• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہارر کامیڈی فلموں کی دھوم؛ ’’بھوت ناتھ ۳‘‘ کی اسکرپٹ پر کام شروع

Updated: November 08, 2024, 9:00 PM IST | Mumbai

ہارر کامیڈی فلموں کی بے مثال کامیابیوں کے پیش نظر فلمساز ’’بھوت ناتھ ۳‘‘ بنانے کیلئے اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں۔ فلم کی کاسٹنگ کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن امید ہے کہ اس میں امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان مرکزی کردار میں ہوں گے۔

A scene from the movie "Bhoothnath". Photo: INN
فلم ’’بھوت ناتھ‘‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

۲۰۰۸ء میں امیتابھ بچن ہارر کامیڈی فلم ’’بھوت ناتھ‘‘ میں بھوت کے کردار میں نظر آئے تھے جس میں شاہ رخ خان مہمان اداکار کے طور پر شامل تھے۔ جوہی چاؤلہ، امان صدیقی، ستیش شاہ، راجپال یادیو اور پریانشو چٹرجی بھی اس فلم کا حصہ تھے۔ وویک شرما کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔ ۲۰۱۴ء میں اس کا سیکویل ’’بھوت ناتھ ریٹرنز‘‘ آیا جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ رنبیر کپور اور انوراگ کشیپ کے کیمیوز بھی تھے۔ اس کی ہدایتکاری کے فرائض ’’دنگل‘‘ کے ڈائریکٹر نتیش تیواری نے انجام دیئے تھے۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاب ہوئی تھی۔ 

اب ایک دہائی بعد ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’’بھوت ناتھ ۳‘‘ کی تیاریاں شروع ہیں۔ حالیہ ہارر کامیڈیز جیسے ’’مونجیا‘‘، ’’استری ۲‘‘ اور ’’بھول بھلیاں ۳‘‘ کی بے مثال کامیابی پر غور کرتے ہوئے، یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ ’’بھوت ناتھ ۳‘‘ کے میکرز بچوں کیلئے یہ فلم بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس سے منسلک ذرائع نے پنک ولا کو بتایا کہ ’’بھوت ناتھ ۳‘‘ اس وقت پروڈکشن کے مرحلے میں ہے۔ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوتا ہے تو ’’بھوت ناتھ ۳‘‘ ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوسکتی ہے۔ اس کی اسکرپٹ پر کام شروع ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سخت سیکوریٹی میں سلمان خان کی فلم ’’سکندر‘‘ کی شوٹنگ جاری

ذرائع نے مزید کہا کہ ’’فلم کی کاسٹنگ ابھی نہیں کی گئی ہے لیکن امید ہے کہ امیتابھ بچن کو شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار میں واپس لایا جائے گا۔ جبکہ فلم کے پہلے اور دوسرے حصے میں شاہ رخ مہمان اداکار کے طور پر نظر آئے تھے۔ اسکرپٹ مکمل ہونے کے بعد ہدایتکار اور اداکاروں کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ میکرز اس فلم کو بہترین طریقے سے شائقین کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’بھول بھلیاں‘‘ ہی کی طرح ’’بھوت ناتھ‘‘ کے حقوق بھی ٹی سیریز کے پاس ہیں اس لئے اس بات کے قوی امکان ہیں کہ ’’بھوت ناتھ‘‘ کا اگلا حصہ پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK