Updated: August 05, 2024, 8:02 PM IST
| Zurich
سوئزر لینڈ کے لاکانو فلم فیسٹیول میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یہ فیسٹیول ۵؍ اگست تا ۱۷؍ اگست جاری رہے گا۔ ہندوستانی سنیما میں شاہ رخ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’پاردو اَلا کیریئرا‘‘ ایوارڈ تفویض کیا جائے گا۔
سوئزرلینڈ کا ’’لاکانو‘‘ فلم فیسٹیول کا آغاز بدھ کو ہوگا جس میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان، جین کیمپین، الفانسو کیورون اور آئرین جیکب کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ ۱۹۴۶ء میں قائم کیا گیا، لاکانو دنیا کے سب سے طویل عرصے تک چلنے والے سالانہ فلمی میلوں میں سے ایک ہے۔ اس میلے میں بالی ووڈ کے ۵۸؍ سالہ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو سنیما کو نئی جہت عطا کرنے اور ان کی خدمات کے اعتراف میں سنیچر کو ’’پاردو اَلا کیریئریا‘‘ سے نواز جائے گا ۔ فیسٹیول کے آرٹسٹک ڈائریکٹر جیونا اے نزارو نے کہا کہ ’’ہندوستانی سنیما میں شاہ رخ خان کا تعاون اور ان کی صلاحیتوں کی وسعت بے مثال ہے۔وہ ایک ایسے بادشاہ ہیں جن کا رابطہ ناظرین اور سامعین سے کبھی نہیں ٹوٹا۔ انہیں بالی ووڈ کے بادشاہ کا تاج فلم شائقین نے پہنایا ہے۔ وہ ایک بہادر اور دلیر فنکار ہیں جو ہر نئی فلم کو اپنے لئے چیلنج سمجھتے ہیں اور کردار پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کاجول، ابراہیم علی کے ساتھ نظر آئیں گی
خیال رہے کہ جنوبی سوئزرلینڈ کے اطالوی بولنے والے ٹیسینو علاقے میں، میگوئر جھیل کے ساحل پر منعقد فلموں کی نمائش لاکانو کے مرکزی چوک میں کی جاتی ہے۔ یہاں موجود اوپن ایئر پیزا گراندے میں بیک وقت ۸؍ ہزار افراد فلم دیکھ سکتے ہیں۔۱۷؍ اگست تک جاری رہنے والے ۷۷؍ ویں فیسٹیول میں ۲۲۵؍ فلمیں دکھائی جائیں گی جن میں ۱۰۴؍ ورلڈ پریمیئرز اور ۱۵؍ نئی فلمیں شامل ہیں۔ اس فلم فیسٹیو ل کا سب سے بڑا ایوارڈ ’’گولڈن لیپرڈ‘‘ ہے جسے روبرٹو روزیلینی، جان فورڈ، اسٹینلے کبرک، میلوس فورمین، مائیک لی اور جم جارموش جیسے ہدایتکار جیت چکے ہیں۔ اس ایوارڈ کے ساتھ ۸۷؍ ہزار ۴۰۰؍ ڈالر کی انعامی رقم بھی ہوتی ہے۔