Inquilab Logo Happiest Places to Work

جھانوی کپور اور ایشان کھٹر کی فلم ’ہوم باؤنڈ‘ ۷۸؍ ویں کانز فلم فیسٹیول کیلئے منتخب

Updated: April 11, 2025, 9:34 PM IST | Mumbai

جھانوی کپور اور ایشان کھٹر کی فلم ’’ہوم باؤنڈ‘‘کو ۷۸؍ ویں کانزفلم فیسٹیول کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض نیرج گھیوان نے انجام دیئے ہیں جبکہ اسے کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس دھرما پروڈکشن کےذریعے پروڈیوس کیا گیا ہے۔

Janhvi Kapoor and Ishan Khatter. Photo: INN
جھانوی کپور اور اشان کھٹر۔ تصویر: آئی این این

فلمساز نیرج گھیوان کی فلم ’’ہوم باؤنڈ‘‘ ، جس میں جھانوی کپور اور ایشان کھٹر نے اداکاری کی ہے،کو ۷۸؍ ویں کانز فلم فیسٹیول کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ کانز فلم فیسٹیول میں ’’اَن سرٹن ریگارڈ‘‘ کے سیکشن میں فلم کی اسکریننگ کی جائے گی۔ یہ اعلان ہونے کے بعد جھانوی کپور اور ایشان کھٹر نے انسٹاگرام پراپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ایشان کھٹر نے اپنے انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی ہے اور فلم میں اپنے کردار کو ’’چیلنج سے بھرپور‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’ یہ فلم میرے لئے تبھی سے خاص ہے جب سے یہ میری زندگی میں داخل ہوئی تھی اور یہ کردار میرے لئے چیلنج سے بھرپور تھا۔یہ سنیما کے میرے سفر میں اب تک کا سب سے بہترین لمحہ ہے۔ یہ سب کچھ میرے بہترین دوست نیرج گھیوان کی وجہ سے ممکن ہوا ۔اس فلم کے ذریعے میں نے ۷؍ سال بعد کرن جوہر اور دھرما مووویزکے ساتھ کام کیا ہے۔‘‘

جھانوی کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام پر یہ خبر شیئر کی ہے۔ انہوں نے اپنے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’ٹیم کو یہ اعزاز تفویض کیا گیا ہے اورمجھ سے انتظار نہیں ہورہا ہے کہ مداح کب اس فلم کو بڑی اسکرین پر دیکھیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’یہ ایک ایسا لمحہ ہے جب ہندوستانی سنیما نے پوری دنیا پر قبضہ کر لیا ہے۔ ہمیں یہ اعلان کرنے پر فخر محسوس ہورہا ہے کہ ’’ہوم بونڈ‘‘ کو ۷۸؍ ویں کانز فلم فیسٹیول میں ’’اَن سرٹن ریگارڈ‘‘ کیٹیگری کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ہم بہت خوش ہیں اور اپنے سفر کو بڑی اسکرین کے ذریعے آپ تک پہنچانے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: سنی دیول اپنی غلطی ہونے پر معافی مانگنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے

’’ہوم باؤنڈ‘‘
’’ہوم باؤنڈ‘‘ کی ہدایتکاری نیرج گھیوان نے کی ہے جبکہ اس فلم میں جھانوی کپور، ایشان کھٹر کے علاوہ وشال جیٹھوا نے بھی اداکاری کی ہے۔ اس فلم کو کرن جوہر، ادر پونا والا اور سومن مشرا نے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کو مرجیکے ڈی سوزا اور میلیتا ٹوسکن دو پلانٹیر اس کے شریک پروڈیوسر ہیں۔ یاد رہے کہ ۷۸؍ واں کانز فلم فیسٹیول ۱۳؍ مئی تا ۲۴؍ مئی ۲۰۲۵ء منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK