنا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK