Updated: April 21, 2025, 12:07 PM IST
| Mumbai
ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار موہن لال، دنیائے فٹ بال کے عظیم سپر اسٹار میسی کے دستخط والی جرسی حاصل کر کے خوشی سے پھولے نہ سمائے۔ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کی جانب سے ملنے والے تحفے کو دکھا رہے ہیں۔
ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار موہن لال، دنیائے فٹ بال کے عظیم سپر اسٹار میسی کے دستخط والی جرسی حاصل کر کے خوشی سے پھولے نہ سمائے۔ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کی جانب سے ملنے والے تحفے کو دکھا رہے ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں اپنی دلی کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے اداکار نے لکھا کہ’’ `جب انہیں ایک دوست کے ذریعے میسی کی دستخط شدہ جرسی ملی تو ان کا دل دھڑکنا بھول گیا۔ ‘‘ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لیونل میسی ایک جرسی پر دستخط کر رہے ہیں اور موہن لال کو ان کے مشہور لقب ’’لالیٹن‘‘ (بڑے بھائی) سے پکار رہے ہیں۔ اس کے بعد موہن لال وہ جرسی دکھاتے ہیں جو انہیں ایک دوست کے ذریعے ملی۔
یہ بھی پڑھئے:’’ ٹی وی پر کسی بھی شوکی ضمانت نہیں ہے، وہاں کی صورتحال غیریقینی ہے ‘‘
انہوں نے لکھا کہ’’ `زندگی میں کچھ لمحے اتنے گہرے ہوتے ہیں کہ الفاظ کم پڑ جاتے ہیں، وہ ہمیشہ دل میں بس جاتے ہیں، آج میں نے ایسا ہی ایک لمحہ محسوس کیا، جیسے ہی میں نے یہ تحفہ احتیاط سے کھولا، میرا دل دھڑکنا بھول گیا، ایک ایسی جرسی جس پر خود لیجنڈ، لیونل میسی کے دستخط تھے اور میرا نام ان کے ہاتھ سے لکھا ہوا تھا۔ ‘‘انہوں نے مزید لکھا کہ’’وہ طویل عرصے سے میسی کو صرف ان کی فٹبال مہارت ہی نہیں بلکہ ان کی عاجزی اور وقار کی وجہ سے بھی پسند کرتے آئے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’کسی ایسے شخص کیلئے یہ لمحہ واقعی خاص تھا، جو میسی کو صرف میدان میں نہیں بلکہ ان کی انکساری اور شرافت کی بنا پر بھی پسند کرتا ہے۔ ‘‘
موہن لال کے مطابق `یہ ناقابلِ یقین لمحہ دو عزیز دوستوں، ڈاکٹر راجیف مانگوٹل اور راجیش فلِپ کی مہربانی کے بغیر ممکن نہ ہوتا، دل کی گہرائیوں سے آپ دونوں کا شکریہ اور سب سے بڑھ کر، اس ناقابل فراموش تحفے پر خدا کا شکریہ۔ ویڈیو کے نیچے ایک مداح نے تبصرہ کیا کہ اپنے اپنے میدان کے دو عظیم ترین افراد، ایک اور نے اداکار کو یاد دلایا کہ آپ خود ایک لیجنڈ ہیں۔ واضح رہے کہ موہن لال آخری بار پرتھوی راج سکوما ران کی فلم’’ایل ۲؍ ایمپوران‘‘ میں نظر آئے تھے جو ان کی۲۰۱۹ء کی سپرہٹ فلم ’لوسیفر‘ کا سیکوئل ہے۔ اس فلم میں انہوں نے قریشی ابرام عرف اسٹیفن نیدمپلی کا کردار دوبارہ ادا کیا تھا۔ اگرچہ فلم کو ۲۰۰۲ء کے گجرات فسادات کے منظرنامے کی وجہ سے تنازع کا سامنا کرنا پڑا لیکن ایل ۲؍ایمپوران نے دنیا بھر میں ۳۵۰؍ کروڑ روپےکا بزنس کیا اور اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ملیالم فلم بن گئی۔ موہن لال جلد ہی ’تدارم‘، ’کنپا‘، ’ہردیاپوروم‘، ’ورشبھ ‘اور ’رام‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں گے۔