• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جیو اسٹوڈیوز نے’’سنگھم اگین‘‘ کا موازنہ ’’اوینجرس‘‘ سے کیا

Updated: September 10, 2024, 7:18 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ایک حالیہ انٹرویو میں جیو اسٹوڈیوز کی سربراہ جیوتی دیشپانڈے نے دیوالی کے موقع پر ’’سنگھم اگین‘‘ اور ’’بھول بھلیاں ۳‘‘ کے ٹکراؤ پر بات چیت کی اور کہا کہ ہماری فلم ’’سنگھم اگین‘‘ یہاں کی اوینجرس ہے جسے دیوالی کے پیش نظر تیار کیا گیا ہے۔

"Singham Again" is specially made for Diwali. Photo: INN
’’سنگھم اگین‘‘ خاص دیوالی کیلئے بنائی گئی ہے۔ تصویر : آئی این این

 ۱۵؍ اگست کو تین بڑی فلموں کی ریلیز ’’استری ۲‘‘، ’’کھیل کھیل میں‘‘ اور ’’ویدا‘‘ کے بعد اب دیوالی پر بالی ووڈ کی ۲؍ بڑی فلمیں ٹکرانے کیلئے تیار ہیں۔ دیوالی ۲۰۲۴ء پر باکس آفس روہت شیٹی اور انیس بزمی کی فلمیں بالترتیب ’’سنگھم اگین‘‘ اور ’’بھول بھلیاں ۳‘‘ ٹکرائیں گی۔ اجے دیوگن کی مرکزی کردار والی ’’سنگھم اگین‘‘ کا پروڈیوسر جیو اسٹوڈیوز ہے۔ اس کی سربراہ جیوتی دیشپانڈے نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دیوالی پر ’’سنگھم اگین‘‘ کا ’’بھول بھلیاں ۳‘‘ کے ساتھ تصادم کیوں ہو رہا ہے حالانکہ کئی تجارتی لوگ اسے غیر منطقی قرار دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:رامائن: ۱۵؍ بالی ستاروں اور ان کے کرداروں کے متعلق انکشاف

بالی ووڈ ہنگامہ کے ساتھ ایک انٹرویو میں، جیوتی دیشپانڈے نے روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کی تعریف کی اور اس کا موازنہ مارول کی دی ایوینجرز سے کیا۔ انہو ںنے کہا کہ ’’تصادم انا یا طاقت کی وجہ سے نہیں ہورہا ہے۔ یہ کاروباری فیصلے ہیں۔ ’’سنگھم اگین‘‘ خاص دیوالی کیلئے بنائی گئی ہے۔ فلم کی ریلیز کے بعد آپ سمجھ جائیں گے کہ ہم اسے دیوالی پر کیوں ریلیز کرنا چاہتے تھے۔ عام خیال یہی ہے کہ اگر دو فلمیں آپس میں ٹکراتی ہیں، تو دونوں ہی کے کاروبار کو نقصان پہنچتا ہے لیکن ایسا نہیں ہے۔ دو فلمیں بیک وقت چل سکتی ہیں۔ اس کی تازہ مثال ’’او ایم جی ۲‘‘ اور ’’غدر۲‘‘ ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:۲۷؍ سال قبل اِس فلم میں شاہ رخ خان نے باپ اور بیٹے کا کردار ادا کیا تھا

انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہاں، کاروبار متاثر ضرور ہو گا۔ لیکن تصادم سے قبل سبھی حساب لگا لیتے ہیں۔ ہماری فلم روہت شیٹی ’’کوپ یونیورس‘‘ (پولیس یونیورس) کی اوینجرز ہے جس میں سنگھم، سمبا، سوریہ ونشی، لیڈی سنگھم اور بہت کچھ شامل ہے۔ اس فلم کو خاص طور پر دیوالی کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ ہر کوئی جیتنے کیلئے کھیلتا ہے اور ہم اسی اصول کی پیروی کررہے ہیں۔ ناظرین جانتے ہیں کہ انہیں کون سی فلم دیکھنا ہے۔ وہ دونوں فلمیں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ہم ان کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ امسال جیو اسٹوڈیوز کی کئی فلمیں سپر ہٹ رہی ہیں جن میں حالیہ ’’استری ۲‘‘، ’’ تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘‘، ’’آرٹیکل ۳۷۰‘‘، ’’لاپتہ لیڈیز‘‘ اور ’’شیطان‘‘ قابل ذکر ہیں۔ اس اسٹوڈیو سے دیوالی پر ’’سنگھم اگین‘‘ اور کرسمس پر ورون دھون کی ’’بے بی جان‘‘ ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK