’’گینگز آف واسع پور‘‘ میں اہم کردار اداکرنے والے جے دیپ اہلاوت، منوج باجپائی اور نوازالدین صدیقی کی ساتھ میں ایک تصویر وائرل ہورہی ہے۔ مداحوں کا اندازہ ہے کہ فلم کی تیسری قسط بنائی جارہی ہے۔
EPAPER
Updated: March 25, 2025, 7:51 PM IST | Mumbai
’’گینگز آف واسع پور‘‘ میں اہم کردار اداکرنے والے جے دیپ اہلاوت، منوج باجپائی اور نوازالدین صدیقی کی ساتھ میں ایک تصویر وائرل ہورہی ہے۔ مداحوں کا اندازہ ہے کہ فلم کی تیسری قسط بنائی جارہی ہے۔
انوراگ کشیپ کی ’’گینگز آف واسع پور‘‘ کے ستارے جے دیپ اہلاوت، نوازالدین صدیقی اور منوج باجپائی حال ہی میں دوبارہ اکٹھا ہوئے، اور تینوں کی تصویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی! اداکاروں کی ری یونین کی حالیہ تصویر نے مداحوں کی پرانی یادیں تازہ کردیں۔ تصویر نے اس بارے میں قیاس آرائیوں کو بھی جنم دیا کہ آیا بنانے والے فرنچائز کی تیسری قسط کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔ ۲۰۱۲ء کی فلم ’’گینگز آف واسع پور‘‘ میں شاہد خان کا کردار ادا کرنے والے جے دیپ اہلاوت نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر اپنے ساتھی اداکاروں منوج باجپائی (سردار خان) اور نواز الدین صدیقی (فیضل خان) کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی۔
جے دیپ نے فلم کے مشہور ڈائیلاگز میں سے ایک کے ساتھ تصویر پوسٹ کر کے مداحوں کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا! انہوں نے لکھا، ’’باپ کا، دادا کا، سب کا‘‘ اس کے بعد دل والے تین ایموجیز، شیئر کرکے مداحوں کی پرانی یادیں تازہ کردیں۔ تصویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ آیا ’’گینگز آف واسع پور ۳‘‘ بنائی جارہی ہے۔ بیشتر صارفین نے نشاندہی کی کہ یہ کاسٹ ممبران کے درمیان ایک سادہ ملاقات ہے، ضروری نہیں کہ فلم بنائی جارہی ہو۔ اگرچہ ’’گینگز آف واسع پور‘‘ کی تیسری قسط کے بارے میں میکرز کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم اس امکان نے شائقین کو پرجوش اور متجسس کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ انوراگ کشیپ کی ہدایتکاری میں بننے والی ’’گینگز آف واسع پور‘‘ ۲۰۱۲ء میں دو حصوں میں ریلیز ہوئی تھی جس میں منوج باجپائی نے سردار خان، جے دیپ اہلاوت نے شاہد خان اور نوازالدین صدیقی نے فیضل خان کا کردار ادا کیا ہے۔ کاسٹ میں ریچا چڈا، پنکج ترپاٹھی، ہما قریشی اور تگمانشو دھولیا بھی شامل تھے۔