• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایمرجنسی: زی اسٹوڈیوز مناظر نکالنے کیلئے تیار، سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی درخواست

Updated: October 04, 2024, 5:07 PM IST | Mumbai

زی اسٹوڈیوز، کنگنا رناوت کی فلم ’’ایمرجنسی‘‘ سے سینسر بورڈ کے تجویز کردہ مناظر کو نکالنے کیلئے تیار ہوگئی ہے۔ اس ضمن میں اسٹوڈیوز نے بامبے ہائی کورٹ میں سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی درخواست دی ہے۔

Emergency poster. Photo: INN
ایمرجنسی کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این

کنگنا رناوت کی فلم ’’ایمرجنسی‘‘ کے شریک پروڈیوسر زی انٹرٹینمنٹ انٹرپرائز نے جمعہ کو بامبے ہائی کورٹ کو بتایا کہ وہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کی تجاویز کے مطابق فلم میں کٹوتیاں کرنے کیلئے تیار ہے۔ زی اسٹوڈیوز کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل شرن جگتیانی نے عدالت کو بتایا کہ فلم میں ضروری کٹوتیاں کی جائیں گی اور اسے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے سامنے پیش کیاجائے گا تاکہ وہ ریلیز کیلئے سرٹیفیکیٹ جاری کرے۔ سی بی ایف سی نمائندگی کررہے سینئر وکیل ابھینو چندرچڈ نے کہا کہ کٹوتیاں کرنے کے بعد فلم کو ایک دفعہ سینسر بورڈ کو بھیجا جائے گا، اس کی تصدیق کی جائے گی اور دو ہفتوں میں سرٹیفیکیٹ جاری کردیا جائے گا۔ بامبے ہائی کورٹ میں جسٹس بی پی کولابوالا اور فردوش پونی والا کی ڈویژن بنچ نے ان بیانات کو قبول کیا اور زی انٹرٹینمنٹ کی درخواست کو بند کردیا۔ عدالت تفصیلی حکم بعد میں جاری کریگی۔

یہ بھی پڑھئے: سوہا علی خان نے’رنگ دے بسنتی‘ جیسی فلموں کے ذریعہ خوب نام کمایا

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ اور منڈی، ہماچل پردیش سے بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت کی ہدایتکاری میں بنی فلم ایمرجنسی، جس میں انہوں نے آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار بھی ادا کیا ہے، ۶ ستمبر کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن سینسر بورڈ نے سرٹیفیکیٹ نہیں جاری کیا جس کے بعد یہ معاملہ عدالت میں پہنچ گیا۔ زی اسٹوڈیوز نے بورڈ پر الزام لگایا تھا کہ سرٹیفیکیٹ تیار ہے لیکن بورڈ اسے جاری نہیں کر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے، سینسر بورڈ نے ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ اگر ایمرجنسی میں کچھ مناظر کو کاٹ دیا جائے تو سرٹیفیکیٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔ تنازعات میں گھری اس فلم پر سکھ تنظیمیں، سکھ برادری کو غلط انداز میں پیش کرنے اور تاریخی حقائق سے چھیڑ خانی کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK