پریہ درشن کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول اپنے کرداروں راجو، شام اور بابو بھیا کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: April 04, 2025, 6:03 PM IST | Mumbai
پریہ درشن کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول اپنے کرداروں راجو، شام اور بابو بھیا کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
’’ہیرا پھیری ۳‘‘ بالی ووڈ کی آنے والی متوقع فلموں میں سے ایک ہے۔ حال ہی میں خبریں عام ہوئیں کہ اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی نے ۳؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو پہلی بار فلم کی شوٹنگ کی۔ ’’ہیرا پھیری‘‘ (۲۰۰۰ء) اور ’’پھر ہیرا پھیری‘‘ (۲۰۰۶ء) کی شاندار کامیابی کے بعد ہی سے مداحوں کی جانب سے ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ کی مانگ کی جارہی ہے۔ ۳؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو تینوں اداکار ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ کے پرومو شوٹ کیلئے اکٹھا ہوئے۔ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ فلمساز پریہ درشن نے پروموشنل شوٹ کیلئے مشہور فرنچائز کے تینوں مرکزی کرداروں کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دیئے۔ اس پرومو کو فلم کے باضابطہ اعلان کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: لیجنڈری اداکار منوج کمار کا ممبئی میں ۸۷؍ برس کی عمر میں انتقال
شوٹنگ کے دوران، اداکار اپنے کرداروں، راجو، شام اور بابو بھیا کو برسوں بعد زندہ کیا۔ خیال رہے کہ اس سال کے آغاز میں پنک ولا نے اطلاع دی تھی کہ پریہ درشن ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ کی شوٹنگ دسمبر ۲۰۲۵ء سے مئی ۲۰۲۶ء تک کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جون ۲۰۲۵ء تک ’’بھوت بنگلہ‘‘ کے پوسٹ پروڈکشن کو سمیٹنے کے بعد، پریہ درشن اسکرپٹ پر کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں اور پھر ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز ہوگا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ’’پورا یونٹ اس بات سے واقف ہے کہ ’’ہیرا پھیری‘‘ کتنی بڑی فرنچائز ہے اور وہ ہنسی کا منفرد تجربہ پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے۔ فلم ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوگی۔