Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیف علی خان، پریہ درشن کی فلم میں نابینا شخص کا کردار ادا کریں گے

Updated: April 21, 2025, 7:05 PM IST | Mumbai

فلمساز پریہ درشن کی اگلی فلم میںسیف علی خان ایک نابینا شخص کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ یہ بات سیف نے خود ایک انٹرویو میں بتائی ہے۔ یہ ملیالم سپر ہٹ فلم’’ اوپم ‘‘کا آفیشل ریمیک ہوگی۔

Saif Ali Khan and Priyadarshan. Picture: INN
سیف علی خان اور پریہ درشن۔ تصویر: آئی این این

سیف علی خان ایک بار پھر چیلنجنگ اور غیر معمولی کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔ سیف معروف فلمساز پریہ درشن کی اگلی تھریلر فلم میں ایک نابینا شخص کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اداکار نے خود ایک انٹرویو میں اس کردار کی تصدیق کی ہے جس سے ان کے مداحوں میں جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔پریہ درشن، جو اب تک کامک اور فیملی ڈراما فلموں کیلئے جانے جاتے تھے، اس بار تھریلر جنر میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ یہ ملیالم سپرہٹ فلم ’’اوپم‘‘ کا آفیشل ریمیک ہوگی جس میں اصل میں موہن لال ایک نابینا چوکیدار کا کردار ادا کر رہے تھے۔ موہن لال کی اداکاری کو ناقدین اور ناظرین نے بے حد سراہا  تھااور اب اسی کردار کو سیف علی خان بڑے پردے پر نبھائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:روبینہ دلائک کے شوہر ابھینو شکلا کو’’لارنس بشنوئی گینگ‘‘ کی طرف سے قتل کی دھمکی

سیف علی خان کی خاصیت یہ ہے کہ وہ اپنی اداکاری میں جدت لانے سے کبھی نہیں ڈرتے۔ اومکارا میں لنگڑا تیاگی کا ولن کردار ہو یا تانہاجی میں ادے بھان سنگھ راٹھوڑ کی خطرناک تصویر، سیف ہر بار اپنے کردار میں جان ڈالتے ہیں۔ اس فلم میں ان کا ایک نابینا شخص کا کردار ایک نیا چیلنج ہو گا جس کیلئے وہ خصوصی تیاریاں کر رہے ہیں۔فی الحال، سیف اپنی آنے والی فلم’’ جیول تھیف‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں وہ جےدیپ اہلاوت کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔ اس فلم کے کچھ ڈانس سیکونس پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف، پریہ درشن کے ساتھ ان کا نیا پروجیکٹ مکمل کنٹراسٹ ہوگا اور سسپنس اور جذباتی گہرائی سے بھرا ہوگا۔
سیف نے کہا کہ وہ اس کردار کو لے کر بہت پرجوش ہیں کیونکہ یہ ایک ایسا کردار ہے جو انہیں اداکاری کی نئی بلندیوں پر لے جا سکتا ہے۔ یہ کردار نہ صرف جسمانی طور پر چیلنجنگ ہوگا بلکہ ذہنی طور پر بھی چیلنجنگ ہوگا۔ سیف علی خان کے مداح اب ان کے نئے اوتار کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ اس حساس کردار کو کتنی سچائی اور گہرائی سے پردے پر لاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK