• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دی گریٹ انڈین کپل شو: سلمان خان کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کا نوٹس

Updated: November 14, 2024, 10:03 PM IST | Mumbai

دی گریٹ اینڈین کپل شو میں مبینہ طور پر کرشنا ابھیشیک کے ذریعے رابندرناتھ ٹیگور کے مشہور گانے کو طنزیہ موڑ دے کر مزاح پیدا کرنے سے بنگالی سماج میں ناراضگی پائی جا رہی ہے، اور اس کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے، خبر ہے کہ شو سے وابستگی کی بناء پر ایک نوٹس سلمان خان کو بھی دیا گیا ہے، لیکن ان کی ٹیم نے اس کی تردید کی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

دی گریٹ اینڈین کپل شو کے گزشتہ ایپی سوڈ میں مبینہ طور پر رابندرناتھ ٹیگور کی شاعری پر مذاق کے بعد بنگالی سماج ناراض ہوگیا، جس کے سبب اس شو کو قانونی مشکلیں پیش آسکتی ہیں۔ ایپی سوڈ کی نشریات کے بعد، بونگو بھاشی مہاسبھا فاؤنڈیشن نے کپل شرما کو قانونی نوٹس جاری کیا۔ کچھ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان کو بھی شو سے وابستگی کی بناء پر نوٹس ملا ہے۔ تاہم اداکار کی ٹیم نے ایسے تمام دعووں کی تردید کی اورکہا کہ سلمان خان کامیڈی شو سے وابستہ نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:فن کی سرحد نہیں ہوتی: ریدھی ڈوگرہ نے فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے متعلق کہا

واضح رہے کہ دو پتی اسٹارز کاجول اور کریتی سینن پر مشتمل ایک ایپی سوڈ میں، کرشنا ابھیشیک جنہوں نے جیکی شراف کا روپ اختیارکیا تھا، نے ایک مزاح پیش کیا اور رابندر ناتھ ٹیگور کے مشہور گانے ایکلا چلو رے کو تبدیل کیا۔ کرشنا نے ایک طنزیہ موڑ میں لفظ ’’ایکلا‘‘ کو ’’پچلا‘‘سے بدل دیا، جس کا مطلب ہے ’’پانچ لوگوں کے ساتھ چلنا۔‘‘ انہوں نے مزید طنزیہ انداز میں کہا کہ اکیلے چلنے سے کتے پیچھے لگتے ہیں۔ اگرچہ اس بات پر سامعین نے قہقہے لگائے، لیکن بنگالی معاشرے کو یہ بات بری لگی۔
بنگالی شاعر سریجتو بندیوپادھیائے نے فیس بک پر اس مزاح کی مذمت کی۔ انہوں نے لکھا،’’طنز و مزاح کے درمیان ایک لطیف حد ہوتی ہے، اور اسے عبور کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اکثر، لوگ اس بات کو نظر انداز کرتے ہیں کہ وہ کس کے بارے میں مذاق کر رہے ہیں، وہ کیا کہہ رہے ہیں، اور وہ کس حد تک جا رہے ہیں-اور لوگوں کو ہنسانے کی جستجو میں وہ بھول جاتے ہیں کہ لکیر کہاں کھینچنی ہے۔‘‘بونگو بھاشی مہاسبھا فاؤنڈیشن نے اپنے قانونی نوٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ اس شو نے رابندر ناتھ ٹیگور کے ایکلا چلو رے کا مذاق بنا کر ثقافتی اور مذہبی حدود کو پار کر دیا ہے، جو بنگالی سماج میں قابل احترام گانا ہے۔ شو کے بنانے والوں اور کپل شرما نے ابھی تک اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سوکیش چندرشیکھر نے جیکلین فرنانڈیز کیلئے ہالی ووڈ میں اسٹوڈیو بنانے کا منصوبہ بنایا تھا

واضح رہے کہ سلمان خان کپل شرما کے شو سے اس کے ابتدائی مرحلے میں وابستہ تھے، جب یہ شو ٹیلی ویژن پر نشر کیا جاتا تھا۔ سلمان خان ٹیلی ویژن نے بنجے ایشیا کے ساتھ کے۹؍پروڈکشنز اور ٹریمبھ انٹرٹینمنٹ اینڈ میڈیا کے ساتھ مل کر سیزن دو اور تین کو سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن کے تخلیقی پروڈیوسر کے طور پر تیار کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK